Inquilab Logo

ایودھیا چھاؤنی میں تبدیل، ملک بھر میں سخت سیکوریٹی

Updated: January 22, 2024, 9:56 AM IST | Inquilab News Network | Lucknow

رام مندر کی افتتاحی تقریب سے قبل بی جےپی نے پھر اپوزیشن کو نشانہ بنایا، راہل گاندھی، اکھلیش یادو، ممتا بنرجی، اسٹالن اور کیجریوال کو’ اَدھرمی‘ قرار دیا مگر شنکر اچاریاؤں  پر خاموشی۔

Police personnel are deployed at all entrances to Ayodhya and in the city. Photo: PTI
ایودھیا میں داخلے کے تمام راستوں پر اور شہر میں چپے چپے پر پولیس اہلکار تعینات ہیں۔ تصویر :پی ٹی آئی

یودھیا میں پیر کو رام مندر کی افتتاحی تقریب کے پیش نظر پورے ملک میں  سخت سیکوریٹی انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ خود ایودھیا کو چھاؤنی میں  تبدیل کردیا گیاہے۔ بی جےپی جوافتتاحی تقریب کا سیاسی فائدہ اٹھانے کیلئے پوری طرح تیار ہے، نے اتوار کو پھر اپوزیشن کو نشانہ بنایا اور مندرکی افتتاحی تقریب میں    شرکت سے انکارکرنے والے راہل گاندھی، اکھلیش یادو، ممتا بنرجی، ایم کے اسٹالن اور کیجریوال کے بیان شیئر کرتے ہوئے انہیں  ’اَدھرمی‘قراردیا اورعوام کو انہیں  پہچان لینے کی تلقین کی مگرملک کےچاروں شنکر اچاریاؤں   کے تعلق سے زعفرانی پارٹی نے خاموشی اختیار کی جنہوں نے ’پران پرتشٹھا‘کی تقریب کا بائیکاٹ کیا ہے۔ 
 مندر کے افتتاح کے پیش نظر یوپی الرٹ
افتتاحی تقریب کے پیش نظر ایودھیا سمیت پوری ریاست کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ریاست کے ڈی جی لا اینڈ آرڈر پرشانت کمار نے بتایا کہ ’پران پرتشٹھا‘ کے پیش نظر ایودھیا سمیت تمام اضلاع کے پولیس کمشنروں اور پولیس کپتانوں کو پوری طرح سے مستعد رہنےاور گشت کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ حساس اضلاع میں اضافی فورس کو تعینات کیا گیا ہے۔ انہوں  نے میڈیا کو بتایا کہ ایودھیا اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں  پولیس کو نگرانی کے لئے مستعد رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ایودھیا کے تمام راستوں کو سیل کردیا گیا ہے، جن مقامات سے ایودھیا میں  داخلے کا راستہ دیا گیا ہے وہاں پر چوبیس گھنٹے پولیس کو مستعد رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اتر پردیش اے ٹی ایس، ایس ٹی ایف، ایل آئی یو اور دیگر دوسری خفیہ ایجنسیوں کو مستعد رہنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔ 
پروگرام کے نشریہ پر سائبر اٹیک کا خطرہ
اترپردیش کے چیف سیکریٹری درگا شنکر مشرا نے رام مندر کی افتتاحی تقریب کے دوران سائبر اٹیک کا الرٹ بھی جاری کیا ہے اور تمام محکموں کو خبردار کیا ہے کہ ’پران پرتشٹھا‘ تقریب کے لائیو ٹیلی کاسٹ کے دوران ہیکرس حملہ کر سکتے ہیں۔ ان سے ملے اِن پُٹ کے بعد یو پی اور تمام محکموں کی سرکاری ویب سائٹ اور ویب پورٹل کی سیکوریٹی کیلئے مستعد رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ سبھی محکموں کے پرنسپل سیکریٹریز اور دیگر اعلیٰ افسران کو اگلے ۳؍روز تک محکموں کی ویب سائٹ میں  کسی طرح کی تبدیلی نہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ساتھ ہی تمام مشتبہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بلاک کر نے کا حکم دیا گیاہے۔ 
اپوزیشن کا بی جےپی پر حملہ
ایودھیا میں۱۹۹۲ء میں  غیر قانونی طریقہ سے بابری مسجد کےشہید کردیئے جانے کےبعد سپریم کورٹ کے متنازع فیصلے کی بنیاد پرمسجد کی جگہ تعمیر ہونےو الے مندر کا بھر پور سیاسی فائدہ اٹھانے کیلئے بی جےپی سرگرم ہے۔ اتوار کو اس نے پھر اپوزیشن کو نشانہ بنایا۔ پارٹی نے راہل گاندھی، اکھلیش یادو، ممتا بنرجی، اسٹالن اور کیجریوال کے سابقہ بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے انہیں  ’اَدھرمی‘ قرار دیا۔ بی جےپی نے راہل گاندھی پر رام للا کے وجود پر سوال اٹھانے کا الزام لگایا جبکہ لالو اور تیجسوی پر رام کی توہین کا الزام عائد کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK