• Wed, 05 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

دہیسرٹول ناکہ ۲؍ کلو میٹر کے فاصلے پر ورسووا بریج کے قریب منتقل ہوگا

Updated: September 10, 2025, 10:42 PM IST | Mumbai

وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک نے اس ٹول ناکہ کو موجودہ جگہ سے دور منتقل کرنے کی تجویز پیش کی تھی تاکہ لوگوں کو ٹریفک جام کے مسئلہ سے نجات مل سکے

There are plans to relocate the Dahisar toll plaza before Diwali
دیوالی سے پہلے دہیسر ٹول پلازہ کومنتقل کرنے کا منصوبہ ہے۔(تصویر: ستیج شندے)

وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک، نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور دیگر سیاستدانوں اور سرکاری افسران کے درمیان ہونے والی میٹنگ میں منگل کو یہ طے پایا کہ دہیسر کا ٹول ناکہ موجودہ جگہ سے ۲؍ کلو میٹر دور ورسوا بریج کے سامنے نرسری کے قریب منتقل کردیا جائے گا۔
 واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصہ سے دہیسر ٹول ناکہ پر گاڑیوں کی بھیڑ کی وجہ سے ممبئی میں داخل ہونے کیلئے لوگوں کو لمبی قطاروں میں انتظار کرنے کی شکایات موصول ہورہی تھیں۔ ان شکایتوں کے پیش نظروزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک نے اس ٹول ناکہ کو موجودہ جگہ سے دور منتقل کرنے کی تجویز پیش کی تھی تاکہ لوگوں کو ٹریفک جام کے مسئلہ سے نجات مل سکے۔
 اس موضوع پر منگل کو ان کی نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے ساتھ میٹنگ ہوئی جس میں دہیسر کے ایم ایل اے پرکاش سروے، مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے جوائنٹ منیجنگ ڈائریکٹر منوج جندال، نیشنل ہائی ویز اتھاریٹی آف انڈیا کے سیکریٹری سہاس چٹنیس، وسئی ویرار کے پولیس کمشنر نکیت کوشک، ٹول وصول کرنے والی نجی کمپنی آئی آر بی انفرا اسٹرکچر کے ٹھیکیدار وریندر مہسکر اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔
 میٹنگ میں یہ بات رکھی گئی تھی کہ دہیسر میں واقع ٹول ناکہ کی وجہ سے میرا بھائندر میں رہائش پذیر تقریباً ۱۵؍ لاکھ شہریوں اور ممبئی میں داخل ہونے والوں کو شدید ٹریفک جام کاسامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس کے علاوہ ٹریفک میں پھنس کر پیٹرول جلنے کی شکل میں لوگوں کا کافی پیسہ ضائع ہوجاتا ہے، فضائی آلودگی بڑھتی ہے اور لوگوں کی صحت کو نقصان پہنچتا ہے۔ ان سب باتوں کے پیش نظر اگر ٹول پلازہ کو جو بی ایم سی کی حدود میں ہے، موجودہ جگہ سے تقریباً ۲؍ کلو میٹر دور ورسوا بریج کے سامنے نرسری کے پاس منتقل کردیا جائے تو بڑی تعداد میں لوگوں کو کافی راحت ملے گی۔میٹنگ میں ہونے والے فیصلے کے بعد اب ’مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن‘ (ایم ایس آر ڈی سی ایل) نیشنل ہائی ویز اتھاریٹی کو تجویز بھیجے گا۔ اس کے بعد یہ تجویز مرکزی وزارت برائے ٹرانسپورٹ کی منظوری کیلئے بھیجی جائے گی۔ مرکز سے منظوری ملنے کے بعد ٹول بوتھ منتقل کرنے کا عمل شروع ہوگا جس میں تقریباً ڈیڑھ ماہ کا وقت لگ جائے گا۔ اس لئے ٹول بوتھ دیوالی سے قبل تک منتقل ہوسکے گا۔

dahisar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK