Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستانی تیر انداز ورلڈ کپ میں تاریخ رقم کرنے کیلئے پُرعزم

Updated: May 05, 2026, 11:17 AM IST | Agency | Shanghai

تجربہ کار تیر اندازوں جیوتی سوریکھا وینم اور دیپیکا کماری کی قیادت میں ۱۶؍رکنی ہندوستانی ٹیم منگل سے شروع ہونے والے آرچری ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے دوسرے مرحلے میں اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔

Deepika Kumari.Photo:INN
دپیکا کماری۔ تصویر:آئی این این
تجربہ کار تیر اندازوں جیوتی سوریکھا وینم اور دیپیکا کماری کی قیادت میں ۱۶؍رکنی  ہندوستانی ٹیم منگل سے شروع ہونے والے آرچری ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے دوسرے مرحلے میں اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔ ۴؍مراحل پر مشتمل اس عالمی سرکٹ کے دوسرے مرحلے میں ۵؍سے ۱۰؍مئی تک دنیا کے ۴۴؍ممالک سے تعلق رکھنے والے ۳۰۰؍سے زائد تیر انداز حصہ لے رہے ہیں۔
اس مقابلے کا بنیادی مقصد ستمبر میں میکسیکو کے شہر سالٹیلو میں ہونے والے ورلڈ کپ فائنل کیلئے کوالیفائی کرنا ہے۔ ہندوستان نے اس مقابلے کیلئے اپنی بہترین ۱۶؍رکنی ٹیم میدان میں اتاری ہے۔ کمپاؤنڈ ویمنز میں ایشین گیمز کی چمپئن جیوتی سریکھا وینم، مدھورا دھامن گاؤ کر اور پرگتی پر مشتمل ٹیم سے گولڈ میڈل کی امیدیں وابستہ ہیں۔ یاد رہے کہ سیزن کے پہلے مرحلے (میکسیکو) میں  ہندوستان نے اسی زمرے میں واحد طلائی تمغہ جیتا تھا۔ 
 
 
کمپاؤنڈ مینز میں گزشتہ سال شنگھائی میں گولڈ میڈل جیتنے والی ٹیم ایک بار پھر ایکشن میں ہوگی۔ اس ٹیم میں اوجس دیوتالے، ابھیشیک ورما، کشال دلال اور ساحل جادھو شامل ہیں۔ ریکرو ویمنز میں ۴؍ بار کی اولمپین دیپیکا کماری اپنے ۳۸؍عالمی تمغوں کے ریکارڈ کو مزید بہتر بنانے کے لئے میدان میں اتریں گی۔ انہوں نے گزشتہ برس یہاں انفرادی کانسے کا تمغہ جیتا تھا۔
 
 
ریکرو مینز میںتجربہ کار اولمپین اتنو داس اور تروندیپ رائے مردوں کے ریکرو زمرے میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گے۔ آرچری ورلڈ کپ کے چاروں مراحل کے انفرادی چمپئن (ریکرو اور کمپاؤنڈ دونوں) کو براہِ راست ورلڈ کپ فائنل میں جگہ ملے گی جس کے باعث شنگھائی میں ہونے والا یہ مقابلہ کھلاڑیوں کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK