Updated: November 22, 2026, 7:07 PM IST
| New Delhi
ان تجاویز میں بہتر طریقے سے چلائی جانے والی غیر بینکنگ مالیاتی کمپنیوں (این بی ایف سی) کے لیے ایک مستقل اور قواعد پر مبنی لیکویڈیٹی ونڈو، ترجیحی شعبوں کو دیے جانے والے قرضوں کے ڈھانچے میں تبدیلی، کم ریٹنگ والے کارپوریٹ بانڈز کے لیے سرمایہ کاروں کا دائرہ بڑھانا، قرض کی وصولی کے معاملے میں این بی ایف سی کو دیگر مالیاتی اداروں کے برابر حقوق دینا اور آفات و موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے ایک نیشنل کیٹاسٹروفی اینڈ کلائمیٹ رسک پول کی تشکیل شامل ہے۔
سی آئی آئی۔ تصویر:آئی ایس ایس
کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری (سی آئی آئی) نے بینکنگ، غیر بینکنگ مالیات، کیپٹل مارکیٹ، انشورنس اور مالیاتی ٹیکنالوجی (فن ٹیک) کے شعبوں میں ۱۵؍ ترجیحی اصلاحات کی تجویز پیش کی ہے۔ ان تجاویز میں بہتر طریقے سے چلائی جانے والی غیر بینکنگ مالیاتی کمپنیوں (این بی ایف سی) کے لیے ایک مستقل اور قواعد پر مبنی لیکویڈیٹی ونڈو، ترجیحی شعبوں کو دیے جانے والے قرضوں کے ڈھانچے میں تبدیلی، کم ریٹنگ والے کارپوریٹ بانڈز کے لیے سرمایہ کاروں کا دائرہ بڑھانا، قرض کی وصولی کے معاملے میں این بی ایف سی کو دیگر مالیاتی اداروں کے برابر حقوق دینا اور آفات و موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے ایک نیشنل کیٹاسٹروفی اینڈ کلائمیٹ رسک پول کی تشکیل شامل ہے۔
یہ بھی پڑھئے:اے ٹی پی فائنلز۲۰۲۶ء: الکاراز نے شیلٹن کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی
سی آئی آئی نے یہ تجاویز ایسے وقت میں دی ہیں جب حکومت نے وکست بھارت کے لیے بینکنگ پر ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ مرکزی بجٹ ۲۷۔۲۰۲۶ء میں اعلان کردہ اس کمیٹی کو چھ ماہ کا وقت دیا گیا ہے۔ کمیٹی کے دائرہ کار میں بینکوں، ترقیاتی مالیاتی اداروں اور این بی ایف سی کی طویل مدتی سرمائے کی ضروریات کا اندازہ لگانا، ترجیحی شعبوں کے لیے قرض کے ڈھانچے کا جائزہ لینا، مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور ڈجیٹل ٹیکنالوجی کو اپنانے کے لیے ایک روڈ میپ تیار کرنا، اور مالیاتی قواعد (پروڈینشل نارمز) پر نظرثانی کرنا شامل ہے۔ سی آئی آئی نے اس عمل میں مدد کے لیے اپنی دو تفصیلی دستاویزات پیش کی ہیں۔
سی آئی آئی نے کہا ہے کہ سال ۲۰۴۷؍ تک۵ء۲۶؍ ٹریلین (لاکھ کروڑ) ڈالر کی معیشت کے لیے تقریباً ۱۰۶؍ ٹریلین ڈالر کے مالیاتی اثاثوں کی ضرورت ہوگی۔ فی الحال یہ اعداد و شمار تقریباً سات ٹریلین ڈالر ہیں۔ بینکنگ اثاثوں کو برائے نام مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) کے مقابلے میں ۰ء۳؍ سے۵ء۳؍فیصد زیادہ تیزی سے بڑھنا ہوگا، جس سے جی ڈی پی کے مقابلے میں بینک اثاثوں کا تناسب موجودہ تقریباً ایک گنا سے بڑھ کر ۵ء۱؍ گنا تک پہنچ جائے گا۔
یہ بھی پڑھئے:اے ٹی پی فائنلز۲۰۲۶ء: الکاراز نے شیلٹن کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی
فی الحال، بیمہ اور پنشن کے اثاثے مل کر جی ڈی پی کا تقریباً ۱۰؍ فیصد ہیں اور کارپوریٹ بانڈ مارکیٹ جی ڈی پی کا تقریباً ۱۵؍فیصد ہے، جبکہ چین میں یہ اعداد و شمار ۳۶؍ فیصد اور جنوبی کوریا میں ۸۰؍ فیصد سے زیادہ ہیں۔ سی آئی آئی کے ڈائریکٹر جنرل چندرجیت بنرجی نے کہا’’مالیاتی شعبہ ایک مضبوط پوزیشن کے ساتھ اس مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔ بینکوں اور این بی ایف سی کی بیلنس شیٹ مضبوط ہیں اور گزشتہ ایک سال میں حکومت اور ریگولیٹرز نے کئی اہم اقدامات کیے ہیں۔ اب چیلنج ایک ایسا نظام بنانے کا ہے جو ۲۰۴۷ء تک ہماری معیشت کو اس کے موجودہ حجم سے کئی گنا بڑا بنانے کے لیے مالیات فراہم کر سکے۔ اس کے لیے سرمائے کے بڑے اور طویل مدتی ذرائع کی ضرورت ہے؛ ایسے شعبوں تک قرض پہنچنا چاہیے جو ترقی کو رفتار دیں گے اور ریگولیشن ایسا ہونا چاہیے جو قرض دینے کے طریقوں میں ہونے والی تبدیلیوں کے ساتھ قدم ملا کر چلے۔ ہماری تجاویز کا مقصد موجودہ اصلاحاتی کوششوں کو اگلے مرحلے تک لے جانا ہے۔‘‘