Inquilab Logo

ناندیڑ میں وزیراعلیٰ کی ریلی، سرکاری اسکیموں کی معلومات دی

Updated: June 26, 2023, 11:35 AM IST | ZA Khan | Nanded

ایکناتھ شندے نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئےکسانوں کے مسائل حل کرنے کیلئے مرکزی حکومت کی اسکیم کے تحت ۶؍ ہزار روپے امداد کے ساتھ مزید ۶؍ ہزار روپے دینے کا اعلان کیا۔ناندیڑ کے لوگوں کو رجھانے کیلئے لڑکیوں اور خواتین کیلئے جاری مختلف اسکیموں کے بارے میں بھی بتایا

Chief Minister Eknath Shinde along with other leaders in a rally held in Nanded.
ناندیڑ میں منعقدہ ریلی میں وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے دیگر لیڈران کے ساتھ۔

حکومت آپ کے دروازے پر (سرکار آپلیا دری)‘ عنوان کے تحت ریاستی حکومت نے ایک مہم شروع کی ہے جس کے بارے میں معلومات دینے کیلئے اتوار کو ناندیڑ میں  بڑی ریلی کا انعقاد کیا گیا ۔انہوں نے کسانوں کے مسائل حل کرنے کیلئے انہیں  مرکز کے ۶؍ ہزار روپے کے ساتھ مزید ۶؍ ہزار روپے دینے کااعلان بھی کیا۔ اس ریلی میں ریاستی  وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے ،کابینی وزیر گریش مہاجن ،ادئے ساونت ،عبدالستار ، ناندیڑ کے رکن اسمبلی بالاجی کلیان کر ،ارکن پارلیمان  پرتاب پاٹل چکلی کر ،ہنگولی کےرکن پارلیمان  ہیمنت پاٹل  اور متعدد اہم شخصیات نے شرکت کی ۔  
  ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے عوام کی فلاح وبہبود کے لئے چلائی جانے والی مختلف اسکیموں کے بارے میں معلومات دی ۔ان اسکیموں کے تحت ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے فنڈ کے بارے میں بھی اعداد وشمار پیش کئے ۔اسی طرح کئی اسکیموں کا راست فائدہ عوام تک پہنچانے کیلئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ا نہوں نے بتایا کہ کسانوں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے بے موسم بارش اورقرض کے بوجھ تلے دبے کسانوں کو راحت پہنچانے کیلئے مرکزی حکومت کی اسکیم کے تحت ۶ ؍ہزار روپئے دیئے جاتے ہیں۔ اس میں ریاستی حکومت کی جانب سے مزید ۶ ؍ہزار روپے اس طرح ۱۲؍ ہزار وپے امداد ینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔بے موسم بارش کی وجہ سے کسانوں کو ہوئے نقصان کی بھرپائی کیلئے ’فصل بیمہ یوجنا‘ شروع کی گئی جس کی رقم ریاستی حکومت ادا کررہی ہے ۔ ناندیڑ کی ترقی کیلئے جو بھی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ، وہ ریاستی حکومت کرنے کیلئے تیار ہے ۔ناندیڑ -بدر،  ناندیڑ- ایوت محل ریل لائن کی بچھانے ،سمرودھی ہائی وے کو ناندیڑ تک توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیاہے ۔خواتین کو ایس ٹی بسوں میں  ۵۰؍ فیصد کی رعایت دینے کا کام کیا گیا ۔  بزرگوں کو ایس ٹی میں سفرمفت کردیا گیا ہے۔ لڑکی کی پیدائش  پر ۵؍ہزار ،اسکول جانے لگی تو ۷؍ ہزار،  ساتویں جماعت میں جانے پر ۸؍ ہزار ، گیارہویں جماعت میں داخل ہوتے ہی مزید ۸؍ ہزار اور ۱۸؍سال کی عمر ہونے پر ۷۵؍ ہزار روپے اس طرح مجموعی طورپر ایک لاکھ روپے لڑکیوں کو دیئے جائیں گے ۔اسی طرح  خواتین کیلئے بھی کئی اسکیمیں لانے جارہے ہیں۔ مہیلا بچت گٹ کو مستحکم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ عورتوں کی جانب سے تیار کئے جانے والی مختلف اشیاءکے مارکیٹ میں فروخت کرنے کیلئے ہرممکن کوشش کی جائے گی ۔۱۱؍ماہ میں موجودہ حکومت نے اتنا کچھ کیا ہے، مزید آگے بہت کچھ کیا جائے گا ۔
 وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ریلی میں یہ بھی کہا کہ مہاراشٹرسرکار  ڈبل انجن حکومت ہے ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے جتنی بھی اسکیمیں مرکزی حکومت کے پاس لے جائی جاتی ہیں، انہیں منظوری دی جاتی ہے ۔وزیر اعظم نریند مودی نے امریکہ میں جاکر ساری دنیا میں بھارت کا نام روشن کیا ہے ۔
 ریلی میں ناندیڑ ضلع کے مختلف مقامات سے ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔ ریلی کے اختتام کے بعد ۵؍ہزار کامگاروں میں سیفٹی کٹ تقسیم کی گئی۔
 واضح رہے کہ تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کے سی آر نے اپنی پارٹی کی مہاراشٹر میں توسیع کیلئے سب سے زیادہ  ریلیاں  ناندیڑ میں کی تھیںجہاں انہوں نے مرکز میں بی جے پی کی زیرقیادت حکومت اور مہاراشٹر میں وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کی قیادت میں کسانوں اور پسماندہ افراد کو نظر انداز کرنے پر سخت تنقید کی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK