Inquilab Logo

جنجیرہ قلعہ میں صفائی مہم شروع کردی گئی ،جلد ہی سیاحت کیلئے کھول دیاجائے گا

Updated: September 06, 2022, 12:47 PM IST | Siraj Shaikh | Murud/Janjira

بادبانی کشتیاں سیاحوں کی خدمت کے لئے تیار، محکمہ کی جانب سے اجازت ملنے پر ان کشتیوں کو سمندر میں اتار دیا گیا ،تین ماہ بند رہنے کے سبب قلعہ میںجھاڑیاں اُگ آئی ہیں

Janjira Fort is reached by sailing boats .Picture:INN
بادبانی کشتیوں کے ذریعے جنجیرہ قلعہ تک پہنچا جاتا ہے ۔ تصویر:آئی این این

مروڈ تعلقہ کے راجپوری گرام پنچایت حدود میں واقع معروف تاریخی جنجیرہ قلعہ جلد ہی سیاحوں کے لیے کھول دیا جائے گا ۔ یہ اطلاع محکمہ آثار قدیمہ کے اسسٹنٹ کنزرویشن آفیسر بجرنگ یلیکر نے دی۔ اس خبرسے مقامی لوگوں کے ساتھ علاقے کے تاجروں کے درمیان خوشی کا ماحول ہے تو دوسری طرف سیاحت کے شائقین کے لئے بھی انتظار کی گھڑیاں اب ختم ہونے کو ہے۔ بجرنگ  یلیکر نے بتایا کہ جنجیرہ قلعہ میں صفائی مہم شروع کردی گئی ہے اور اس کے ختم ہوتے ہی قلعہ کا دروازہ ہر خاص وعام کے لئے کھول دیا جائے گا انہوں نے کہا کہ دو تین دنوں کے اندر سیاح قلعہ کی سیر کر سکیں گے ۔ واضح  رہے کہ یکم جون سے ۳۱؍ اگست تک سمندر میں طغیانی ہوتی ہے،اس لئے  راجپوری سے قلعہ تک کا سمندری علاقہ سیکوریٹی وجوہات کی بناء پر محکمہ آثار قدیمہ اور میری ٹائم بورڈ کے ذریعے  بند کر دیا جاتا ہے۔اس دوران کشتیاں چلانے پر بھی پابندی ہوتی ہے ۔ یکم اگست سے ماہی گیر وںکو گہرے سمندر میں ماہی گیری کی اجازت دے دی جاتی ہے۔  یہ قلعہ گزشتہ تین ماہ سے بند تھا ۔واضح رہےکہ  یہ قلعہ مقامی لوگوں اور جل واہتوک تنظیموں کے لیے پائیدارآمدنی کا ذریعہ ہے۔ اس کی وجہ سے مقامی لوگوں کی روزی روٹی کا مسئلہ بھی کسی حد تک حل ہوا ہے۔  قلعہ تک جانے کیلئے راجپوری اور کھورابندر گاہ سے مسافروں کیلئے واٹر ٹرانسپورٹ کا انتظام دستیاب کر دیا گیا ہے۔
سیاحوں کو دوتین دن مزید انتظار کرنا پڑے گا 
   محکمہ آثار قدیمہ کے اسسٹنٹ کنزرویشن آفیسر  بجرنگ یلیکر نے اس ضمن میں بتایا کہ ہم نےقلعہ کو یکم ستمبر  سیاحت کے لئے کھولنے کا اعلان کیا تھا لیکن سیاحوں کو قلعہ دیکھنے کے لیے دو تین دن اور انتظار کرنا پڑے گا اس کے بعد انہیں اجازت دی جائے گی۔ قلعہ تین ماہ سے بند ہونے کی وجہ سے علاقے میں بڑے پیمانے پر جھاڑیاں اُگ آئی  ہیں۔ اس لیے بچھو اور رینگنے والے جانور سیاحوں کیلئے خطرہ بن سکتے ہیں۔ سیاحوں کی حفاظت کے نقطہ نظر سے قلعے کے اندرونی حصے کو صاف ستھرا رکھنا بہت ضروری ہے۔ 
خطہ کوکن میں سیاحت کے سیزن کا آغاز
 اس ضمن میں جنجیرہ پریٹک جل واہتوک سوسائٹی کے عہدیدار ناظم قادری نے بتایا کہ اگست کے دوسرے یا تیسرے  ہفتے سے خطہ کوکن میں سیاحت کے سیزن کا آغاز ہو جاتا ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ سیاحوں کی وجہ سے مقامی لوگوں کو روزگار ملتا ہے لیکن  اس کے برعکس متعلقہ محکموں کی تجوری میں بھی لاکھوں روپے جمع ہوتے ہیں۔ فی الحال قلعہ میں محکمہ آثار قدیمہ کی جانب سے صاف صفائی شروع کی گئی  ہے ۔اس لئے سیاحوں کو قلعہ کی سیر کرنے کے لئے مزید دو تین دن اور انتظار کرنا پڑے گا۔ میری ٹائم بورڈ کی جانب سے سوسائٹی کو کشتیاں چلانے کی اجازت مل چکی ہے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK