Inquilab Logo

چمبور: کھیلنے کے دوران ۶؍منزلہ عمارت کے ٹیرس سے گرکر۱۲؍ سالہ طالب علم کی موت

Updated: January 17, 2024, 10:58 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

یہا ں مکند نگر کی ۶؍منزلہ بسم اللہ بلڈنگ میں رہائش پزیر ۱۲؍سالہ طالب علم کی کھیلنے کے دوران ٹیرس سے گر کر موت ہوگئی ۔ پولیس معاملہ کی مزیدتفتیش کررہی ہے۔

A resident is saying that there is no perimeter wall on the terrace. Inset Muhammad Ayan Hafeezullah.
ایک مکین بتارہا ہے کہ ٹیرس پرچہاردیواری نہیں ہے ۔ انسیٹ محمد ایان حفیظ اللہ۔

یہا ں  مکند نگر کی ۶؍منزلہ بسم اللہ بلڈنگ میں رہائش پزیر  ۱۲؍سالہ طالب علم کی کھیلنے کے دوران ٹیرس سے گر کر موت ہوگئی ۔ پولیس معاملہ کی مزیدتفتیش کررہی ہے۔ اس حادثہ سے اہل خانہ صدمہ سے نڈھال ہیں ۔ انجمن خیرالاسلام اُردو بوائز ہائی اسکول ،مدنپورہ  کے ہیڈماسٹر اور کلاس ٹیچر نے اہل خانہ سے ملاقات کرکے تعزیت کی اور مدد  کی پیشکش بھی کی ۔بلڈنگ کےمکینوںنے بلڈنگ کا کام اور ضروری احتیاطی  تدابیر پر عمل نہ کرنے کی شکایت کی ہے۔  
 اطلاع کے مطابق  ۱۲؍سالہ محمد ایان حفیظ اللہ سنیچر کو اپنے کچھ دوستوںکے ہمراہ ٹیرس پر آنکھوں پر آنکھ مچولی کھیل رہا تھا۔ ٹیرس  بغیر چہاردیواری والی ہے جس کی وجہ سےکھیل کے دوران ایان نیچے گرپڑا  ۔ اسے فوراً مقامی   دواخانہ لے جایا گیا جہاں   ڈاکٹر وںنے اسے سرکاری اسپتال   لے جانے کی صلاح دی۔ بعدازیں اسے جے جے اسپتال لے جایاگیا جہاں ڈاکٹروںکی پوری کوشش کے باوجود ایان کو ہوش نہیں آیا۔ ساری کوششوں کے بعد ڈاکٹرنے ایان کو مردہ قرار دیا۔ 
 انجمن خیرالاسلام کے معلم اقبال احمد کےمطابق ’’ایان جماعت کا سب سے ذہین اور ہونہار طالب علم تھا۔وہ ہم جماعت ساتھیوں کی بھی پڑھائی میں مدد کرتاتھا۔ اس کی موت افسوس ناک ہے۔‘‘
 ایان کےعزیزوں اور مذکورہ بلڈنگ کےمکینوں کےمطابق ’’مورلینڈروڈ ،مدنپورہ کے جھوپڑوں   سے جب ہمیں یہاں منتقل کیاگیاتھاتو بی ایم سی اور مقامی سیاسی لیڈران نے وعدہ کیاتھاکہ بلڈنگ کی کھلی جگہوںپر جالی لگائی جائے گی۔علاوہ ازیں دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی لیکن اس طرح کا کوئی کام نہیں کیاگیا۔ہمیں یتیم کی طرح یہاں چھوڑ دیا گیا ہے۔ یہاں سے آمدورفت کی سہولت نہ ہونے سےبھی بڑی پریشانی ہوتی ہے۔ یہاں کی سبھی بلڈنگوں کی ٹیرس کھلی ہوئی ہیں۔ بغیر چہار دیواری  اورغیر ہموار ٹیرس پر چہاردیواری نہیں بنائی گئی تو مستقبل میں اس طرح کےدیگر واقعات بھی ہوسکتےہیں۔ ‘‘
 واضح رہےکہ مکند نگرکی مہاڈا کی ان بلڈنگوں مورلینڈروڈ ، آگری پاڑہ، ناگپاڑہ، جھولا میدان اور دیگر علاقوں کی فٹ پاتھ پر رہنےوالوںکومنتقل کیاگیاہے ۔ 

chembur Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK