Inquilab Logo Happiest Places to Work

مشاورت کے بعد جلد ہی وزیر اعلیٰ کا فیصلہ کرلیا جائے گا: کے سی وینوگوپال

Updated: May 05, 2026, 10:42 AM IST | Agency | Thiruvananthapuram

کیرالا کے اسمبلی انتخابات میں نمایاں کامیابی کو عوام کی جانب سے بدعنوانی، غرور، اقربا پروری اور تشدد پر مبنی سیاست کو مسترد کرنے کی واضح علامت قرار دیا۔

Congress Leader KC Venugopal Calls UDF`s Victory In Kerala A `Real Kerala Story`.Photo:PTI
کانگریس لیڈرکے سی وینو گوپال نے کیرالا میں یوڈی ایف کی کامیابی کو ’حقیقی کیرالا اسٹوری‘ قرار دیا-تصویر:آئی این این
 اس بات کا اشارہ دیتے ہوئے کہ قیادت کا معاملہ جلد طے کر لیا جائے گا، آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کے جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال نے پیر کو کہا کہ کانگریس مناسب مشاورت کے بعد جلد ہی کیرالا کے وزیر اعلیٰ کے نام کا اعلان کرے گی۔ انہوں نے اسمبلی انتخابات کے نتائج کو ’حقیقی کیرالا اسٹوری‘ قرار دیا۔ کے پی سی سی ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وینوگوپال نے کہا کہ کانگریس کی قیادت والے متحدہ جمہوری محاذ (یو ڈی ایف) کی جیت عوام کی جانب سے بدعنوانی، غرور، اقربا پروری اور تشدد پر مبنی سیاست کو مسترد کرنے کی واضح علامت ہے۔ 
کانگریس جنرل سیکریٹری نے اس کامیابی کا سہرا اجتماعی قیادت اور راہل گاندھی کی جانب سے منشور میں پیش کی گئی ’اندرا گارنٹی‘ کو دیا۔ انہوں نے اس نتیجے کو بائیں بازو کے محاذ (ایل ڈی ایف) کی ایک دہائی پر محیط ’غرور پر مبنی بدانتظامی‘ کے خلاف عوامی ردعمل قرار دیا اور دعویٰ کیا کہ روایتی بائیں بازو کے حامیوں کے ایک طبقے نے بھی یو ڈی ایف کی حمایت کی۔ 
 
 
وینوگوپال نے پرینکا گاندھی، ملکارجن کھرگے، کے پی سی سی صدر سنی جوزف، اپوزیشن لیڈر وی ڈی ستیشن اور سینئر لیڈر رمیش چنی تھلا سمیت دیگر لیڈروں کی مشترکہ کوششوں کو انتخابی کامیابی کا سبب قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ منظم انتخابی مہم اور امیدواروں کے دانشمندانہ انتخاب نے اندرونی اختلافات کو کم رکھا۔ انہوں نے کہا کہ سی پی آئی (ایم) چھوڑنے والے کچھ لیڈروں کو شامل کرنے سے یو ڈی ایف کو بائیں بازو کے روایتی گڑھوں، خاص طور پر کنور کے علاقوں میں بھی وسعت ملی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعلیٰ پی وجین کو اپنے حلقے میں سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑا۔ ماضی کے سیاسی تشدد، جیسے ٹی پی چندر شیکھرن کے قتل کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ انتخابی نتیجہ ایسے رجحانات کے خلاف سماجی اور اخلاقی ردعمل کی عکاسی کرتا ہے۔ 
 
 
وینوگوپال نے الزام لگایا کہ بی جے پی اور سی پی آئی (ایم) کی جانب سے مذہبی بنیادوں پر ووٹروں کو تقسیم کرنے کی کوششوں کو عوام نے مسترد کر دیا اور کہا کہ بی جے پی کی جو بھی کامیابیاں ہوئیں وہ زیادہ تر سی پی آئی (ایم) کے نقصان پر حاصل ہوئیں۔حکمرانی کے حوالے سے انہوں نے واضح کیا کہ یو ڈی ایف انتقامی سیاست نہیں کرے گا، تاہم غلط کام کرنے والوں کو جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے پاس وزیر اعلیٰ کے انتخاب کیلئے واضح طریقہ کار موجود ہے اور جلد ہی اس کا اعلان کر دیا جائے گا۔ دیگر ریاستوں کے حوالے سے انہوں نے تمل ناڈو میں ڈی ایم کے،کانگریس اتحاد کی ناکامی پر حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ پارٹی اس کا جائزہ لے گی جبکہ اداکار سے سیاستدان بننے والے وجے کو ان کی انتخابی کامیابی پر مبارکباد بھی دی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK