Inquilab Logo

چین : مہلک وائرس کے متاثرین میں تیزی سے اضافہ

Updated: January 22, 2020, 1:25 PM IST | Agency | Beijing

چار مریضوں کی موت، ۲۰۰؍ سے زائد افراد متاثر، حکام نے وائرس کے وبائی ہونے کی تصدیق کی، دیگر ممالک کے شہری بھی زد میں آئے، چین سے آنے والے مسافروں کی جانچ شروع، آج عالمی ادارہ صحت کی مرکزی ہنگامی کمیٹی کا اجلاس طلب، بین الاقوامی عوامی ایمرجنسی قرار د ینے پر غورہوگا۔

 چین میں مہلک وائرس سے بچنے کیلئے بیشتر شہری احتیاط کے طور پر ماسک کا استعمال کررہے  ہیں۔ تصویر: پی ٹی آئی
چین میں مہلک وائرس سے بچنے کیلئے بیشتر شہری احتیاط کے طور پر ماسک کا استعمال کررہے ہیں۔ تصویر: پی ٹی آئی

  بیجنگ :چین کے مختلف صوبوں میں پراسرار مہلک وائرس کے متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور اس سے متاثرہ ۴؍ مریضوں کی موت چکی ہے۔ وہیں چینی حکام نے تصدیق کی ہے کہ یہ وائرس وبائی طور پر پھیل رہاہے۔سرکاری میڈیا کی رپورٹ کے مطابق چین کے قومی صحت کمیشن کے معروف سائنسداں ’ژونگن نانشان ‘نے تصدیق کی ہےکہ یہ وائرس انسان سے انسان میں منتقل ہوتا ہے اور اب یہ دیگر بڑے شہروں میں بھی تیزی سے پھیل رہا ہے۔ واضح رہے کہ جنوری کے آغاز سے اس وائرس متاثرین میں نمونیہ اور سانس لینے میں پریشانی کے علامات سامنے آئی ہیں ۔
  چینی حکام کے مطابق اس سے متاثر افراد کے ۲۱۸؍ کیس درج کئے گئے ہیں ۔سب سے زیادہ معاملے ووہان علاقہ سے ہیں ۔بیجنگ، شنگھائی اور شینزین میں بھی لوگوں نے سانس لینے میں دقت کی شکایت کی ہے۔ ان حالا ت میں ملک بھر میں بیشتر شہریوں نے ا حتیاط کے طور پرماسک کا استعمال کرنا شروع کردیا ہے ۔’ بی بی سی‘ کے مطابق چین میں وائرس سے متاثر افراد کی تعداد سرکاری طور پر بتائی گئی تعداد سے اس سے کئی گنا زیادہ ہے۔برطانوی ماہرین نے یہ تعداد ۱۷۰۰؍ کے قریب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
 اس وائرس کا پہلا معاملہ چین کے ووہان سے علاقہ میں سامنے آیا تھا۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ ووہان کی ایک مچھلیوں کی مارکیٹ سے یہ وائرس پھیلا ہے۔ ووہان میونسپل ہیلتھ کمیشن کے مطابق ووہان میں تقریباً ۱۵؍طبی کارکنان بھی اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں ، ان میں سے کچھ افرادکی حالت تشویشناک ہے۔ طبی حکام کے مطابق وائرس کے تیزی سے دوسروں میں منتقل ہونے کے انکشاف کے بعد دیگر متاثرہ مریضوں کو دوران علاج علیحدہ علیحدہ رکھا جارہا ہے۔
 دیگر ممالک کے شہری بھی متاثر
 جنوبی کوریا میں بھی پیرکواس وائرس سے متاثر پہلے مریض کی تصدیق کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق ۳۵؍ سالہ خاتون میں اس مرض کی تشخیص ہوئی ہے جو کچھ دن قبل ہی ووہان سے لوٹی تھی ۔ تھائی لینڈ میں ۲؍ معاملے سامنے آئے ہیں اور جاپان میں بھی ایک کیس سامنے آیا ہے۔ متاثرہ افراد ووہان کے سفرسے واپس آئے تھے۔
 مختلف ممالک میں مسافروں کی جانچ شروع
  قابلِ غور ہے کہ اس مرض میں تیزی سے اضافہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب لاکھوں چینی باشندے نئے قمری سال کے موقع پرچھٹیاں منانے کیلئے مختلف ممالک کے سفر کی تیاری کرتے ہیں ۔ اس وائر س کے انکشاف کے بعد بیشتر ممالک نے اپنے شہریوں کیلئے سفری انتباہ جاری کیاہے اور چین سےآنے والے مسافروں کی جانچ بھی شروع کردی گئی ہے۔
  عالمی ادارہ صحت کا ہنگامی اجلاس طلب
  عالمی ادار ہ صحت نے بھی اس نئے وائرس کے وبائی ہونے پر اسےبین الاقوامی عوامی ایمرجنسی قرار د ینے پر غور کیلئے بدھ کو مرکزی ہنگامی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے۔عالمی ادارہ کی تحقیق میں اسے ’ کورونا وائرس ‘ بتایا گیا ہے ۔ ماہرین کے مطابق اس وائرس کی بہت سی اقسام ہیں ، اس کی۷؍ اقسام انسانوں کو متاثر کرتی ہیں ۔ان سے بخار آتا ہے اور سانس کی نالی متاثر ہوتی ہے۔ نئے وائرس کو‘ رسپائیریٹری سنڈروم ‘ (سارس) کےمشابہ پایا گیا ہے ۔

china Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK