Inquilab Logo

کوسٹل روڈ پروجیکٹ :ورسوا اور دہیسر کو جوڑنے کیلئے کنسلٹنٹ کا تقرر

Updated: November 23, 2023, 9:20 AM IST | Mumbai

اس پروجیکٹ کی تعمیر کیلئے بِڈ جمع کرانے کی تاریخ میں ایک بار پھر توسیع کر دی گئی۔ سڑک ورسوا کےنانا نانی پارک سے شروع ہوگی اور پہلا مرحلہ ۴۱۵؍ کلومیٹر طویل ایلیویٹڈ سیکشن کے طور پر بانگور نگر گوریگاؤں پر ختم ہوگا۔ آخری مرحلہ گورائی سے دہیسرتک ہو گا

The coastal road project is progressing rapidly. (Photo: Rane Ashish)
کوسٹل روڈ پروجیکٹ کا کام تیزی سے جاری ہے۔ (تصویر: رانے آشیش)

برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے ورسوا اور دہیسرکوسمندری راستہ سے جوڑنے کیلئے ایک مشیر مقرر کیا ہے۔ بی ایم سی میگا پروجیکٹ پر مشاورت کیلئے ۷۴ء۱۵؍ کروڑ روپے خرچ کرے گی۔ کنسلٹنٹ بی ایم سی کو ٹینڈر کا عمل انجام دینے، ایک تفصیلی منصوبہ تیار کرنے اور زمین کے حصول اور مختلف اجازت ناموں کیلئے دستاویزات تیار کرنے میں مدد کرے گا۔شہری انتظامیہ نے پروجیکٹ کی تعمیر کیلئے بِڈ جمع کرانے کی تاریخ میں بھی توسیع کر دی ہے۔ 
 ورسوا اور دہیسر کو جوڑنے کا راستہ جو ممبئی کوسٹل روڈ پروجیکٹ کا حصہ ہے، پر تقریباً۳۵ ؍ہزار ۱۲۱؍ کروڑ روپے لاگت آئے گی جس میں زمین کے حصول اور ٹیکس کی لاگت بھی شامل ہے۔ بی ایم سی نے امسال اگست میں ۶؍ پیکیج میں اس۲۴ء۲۹؍ کلومیٹر لمبی سڑک کیلئے ٹینڈر طلب کئے تھے۔حکام کے مطابق بولی لگانے میں دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں نے درخواست کی ہےکہ مناسب مطالعہ کرنے کیلئے تاریخ میں توسیع کی جائے کیونکہ یہ ایک بڑا منصوبہ ہے جس میں بہت زیادہ ڈیزائن اور تعمیرات شامل ہیں۔ بڈس جمع کرانے کی  آخری تاریخ پہلے۱۱؍ستمبر تھی جسے نومبر کے پہلے ہفتے تک بڑھا یا گیا تھا اور اب  ۲۱؍نومبر مقرر کیا گیا ہے۔
 سرکاری دستاویزات کے مطابق سڑک ورسوا کےنانا نانی پارک سے شروع ہوگی اور پہلا مرحلہ۴۱۵؍ کلومیٹر طویل ایلیویٹڈ سیکشن کے طور پر بانگور نگر گوریگاؤں پر ختم ہوگا۔ اس کے بعد بانگور نگر سے مائنڈ اسپیس ملاڈ تک۱ء۶۶؍ کلومیٹر کا راستہ ہے اور مائنڈ اسپیس سے زمین کی سطح سے اوپر(ایلیویٹڈ) سڑک جو گوریگاؤں- ملنڈ لنک روڈ (۴ء۴۶؍کلومیٹر) سے منسلک ہے۔مائنڈ اسپیس سے چارکوپ کے درمیان اگلا مرحلہ ایک سرنگ ہوگا۔ شمال اور جنوب کی طرف جانے والی سرنگیں۳ء۹۰؍کلومیٹر طویل ہوں گی۔
  بی ایم سی نے اس مرحلے میں شمال اور جنوب کی طرف جانے والی سرنگ کی تعمیر کیلئے الگ الگ ٹھیکیدار مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ۳ء۷۸؍کلومیٹر کا چوتھا مرحلہ چارکوپ سے گورائی تک ہوگا جس میں ایک ایلیویٹڈ روڈ، پل اور انٹر چینج ہوگا۔ گورائی سے دہیسر تک کا آخری مرحلہ۳ء۶۹؍کلومیٹرطویل ہے۔
 بی ایم سی کے ایک افسرنے اس بارے میں کہاکہ ہم پروجیکٹ کو آسانی سے نافذ کرنے کیلئے ۶؍ پیکٹوں میں ٹینڈرس طلب کر رہے ہیں۔ پروجیکٹ کی تعمیر پر آنے والا کل تخمینہ۱۶؍ ہزار ۶۱۲؍کروڑ ہے۔ یہ سڑک باندرہ -ورسوا سی لنک کے اختتام سے شروع ہو کر دہیسر- میرا لنک روڈ سے جڑے گی۔

dahisar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK