ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم نے لائیڈ ایلس مور ہاکی اسٹیڈیم میں میزبان نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرا اور آخری مقابلہ ۲۔۲؍ سے ڈرا کھیل کر تین میچوں کی ۲۰۲۶ء صد سالہ ہاکی سیریز ۰۔۱؍ سے جیت لی۔
EPAPER
Updated: November 22, 2026, 6:02 PM IST | Auckland
ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم نے لائیڈ ایلس مور ہاکی اسٹیڈیم میں میزبان نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرا اور آخری مقابلہ ۲۔۲؍ سے ڈرا کھیل کر تین میچوں کی ۲۰۲۶ء صد سالہ ہاکی سیریز ۰۔۱؍ سے جیت لی۔
ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم نے اتوار کو لائیڈ ایلس مور ہاکی اسٹیڈیم میں میزبان نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرا اور آخری مقابلہ ۲۔۲؍ سے ڈرا کھیل کر تین میچوں کی ۲۰۲۶ء صد سالہ ہاکی سیریز ۰۔۱؍ سے جیت لی۔ ہندوستان کی جانب سے کپتان سنجے رانا نے ۱۶؍ویں اور سیلوم کارتھی نے ۱۸؍ویں منٹ میں گول کیے، جبکہ نیوزی لینڈ کے لیے ڈیلن تھامس نے نویں اور بینجی کلہین نے ۵۵؍ویں منٹ میں گول داغے۔ تین میچوں کی یہ دوستانہ سیریز جمعرات کو شروع ہوئی تھی۔ ہندوستان نے پہلا مقابلہ اتم سنگھ، شردانند تیواری اور سنجے رانا کے گول کی بدولت ۲۔۳؍ سے جیتا تھا۔سنیچر کو کھیلے گئے دوسرے میچ میں انگد بیر سنگھ نے ہندوستان کو برابری دلائی تھی، جبکہ آخری لمحات میں سنجے رانا کے گول نے مقابلہ ۲۔۲؍ سے ڈرا کرایا تھا۔ تینوں میچوں میں مجموعی طور پر ۳؍گول کرنے والے سنجے رانا سیریز کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی رہے۔ وہ پیرس ۲۰۲۴ءاولمپکس میں کانسے اور ۲۰۲۶ء ایشیائی کھیلوں میں سونے کا تمغہ جیتنے والی ہندوستانی ٹیم کا حصہ تھے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے سیم ہیہا اور ڈیلن تھامس نے دو دو گول کیے۔
یہ بھی پڑھئے:۴۴؍ سال پرانا بنگالی گانا ’آج شنیبار‘ جی ٹی اے ۶؍ میں شامل، ہندوستانی مداح خوش
سیریز برابر کرنے کے ارادے سے میدان میں اتری عالمی درجہ بندی میں نویں مقام پر موجود نیوزی لینڈ کی ٹیم نے جارحانہ آغاز کیا۔ پہلے کوارٹر میں ڈیلن تھامس نے پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کرکے ٹیم کو برتری دلادی۔ تاہم ہندوستان نے دوسرے کوارٹر میں دو گول کرکے مقابلے کا رخ بدل دیا۔ سنجے رانا نے مسلسل تیسرے میچ میں پنالٹی کارنر پر گول کرکے اسکور برابر کیا، جبکہ کچھ ہی دیر بعد سیلوم کارتھی نے فیلڈ گول کرکے ہندوستان کو ۱۔۲؍گول کی برتری دلادی۔ ہاف ٹائم تک ہندوستانی ٹیم اسی سبقت پر برقرار رہی۔
یہ بھی پڑھئے:ویلنگٹن ٹیسٹ میں ہندوستان کی گرفت مضبوط
تیسرے کوارٹر میں ہندوستانی دفاعی کھلاڑیوں نے مضبوط کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے برتری برقرار رکھی۔ چوتھے کوارٹر میں بھی ہندوستان زیادہ تر وقت تک اپنی سبقت بچانے میں کامیاب رہا، لیکن میچ ختم ہونے سے پانچ منٹ قبل بینجی کلہین نے فیلڈ گول کرکے نیوزی لینڈ کو ۲۔۲؍ کی برابری دلادی۔ میزبان ٹیم باقی وقت میں مزید کوئی گول نہیں کرسکی اور مقابلہ ڈرا پر ختم ہوا۔ اس طرح ہندوستان نے سیریز ۰۔۱؍ سے اپنے نام کرلی۔ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اس سیریز کا سرکاری نام۲۰۲۶ء انڈیا/نیوزی لینڈ سنچری آف اسپورٹنگ یونٹی ایونٹ تھا۔ اس کا انعقاد دونوں ملکوں کے درمیان کھیلوں کے تعلقات کے ۱۰۰؍ سال مکمل ہونے کی مناسبت سے کیا گیا۔ ۱۹۲۶ء میں عظیم میجر دھیان چند کی قیادت میں ہندوستانی فوج کی ہاکی ٹیم نیوزی لینڈ کا دورہ کرنے والی ہندوستان کی پہلی ٹیم بنی تھی۔