Inquilab Logo

یوپی میں۲؍ دنوں میں وزیراعظم کی۷؍ ریلیاں، مسلم ریزرویشن کا شوشہ چھوڑا، رام مندر پر ڈرایا

Updated: May 18, 2024, 12:17 AM IST | Agency | Bara Banki

عوام کے مذہبی جذبات کو ابھار کر ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کی،دعویٰ کیا کہ ’’انڈیا اتحاد اقتدار میں آگیا تو ایودھیا میں رام مندر پر بلڈوزر چلادے گا۔‘‘

Prime Minister Modi displaying the trident during a rally in Bara Banki. Photo: INN
وزیراعظم مودی بارہ بنکی میں ریلی کے دوران ترشول دکھاتے ہوئے۔ تصویر : آئی این این

 اتر پردیش جہاں سے بی جے پی کی سیٹیں کم ہونے کا اندیشہ ہے،  میں  وزیراعظم مودی نے پانچویں مرحلے کی پولنگ کیلئے  ۲؍دنوں (۱۶؍ اور ۱۷؍ مئی ) کو ۷؍ ریلیوں سے خطاب کیا اور اکثریتی فرقے کے ووٹروں  کے مذہبی جذبات کو ابھار کر انہیں بی جےپی کے حق میں  ووٹنگ کیلئے آمادہ کرنے کی کوشش کی۔ 
  جمعرات کو  پرتاپ گڑھ، لال گنج،  مچھلی شہر اور بھدوئی  میں ریلیوں سے خطاب کرنے کے بعد جمعہ کو انہوں نے  بارہ بنکی ، فتح پور اور ہمیر پور  میں  ریلیوں سے خطاب کیا۔  بارہ بنکی میں  اپنے سابقہ تقریروں کو دہراتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے  اکثریتی فرقہ کے عوام کو کانگریس سے بدظن کرتے ہوئے کہا کہ اگر کانگریس اقتدار میں آگئی  تو وہ رام مندر پر سپریم کورٹ کے فیصلے کو بدل دے گی اور رام مندر پر بلڈوزر چلوا دے گی۔
زید پور روڈ کے نزدیک ایک بہت بڑی انتخابی ریلی سے خطاب میں  وزیر اعظم نے انڈیا اتحاد کو یہ مشورہ  بھی  دیا کہ  اسے یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے ٹیوشن لینا چاہئے کہ کہاں بلڈوزر چلانا ہے اور کہاں نہیں۔واضح رہے کہ یوگی آدتیہ ناتھ کی سرکار  میں اکثر بلڈوزر کا نشانہ مسلمانوں  کے مکانات ہی بنے ہیں۔  رام مندر کے نام پر ووٹ مانگتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ’’آپ کے ایک ووٹ کی طاقت نے۵۰۰؍ سال کا انتظار ختم کیا اور رام للا کو عظیم الشان رام مندر میں ویراجمان کرایا۔ ‘‘مسلم  ریزرویشن کا بھی شوشہ چھوڑتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ ’’کانگریس نے کرناٹک میں مسلمانوں کو او بی سی ریزرویشن دے دیا ہے۔‘‘ انہوں نے ساتھ ہی یہ دعویٰ بھی کرڈالا کہ وہ کبھی بھی ہندو مسلم نہیں کرتے بلکہ انڈیا اتحاد کے گناہوں کی تاریخ  بیان کررہے ہیں۔ انہوں  نے کہاکہ ’’ہم آپ کے مقروض ہیں اور مزید محنت کرکے یہ قرض ادا کریں گے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ مودی ہیٹ ٹرک کرنے جا رہا ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK