Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہند و پاک کے قومی ترانے گانے کیلئے اردو، بنگالی سیکھی: برطانوی گلوکارہ لارا رائٹ

Updated: August 21, 2026, 3:27 PM IST | London

برطانوی گلوکارہ لارا رائٹ نے پاکستان کا قومی ترانہ درست تلفظ اور ادائیگی کے ساتھ گانے کیلئے گزشتہ چھ ماہ سے اردو سیکھنے کا انکشاف کیا ہے۔ ہیڈنگلے میں انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے قبل قومی ترانہ پیش کرنے والی لارا رائٹ نے بتایا کہ پاکستانی اور ہندوستانی قومی ترانے ان کیلئے ایک بڑا چیلنج ہیں اور انہیں درست انداز میں پیش کرنا ان کیلئے اعزاز کی بات ہے۔

Laura Wright. Photo: X
لارا رائٹ۔ تصویر: ایکس

انگلینڈ کے خلاف ہیڈنگلے میں پہلے ٹیسٹ سے قبل پاکستان کے قومی ترانے کی ایک منفرد انداز میں پیشکش کی گئی، جب انگلش گلوکارہ لارا رائٹ نے اسے اردو میں گایا۔ قومی ترانے کی اس پیشکش پر سوشل میڈیا صارفین کی مختلف آرا سامنے آئیں، تاہم لارا رائٹ نے بتایا کہ انہوں نے پاکستانی قومی ترانے کے الفاظ اور تلفظ درست طور پر ادا کرنے کیلئے غیر معمولی محنت کی ہے۔ ایک حالیہ انٹرویو میں لارا رائٹ نے بتایا کہ وہ گزشتہ چھ ماہ سے اردو سیکھ رہی ہیں۔ انہوں نے اس سے قبل ۲۰۲۵ء میں ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے دوران ہندوستانی قومی ترانہ ’’جن گن من‘‘ بھی بنگالی زبان میں گایا تھا۔

مختلف عالمی تقریبات میں قومی ترانے گانے کے باعث شہرت حاصل کرنے والی لارا رائٹ نے بتایا کہ پاکستانی اور ہندوستانی قومی ترانوں کو درست انداز میں پیش کرنے کیلئے انہیں اردو اور بنگالی زبان سیکھنے میں خاصی محنت کرنا پڑی۔ لارا رائٹ نے ’’دی ایتھلیٹک‘‘ کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں کہا، ’’کسی بھی قومی ترانے کو گانے کیلئے منتخب کیا جانا میرے لئے اعزاز کی بات ہے اور میں اسے کبھی معمولی نہیں سمجھتی۔ ہندوستانی اور پاکستانی قومی ترانے میرے لئے حقیقی چیلنج ہیں۔ جب مجھے ان میں سے کوئی ترانہ گانے کی پیشکش ہوتی ہے تو ہاں کہنے سے پہلے میں اس بارے میں اچھی طرح سوچتی ہوں، کیونکہ مجھے یقین کرنا ہوتا ہے کہ میں اسے درست انداز میں پیش کرسکوں گی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ انہیں یہ یقین ہونا ضروری ہے کہ ترانہ سیکھنے کیلئے ان کے پاس مناسب وقت موجود ہے۔ لارا نے مزید کہا کہ وہ گزشتہ چھ ماہ سے اردو سیکھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’پاکستانی قومی ترانہ گانا محض کسی عام گیت کی پیشکش جیسا نہیں بلکہ ایک بڑی ذمہ داری ہے، اور میں اسے اپنے لئے ایک بڑا اعزاز سمجھتی ہیں۔ میری خواہش ہے کہ میں پاکستانی قومی ترانے کو درست تلفظ اور پورے احترام کے ساتھ پیش کرسکوں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: انگلینڈ: دنیا کی معمر ترین خاتون ایتھل کیٹرہم ۱۱۷؍ برس کی ہو گئیں، طویل عمر کا راز بتایا

لارا رائٹ نے ہندوستان کا قومی ترانہ پہلی مرتبہ گاتے وقت اپنی گھبراہٹ کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا، ’’ہندوستانی قومی ترانہ پہلی مرتبہ گانا شاید وہ موقع تھا جب میں اپنی زندگی میں سب سے زیادہ گھبرائی تھی۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ کلاسیکی موسیقی کی تعلیم کے دوران گلوکاروں کو عموماً اطالوی اور جرمن زبانوں کی بنیادی سمجھ دی جاتی ہے، لیکن قومی ترانے گاتے ہوئے مختلف زبانوں سے واسطہ پڑتا ہے۔ لارا رائٹ کے مطابق انہوں نے ہندوستانی قومی ترانے کے تلفظ، الفاظ کی ادائیگی اور مفہوم کو سمجھنے کیلئے طویل عرصے تک اسے سنا اور دو یا تین ایسے افراد کے ساتھ وقت گزارا جو یہ ترانہ درست انداز میں گا سکتے تھے۔ انہوں نے کہا، ’’میں نے تلفظ اور الفاظ کی ادائیگی سننے اور یہ سمجھنے کیلئے بہت وقت صرف کیا کہ ترانے کے الفاظ کا مطلب کیا ہے۔ میرے اس پیشے کا یہ وہ حصہ ہے جسے لوگ عام طور پر نہیں دیکھتے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK