البتہ آئندہ ۳؍ ماہ تک جرمانہ یا کارروائی نہ کرنے کی یقین دہانی
EPAPER
Updated: December 05, 2025, 11:30 PM IST | New Delhi
البتہ آئندہ ۳؍ ماہ تک جرمانہ یا کارروائی نہ کرنے کی یقین دہانی
عدالت سے اپیل خارج ہونے کےبعد مودی حکومت نے بھی ’’اُمید پورٹل ‘‘ پر وقف املاک کے رجسٹریشن کیلئے مہلت میں ۳؍ ماہ کی توسیع کی اپیل جمعہ کو خارج کردی البتہ اقلیتی امور کے وزیر کرن وجیجو نے کہا ہے کہ جن اداروں نے رجسٹریشن کی کوشش کی اور وقت پر مکمل نہیں کرسکےان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوگی ۔ وہ متعلقہ ریاستوں میں وقف ٹربیونل سے رجوع کرسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ مودی حکومت کے ذریعہ بنائے گئے وقف قانون کے تحت مذکورہ قانون کے نافذ ہونے کے بعد ۶؍ ماہ کے اندر اندر وقف املاک کا امید پورٹل پر رجسٹریشن لازمی ہے۔ یہ مہلت آج (۶؍ دسمبر کو) رات ۱۲؍ بجکر ۵۹؍ منٹ پر ختم ہوجائےگی۔
جمعہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رجیجو نے کہا کہ ’’وقف ترمیمی قانون کے تحت دی گئی ۶؍ماہ کی مدت ۶؍ دسمبر کو ختم ہو رہی ہے اور اسے قانون اور سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے تحت بڑھایا نہیں جا سکتا۔‘‘ البتہ متولیوں کے اندیشوں کو تسلیم کرتے ہوئے وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر آئندہ۳؍ ماہ تک کوئی جرمانہ یا سخت کارروائی نہیں کی جائے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ ’’یہ اپ لوڈنگ کی آخری تاریخ میں توسیع نہیں ہے۔ متولّی جو۶؍ دسمبر۲۰۲۵ء کی رات۱۱؍ بجکر ۵۹؍منٹ اور ۵۹؍ سیکنڈ تک رجسٹریشن مکمل نہیں کر سکتے، وہ وقف ٹریبونل سے رجوع کریں، جسے قانون کے تحت مدت میں توسیع کا اختیار ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’سپریم کورٹ نے واضح طور پر کہا ہے کہ۶؍ ماہ کی مدت کے بعد آخری تاریخ میں توسیع نہیں کی جا سکتی، مگر ٹریبونل کو ۶؍ماہ کی توسیع کا اختیار ہے۔ ہم اپنی پوری کوشش کرتے ہیں کہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت دیں، مگر کچھ معاملات قانون کے تحت بندھے ہوتے ہیں۔ چونکہ پارلیمنٹ نے وقف ترمیمی قانون منظور کیا ہے، ہم اس میں تبدیلی نہیں کر سکتے۔‘‘