Inquilab Logo

تلوجہ قبرستان میں بنیادی سہولیات کا فقدان،موبائل اور کاروں کی روشنی میں تدفین

Updated: February 01, 2022, 9:03 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

زمین پہلے جے سی بی سے کھودی گئی اور بعد میں میت کی آخری رسومات ادا کی گئیں،قبروں پر استعمال کرنے کیلئے پانی ڈرم میں بھر کر گاڑی سے قبرستان لایا گیا

Due to lack of lighting in the cemetery, burial was done in the light of mobile.
قبرستان میں لائٹ کا انتظام نہ ہونے کے سبب موبائل کی روشنی میں تدفین کی گئی۔

:یہاں تلوجہ فیز ون اور فیز ٹو کے علاوہ  آس پاس میں رہنے والے مسلمانوں کوعلاقے میں ہونے والی اموات کے بعد تدفین کیلئے کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ اس کے بعد علاقےکے لوگوں کی محنت رنگ لائی اور قبرستان کیلئے زمین دے کر میت دفن کی اجازت دے دی گئی لیکن سہولت نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کوکافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ 
 تلوجہ کے فیز ون میں رہنے والے ابو سالم اعظمی نے انقلاب سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’تلوجہ کی ایک معروف شخصیت کا سنیچر کو   ا نتقال  ہوگیا تھا ۔اس کے بعد مرحوم کے بیٹوں اور قبرستان کیلئے تحریک چلانے والوں کے درمیان  ہونے والے مشورہ سے ’ تلوجہ فیز ون مسلم قبرستان‘ میں  تدفین کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔  بعد نماز مغرب جنازے کی نماز اورتدفین کا فیصلہ کیا گیا ۔ 
 انھوں نے بتایا کہ قبرستان کے گیٹ پر تالا لگا ہوتا ہے اور اس کی چابی پنویل مہانگر پالیکا کے پاس ہوتی ہے ۔ چوں کہ فی الحال قبرستان کی زمین پتھریلی ہے اور بہت سخت ہے ۔ اس وجہ سے گورکن کے ذریعہ قبرکا کھودنا محال ہے  ۔  مہانگر پالیکا کی اجازت سے جے سی بی کے ذریعہ گڑھاکھودا گیا  اور اس کے بعد نوی ممبئی کے کھار گھر قبرستان کے گورکن کے ذریعہ قبر بنائی گئی ۔ 
 اس سلسلے میں فیز ون میں واقع عائشہ مسجد کے ذمہ دار افروزشیخ نے کہا کہ پنویل مہانگر پالیکا کی جانب سے قبرستان میں تدفین کی تحریری  اجازت تو مل گئی لیکن  قبرستان میں کوئی بنیادی سہولت نہیں ہے پانی اور لائٹ کا بھی یہاں کوئی انتظام نہیں ہے ۔ قبرستان میں تدفین کیلئے پانی کا ڈرم میں رکھ کر گاڑی  کے ذریعہ  پہنچایا گیا ۔ بعد نماز مغرب سپرد خاک  کا پروگرام رکھا گیا تھا اور قبرستان میں لائٹ نہ ہونے کی وجہ سے روشنی کیلئے جنریٹر لایا گیا تھا لیکن وہ کسی وجہ بند پڑگیا ۔ اس کے بعد ۲؍ کاروں کی لائٹ کی مدد سے روشنی کا انتظام کیا گیا اور قبرمیں روشنی کیلئے لوگوں نے اپنے موبائل فون کا استعمال کیا ۔ اس طرح مرحوم کی تدفین  تلوجہ قبرستان   میںعمل میں آئی ۔
 اس ضمن میں انقلاب نے پنویل مہانگر پالیکا کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر جتندر مڈھوی سے بات چیت کی تو انھوں نے کہا کہ ایک سال کے اندر ہی فیز ون مسلم قبرستان میں تمام بنیادی سہولیات مہیا کرادی جائیں گی ۔ اس کے لئے مہا نگر پالیکا سےفنڈ منظور ہوچکا ہے اور بہت جلد ٹینڈر کے ذریعہ کام بھی شروع ہوجائے گا ۔  البتہ یہاں کے مسلمانوں کو میت دفن کرنے کی پریشانیوں کو دیکھتے ہوئے وقت سے پہلے تدفین کی اجازت دے دی گئی 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK