• Fri, 16 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بلڈانہ: مہکر میں نامعلوم کیڑوں کے کاٹنے کی دہشت

Updated: October 16, 2026, 1:48 PM IST | Ali Imran | Buldhana

مہکر میں نامعلوم کیڑوں کے کاٹنے کی دہشت، ایک شخص کی موت کے بعد محکمہ صحت الرٹ،۱۰۰؍ سے زائد گھروں کا سروے ، دوا کا چھڑکاؤ۔

Municipal officials spraying disinfectant into a household water tank. Photo: INN
میونسپل اہلکار ایک گھر کی ٹانکی میں دواکا چھڑکاؤ کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
علی عمران
بلڈانہ : ضلع کےمہکر میں نامعلوم کیڑوں کے کاٹنے سے دہشت کا ماحول ہے۔ اس باعث ایک شخص کی مبینہ ہلاکت کے بعد محکمہ صحت مزید متحرک ہوگیا ہے۔مرکزی وزیر مملکت برائے صحت و آیوش، پرتاپراؤ جادھو نے اس سنگین واقعے کا فوری نوٹس لیا ہے۔ان کی ہدایات کے مطابق محکمۂ صحت پوری طرح متحرک ہو گیا ہے۔
دیہی اسپتال کی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سنیتا ہیوسے کی رہنمائی میں صحت کی ایک خصوصی ٹیم نے جنگی پیمانے پر کارروائی شروع کر دی ہے۔ ٹیم متاثرہ مریضوں کی مکمل طبی جانچ کر رہی ہے۔ محکمۂ صحت کی ٹیم نے متاثرہ علاقے میں تقریباً سو سے زائد گھروں کا معائنہ کیا ہے۔ اسکے ساتھ ہی علاقے میں صفائی ستھرائی اور کیڑے مار ادویات کے چھڑکاؤ کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
 محکمۂ صحت نے شہریوں سےیہ اپیل کی ہے 
شہری گھبرائیں نہیں اوراحتیاطی تدابیر اختیار کریں، جسم کو مکمل طور پر ڈھانپنے والے کپڑے پہنیں اور کسی بھی قسم کی علامات ظاہر ہونے پر گھریلو علاج پر انحصار کرنے کے بجائے فوری طور پر سرکاری اسپتال سے رجوع کریں۔ اس مہم کے تحت صحت کی ٹیم کیڑے کے کاٹنے سے متاثرہ مریضوں تک پہنچ کر ان سے متعلق تفصیلی معلومات جمع کر رہی ہے۔ اس دوران یہ معلوم کیا جا رہا ہے کہ مریض کو کیڑے نے کس مقام پر کاٹا، کیڑا کس نوعیت کا تھا، کاٹنے کے بعد مریض میں کون سی علامات ظاہر ہوئیں اور آیا اسے کسی دیگر قسم کی تکلیف کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ اس کے علاوہ مریضوں کی صحت سے متعلق شکایات کا ریکارڈ مرتب کیا جا رہا ہے تاکہ ان واقعات کی اصل وجہ کا پتہ لگایا جا سکے۔ یہ مہم مہکر دیہی اسپتال کی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سنیتا ہیوسے کی رہنمائی میں چلائی جا رہی ہےاورمحکمۂ صحت کے دیگر اہلکار بھی حصہ لے رہے ہیں۔ 
آخر موت کس وجہ سے ہوئی؟
مہکر دیہی اسپتال کی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سنیتا ہیوسے نے صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ محض کیڑے کے کاٹنے سے براہِ راست موت واقع ہونا ایک غیر معمولی بات ہے۔ تاہم، اگر مریض ذیابیطس کا شکار ہو یا اس کی قوتِ مدافعت کمزور ہو تو کاٹنے کی جگہ پرشدید انفیکشن ہونے کے باعث مریض کی حالت بگڑ سکتی ہے۔ اگرچہ ایسا ممکن ہے، لیکن متوفی کی میڈیکل رپورٹ اور تمام ضروری جانچ مکمل ہونے کے بعد ہی موت کی اصل وجہ واضح ہو سکے گی۔ لہٰذا شہریوں کو گھبرانے کے بجائے محتاط اور چوکس رہنا چاہیے۔ معلوم ہو کہ مہکر تعلقہ میں گزشتہ کئی دنوں سے نامعلوم کیڑے کے کاٹنے کے واقعات سامنے آ رہے ہیں۔ ان واقعات کے بعد متعدد افراد کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرانا پڑا ہے۔ یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ ان واقعات میں ایک شخص کی موت ہو چکی ہے۔ ان واقعات کے باعث شہر کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں میں بھی خوف و تشویش کا ماحول ہے۔ اطلاع کے مطابق اس کیڑے کے کاٹنے کے بعد ابتدا میں کوئی خاص تکلیف محسوس نہیں ہوتی، تاہم کاٹنے کی جگہ پر خارش اور سوجن ہونے لگتی ہے اور کچھ وقت گزرنے کے بعد مریض کی حالت بگڑنے لگتی ہے۔ بعض معاملات میں کاٹنے کی جگہ پر شدید سوجن آنے، زخم میں پانی جمع ہونے یا زخم سے رطوبت خارج ہونے کے باعث اس کے مزید سنگین ہونے کے واقعات بھی سامنے آنے کی اطلاعات ہیں۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK