Inquilab Logo

پیغمبر محمدؐبل‘ کی منظوری اور عوام میں بیداری کیلئے ممبئی سے اجمیر کیلئے قافلہ روانہ

Updated: October 21, 2021, 8:51 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

یہ قافلہ ممبئی سے نکل کر ممبرا اور بھیونڈی ہوتے ہوئے مسلم اکثریتی علاقوںمیں مساجد ، مدارس اورخانقاہوں کے ذمہ داران سے ملاقات کرکے بل کی حمایت کی درخواست کریگا

Members of the caravan marching from Mumbai to Ajmer for the Prophet Muhammad BillPicture:Inquilab
پیغمبر محمد ؐ بل کیلئے ممبئی سے اجمیر تک پیدل مارچ کرنے والے قافلے کے اراکین تصویر انقلاب

جشن عید میلادالنبیؐ کے موقع پر ’پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ وسلم بل ‘نافذ کرنےکےعلاوہ مذکورہ بل سےمتعلق عوام میں بیداری پیدا کرنے کی غرض سے ’حضرت خواجہ غریب نواز ویلفیئر اسوسی ایشن‘ رجسٹرڈ (ممبئی ) کے ۵؍رضاکاروں کاایک قافلہ مرین لائنس میں واقع بابا بہاؤالدین شاہ درگاہ سے ۱۰۰؍ کلومیردور اجمیر شریف تک کیلئےپیدل سفرپربروز منگل صبح۷؍ بجے ممبئی سے روانہ ہوا ہے۔ اس۴۰؍روزہ سفرپر قافلہ ممبئی سے نکل کر گوونڈی ممبرا ، بھیونڈی اور مسلم اکثریتی علاقوں سے گزرے گا اور اس دوران دوسرے  شہروں اور علاقوں سے لوگ قافلے میں شامل ہوں گے ۔
 ’پیغمبر محمدؐ بل ڈرافٹ کمیٹی‘ کے سرگرم رکن عبدالباری خان نے اس سلسلے میںنمائندہ انقلاب سے بات چیت کے دوران بتایا کہ دیگر مسلم تنظیموں کی طرح اس تنظیم کی جانب سے بھی پرکاش امبیڈکر کے تیار کردہ اس بل کی مکمل تائید وحمایت حاصل کی گئی ہے۔
 انھوں نے مزید کہا کہ اس قافلے کامقصد’ پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ وسلم بل ‘ کی تحریک کامیاب بنانےکیلئے سب سےپہلے عوام میںاس تعلق سے بیداری پیداکرنا اور اس کے نفاذکیلئے ہمارے سیاسی لیڈران پر دباؤ ڈالنا ہے ۔ اس سفر کے دوران مساجد ، مدارس اور خانقاہوں کے ذمہ داران سےبل کی حمایت کی درخواست کی جائےگی۔یہ پیدل یاترا عوامی ذہن سازی اور  بیداری مہم کا ایک حصہ ہے ۔ 
 عبدالباری کاکہناہے کہ ۵؍ افراد پر مشتمل اس قافلہ میں شریک خواجہ غریب نوازؒ اسوسی ایشن کے سیکریٹری اور چمبور کے رہنے والے صوفی محمد یوسف عمر انصاری نے اپنے انٹرویوکےدوران بتایا کہ ملک میں گزشتہ تقریباً ۵؍ برسوںسے پیغمبر اسلامؐ ؐ، قرآن کریم اور صحابہ کرامؓ کی شان میں مبینہ طور پر کی جانے والی گستاخیوں پر یتی نرسمہا نند سوامی،اپاسنا آریہ اور گستاخ وسیم رضوی کے خلاف ممبئی میں ۳؍ ایف آئی آر درج کرائی گئی  ہیں مگراب تک ان کے خلاف کوئی قانونی کارروائی اور کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
  انھوں نے کہا کہ اس  سلسلے  میں مہاراشٹر کے  وزیر اعلیٰ اودھو ٹھاکرے سمیت متعدد مسلم وزرا اور سابق وزیروںکو اس سلسلے میں کئی بار خطوط دیئے جاچکے ہیں لیکن اس جانب اب تک کوئی خاص توجہ نہیںدی گئی۔ دوسری جانب ڈرگس معاملے میں گرفتار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین کے دفاع میں بیان دیا جاتاہے مگر ناموس رسالتؐ پر قانون بنانے پر سارے مسلم وزرا اور لیڈران خاموش ہیں۔   
 ’ پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ وسلم بل‘ کے نفاذکیلئے اپیل کئےجانے پر اب تک کوئی نتیجہ نہیں نکلا ہے اور ہمیں آر ٹی آئی کا جواب بھی نہیں دیا جارہا ہے ۔ اس لیے یہ قافلہ خواجہ غریب نوازؒ کے دربار میں ’تحفظ ناموس رسالت‘ پر سخت قانون کے نفاذ کیلئے عریضہ پیش کرنے جارہا ہے۔ 
  باری خان کے مطابق’اسلام پر جب بھی تکلیف اورپریشانی آئی ہے۔اسے دور کرنے کیلئے صوفیائے کرام نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔ صوفی محمد یوسف نے بتایا کہ ’’یہ قافلہ ممبرا میں حضرت فخرالدین شاہ باباؒ اور حاجی ملنگ درگاہ سے ہوکر دیوان شاہ درگاہ بھیونڈی میں حاضری دیتا ہوا آگے بڑھے گا۔‘‘
 ویڈیو میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس سفر سےواپس آنےپرپورے مہاراشٹرا کی مساجد، مدارس اور درگاہوں سے اس بل کی حمایت میں خطوط لے کرمہاراشٹر ودھان سبھا میں بھیجا جا ئے گا۔ باوجود اس کے ’ پیغمبر محمد ؐبل‘ مہاراشٹرا میں منظور نہیں کیاگیا تو اس صورت میں کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا جائے گا اور آنے والے میونسپل کارپوریشن کے الیکشن میں مہاوکاس اگھاڑی حکومت میں شامل پارٹیوں کا ’حضرت خواجہ غریب نوازؒ ویلفیئر ایسوسی ایشن‘ رجسٹرڈکی جانب سےاپیل کی جائے گی کہ مسلمان اس کا بائیکاٹ کریں ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK