Inquilab Logo

ہینکاک بریج پر بس سروس بحال، عوام کو بڑی راحت

Updated: November 05, 2022, 9:25 AM IST | saadat khan | Mumbai

مرمت کیلئے بند کیا گیا بریج تقریباً ۱۰؍ سال بعد دوبارہ شروع کیا گیا ہے، عوام کو ۷؍ منٹ کا سفر ۴۵؍ منٹ میں طے کرنا پڑ رہا تھا ، وہ بھی زائد پیسے صرف کرکے

Due to the closure of the bridge, people suffered for a decade (file photo).
بریج بند ہونے کے سبب عوام نے ایک دہائی تک پریشانیاں برداشت کیں( فائل فوٹو)

ممبئی کے مجگائوں علاقے میں واقع ہینکاک بریج کے تعمیراتی کام کی وجہ سے ۱۷؍جنوری ۲۰۱۳ء سے بریج کے اوپر سے گزرنےوالی کئیبیسٹ بسوںکا روٹ تبدیل کردیاگیاتھا جس  کی وجہ سے نور باغ سے مجگائوں جانے والوںکو بڑی پریشانی ہورہی تھی۔ اب  بریج کا کام مکمل ہونے کے بعد بیسٹ نےیکم نومبر(گزشتہ منگل) سے ۴۵؍ ۱۳۴؍اور ۱۳۵؍ نمبر کی بسوں کو دوبارہ یہاں سے شروع کردیاہے۔لہٰذاعوام میں خوشی کا ماحول ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق بس بندہونےسے ۵؍منٹ کا راستہ ۴۰؍منٹ میں طے کرنا پڑرہاتھا، پیسے کی بربادی ہورہی تھی، وہ الگ۔
  بیسٹ کے پی آر او ہنومنت گوپنے نے بتایاکہ ’’ہینکاک بریج کے شروع ہونے کےبعد یہا ں کے عوام کی سہولت کیلئے یکم نومبر سے۴۵؍نمبرکی بس جو کہ نور باغ سے  ہینکاک بریج ہوتے ہوئے مجگائوں اور مجگائوں سے ڈاکیارڈ روڈ اسٹیشن جاتی ہے شروع کر دی گئی ہے۔اسی طرح ۱۳۴؍ نمبرکی بس نورباغ سے مجگائوں اور ائیر کنڈیشن ۱۳۵؍نمبر بس بھی ہینکاک بریج پار کرکے مجگائوں کی طرف جاتی ہے۔ان بسوںکی سروس بھی بحال کردی گئی ہے۔‘‘ انہوںنے کہا کہ  ’’ان بسوں کے شرو ع ہونےسے یہاں کے عوام کو آمدورفت میں راحت ملی ہے۔ ورنہ نور باغ سے مجگائوں   جانےکیلئے جے جے جنکشن سے ہوکر جانا پڑتا، جس کی وجہ سے عوام کا کافی وقت ضائع ہورہاتھا۔ ‘‘ مقامی سماجی کارکن کملاکر شینوائے نے انقلاب کو بتایاکہ ’’ ہینکاک بریج کاتعمیری کام ۱۰؍سال میں مکمل ہواہے۔ اتنے طویل عرصہ تک اس راستے سےگزرنےوالی بسوںکےبند ہونے سے یہاںکے لوگوں کو بڑی تکلیف  کاسامنا کرنا پڑا ہے۔ بریج کےبندہونے سے نور باغ سے مجگائوں کا ۵۔۷؍ منٹ کا راستہ جے جے جنکشن سے جانےکی وجہ سے۴۵؍منٹ میں طے کرنا پڑ رہا تھا جس سے وقت اور پیسہ دونوں ضائع ہورہاتھا۔لیکن اب بریج اوربس دونوں کے شروع ہوجانے سے عوام کو کافی راحت ملی ہے۔‘‘
 انہوںنے کہاکہ ’’ جب ہینکاک بریج مہندم   نہیں کیا  گیا تھا اس وقت نور باغ سے مجگائوں اور مجگائوں سے نور باغ جانےوالے ۵؍منٹ میں ایک سےدوسری جگہ پہنچ جاتے تھے لیکن بریج کےمنہدم ہونے سے انہیں ان مقامات پر جانےکیلئے جے جے جنکشن یا پی ڈی میلوروڈ کا استعمال کرنا پڑرہاتھا۔ ان دونوں روٹ سے سفر کرنےپر ۴۵؍منٹ صرف ہوتے تھے جبکہ  ٹیکسی کے ٹیکسی کے کرائے میں  کافی پیسہ ضائع ہورہاتھا۔ 
   مجگائوں گارڈ کے قریب رہائش پذیر سماجی کارکن اسماعیل کالسیکر نے بتایاکہ ’’ جب سے بریج شروع ہواہے ۔ ہم متواتر بیسٹ کے رابطے میں تھےکہ ہینکاک بریج سے بسیں شروع کی جائیں تاکہ لوگوں بالخصوص نور باغ اور مجگائوں کی طرف سے اسکول جانےوالے بچوںکو راحت مل سکے۔ ‘‘ انہوں نے کہا’’بس سروس بند ہونے سے لوگوںکو بڑی تکلیف ہورہی تھی۔ لیکن اب بس سروس شروع ہوگئی ہے جس سے مذکورہ دونوں مقامات سے آمدورفت کرنے والوں کیلئے آسانی ہوگئی ہے۔‘‘
 عام آدمی پارٹی (مجگائوں )کے لیڈراور سماجی کارکن عمران مُلاّ نےبتایاکہ ’’نور باغ اورمجگائوں کو جوڑنے والا ہینکاک بریج ان علاقوںکے مکینوں کے علاوہ دور درازعلاقوں سے علاج کیلئےجے جے اسپتال آنے والے مریضوںکیلئے بھی بہت اہم ہے۔‘‘  انہوں نے کہا’’ جو مریض ڈاکیارڈ روڈ اُترتےہیں وہ بڑی آسانی سے ہینکاک بریج سے جے جے اسپتال پہنچ جاتےہیں مگر بریج کےبند ہونے سے انہیں بھی بڑی تکلیف ہورہی تھی ۔ اب بریج شروع ہوگیاہے۔ اس لئے بریج سے جو بسیں پہلے چلائی جاتی تھیں عوام کی سہولت کیلئے ان کا شروع ہونابھی ضروری تھا۔‘‘ عمران ملا کا کہنا ہے کہ’’ بریج شروع ہوتےہی میں نے بیسٹ انتظامیہ سے مذکورہ بسوںکو شروع کرنےکی اپیل کی تھی۔ بریج شروع ہونےکےباوجود بسوں کے شروع نہ ہونے سے نورباغ اور مجگائوںجانے کیلئے عمررسیدہ اورچھوٹے اسکولی بچوں کو ٹیکسی کرنی پڑرہی تھی۔‘‘ عام آدمی پارٹی لیڈر کے مطابق ’’ پیٹرول اورڈیزل کی قیمتوںمیں اضافہ ہونےسےٹیکسی اور موٹر گاڑیوںمیں سفرکرنا مہنگا ہوگیاہے۔ ایسی صورت میں عام شہریوں کیلئے بس کا سفر ہی آسان متبادل ہے۔ اس لئے بسوں کاشروع ہوناضروری تھا۔ بیسٹ نے یہ ساری بس سروس شروع کرکےعوام کو راحت پہنچائی ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK