Inquilab Logo

سی آئی ایس سی ای بورڈ امتحانات کے رزلٹ جاری، لڑکیاں سرفہرست رہیں

Updated: May 07, 2024, 8:41 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

دسویں اور بارہویں جماعت کے رزلٹ بالترتیب ۹۹؍اور ۹۸؍فیصد رہے۔میرا روڈ کی عائشہ رومانہ شیخ نے ۹۷؍فیصد مارکس حاصل کئے۔

Ayesha Romana Muhammad Arif Shaikh. Photo: INN
عائشہ رومانہ محمد عارف شیخ۔ تصویر : آئی این این

کونسل فار دی انڈین اسکول سرٹیفکیٹ ایگزامینیش ( سی آئی ایس سی ای ) کے زیر نگرانی ہونے والے انڈین سرٹیفکیٹ آف سیکنڈری ایجوکیشن (آئی سی ایس ای یا دسویں جماعت ) اور انڈین اسکول سرٹیفکیٹ ( آئی ایس سی یابارہویں جماعت ) بور ڈ امتحانات کے رزلٹ ۶؍مئی پیرکو جاری کئے گئے ۔ دسویں اور بارہویں جماعت کے رزلٹ بالترتیب ۹۹ء۴۷؍ اور ۹۸ء۱۹؍ فیصد رہے ۔گزشتہ سال کی طرح امسال بھی لڑکیاں سرفہرست رہیں ۔ طلبہ اپنا رزلٹ cisce.or g کی ویب سائٹ پر دیکھ سکتے ہیں ۔ جنوبی ممبئی کے سینٹ پیٹر س اسکول کے طالب علم حسین پینٹر، بلال وارثی اور میرا روڈ کی عائشہ رومانہ محمد عارف شیخ نے بالترتیب ۹۶، ۹۱؍اور ۹۷؍فیصد مارکس حاصل کر کے نمایاں کامیابی حاصل کی ۔ اندھیری کی ام ایمن خان نے ۹۶؍فیصد مارکس حاصل کیا۔
 واضح رہے کہ امسال دسویں اور بارہویں جماعتوں کے امتحانات میں لڑکوں کے مقابلے لڑکیاں زیادہ کامیاب ہوئی ہیں ۔ دسویں میں ۹۹ء۶۵؍ فیصد لڑکیاں اور ۹۹ء۳۱؍ فیصد لڑکے اور بارہویں میں ۹۸ء۹۲؍ لڑکیاں اور ۹۷ء۵۳؍ فیصد لڑکے کامیاب ہوئے ہیں ۔ دسویں جماعت کے امتحان میں ۲؍لاکھ ۴۳؍ ہزار ۶۱۷؍ طلبہ شریک ہوئے تھے جن میں ۲؍ لاکھ ۴۲؍ ہزار ۳۲۸؍ طلبہ پاس ہوئے ہیں۔ اسی طرح بارہویں جماعت میں ۹۹؍ ہزار ۹۰۱؍ طلبہ شریک ہوئے جن میں سے ۹۸؍ ہزار ۸۸؍ طلبہ نے کامیابی حاصل کی۔   

یہ بھی پڑھئے: عدالت نے آر ٹی ای کے ترمیم شدہ ایکٹ پر روک لگادی

خیال رہے کہ ا مسال کے سی آئی ایس سی ای کے فائنل امتحانات تنازعات میں گھرے ہوئے تھے جس کی وجہ سے کونسل نے ۲؍ پرچے ملتوی کر دیئے تھے ۔ بارہویں کا کیمسٹری کا پرچہ ، جو اصل میں ۲۶؍ فروری کو ہونے والا تھا ، ناگزیر حالات کی وجہ سے ۲۱؍ مارچ تک ملتوی کر دیا گیا تھا ۔ بعد میں، کونسل نے ۱۲؍ ویں جماعت کا نفسیاتی امتحان ملتوی کر دیا جب ایک امتحانی مرکز نے سوالیہ پرچہ کا پیکٹ گم ہونے کی اطلاع دی۔ یہ امتحان ۲۷؍ مارچ کو ہونا تھا لیکن بعد میں ۴؍ اپریل کو منعقد ہوا۔
 جنوبی ممبئی کے مجگائوں علاقے میں واقع سینٹ پیٹرس انگلش ہائی اسکول کے دسویں جماعت کے طالب علم حسین پینٹر نے ۹۶؍ فیصد، بلال وارثی نے۹۱ء۱۶؍ فیصد مارکس حاصل کرکے والدین ،اساتذہ اوراسکول کا نام روشن کیا ۔ اسی طرح نیانگر، میراروڈ کی عائشہ رومانہ محمد عارف شیخ نے دسویں جماعت کے امتحان میں ۹۷؍ فیصد مارکس حاصل کئے۔ میراروڈ کے سن سٹی علاقہ میں واقع ایم ایل ڈالمیا انگلش ہائی اسکول کی عائشہ نے نویں جماعت میں بھی ۸۰؍ فیصد مارکس حاصل کئے تھے ۔ عائشہ نے دسویں جماعت کےبورڈ امتحان کی تیاری نویں جماعت سے شر وع کردی تھی۔ دسویں میںنمایاں نمبرات حاصل کرنے کیلئے عائشہ جہاں اسکول اور کوچنگ کلاس میں پڑھائی کرتی تھی وہیں روزانہ گھر پر ۳۔۴؍ گھنٹہ علاحدہ پڑھتی تھی تاکہ زیادہ سے زیادہ مارکس حاصل کیا جاسکے۔  عائشہ کو۹۸؍ فیصد مارکس ملنے کی اُمید تھی ۔وہ ایئروناٹیکل انجینئرنگ کاکورس کرنا چاہتی ہے جس کے لئے جے ای ای کی کلاس جوائن کرلیا ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK