کھدائی کے کام سے زیر زمین بجلی کے تار، ٹیلی فون کیبل، پانی ،سیوریج کے پائپ اور بارش کے پانی کے پائپ متاثر ہو رہے ہیں، ۲؍مہینوںمیں ۵۰؍سے زیادہ بلیک آؤٹ کی شکایتیں ملیں
EPAPER
Updated: December 13, 2025, 8:32 AM IST | Mumbai
کھدائی کے کام سے زیر زمین بجلی کے تار، ٹیلی فون کیبل، پانی ،سیوریج کے پائپ اور بارش کے پانی کے پائپ متاثر ہو رہے ہیں، ۲؍مہینوںمیں ۵۰؍سے زیادہ بلیک آؤٹ کی شکایتیں ملیں
مانسون کےبعد شہر ومضافات میںجاری سڑکوںکی تعمیر اور مرمت کےکاموں سےزیرزمین بجلی کے تاروںکےخراب ہونے سے بجلی سپلائی متاثرہونےکے متعدد واقعات رونما ہورہےہیں۔ گزشتہ ۲؍ مہینوں میںتقریباً ۵۰؍ مقامات پر زیر زمین کیبل اور بجلی کےتار کٹ جانے سے گھنٹوں بجلی منقطع رہی ۔
واضح رہےکہ کئی جگہوں سے بجلی سپلائی متاثرہونےکی شکایتیں مل رہی ہیں، لیکن یہ بجلی کی فراہمی میں خرابی نہیں بلکہ سڑک کے کاموں کا نتیجہ ہے۔ کھدائی کے کام کی وجہ سے زیر زمین بجلی کی تاروں کےخراب ہونے سے بجلی سپلائی کےبندہونےمیں اضافہ ہوا ہے ۔گزشتہ ۲؍مہینوںمیں ۵۰؍سے زیادہ بلیک آؤٹ کی شکایتیں موصول ہوئی ہیں۔
سڑکوںپر کانکریٹ کے کام جو کہ مانسون کے دوران روکے گئے تھے، دوبارہ شروع ہو گئے ہیں، ان کاموںکیلئے کی جانے والی کھدائی سے سڑک کے نیچے سے گزرنے والے بجلی کے تار، ٹیلی فون کیبل، پانی اورسیوریج کے پائپ اور بارش کے پانی کے پائپ متاثر ہو رہے ہیں۔ بجلی کے تار ٹوٹنے کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔گزشتہ روز پریل گاؤں میں کیبل ٹوٹنے سے پورے علاقے میں اندھیرا چھاگیا تھا۔ اس قسم کے واقعات اس لئے ہو رہے ہیں کیونکہ کھدائی کرنےوالے مزدور مذکورہ زیر زمین تاروںکی اہمیت اور افادیت سے ناواقف ہوتےہیں ۔ بجلی سپلائی منقطع ہونے کے بعد عوام کی شکایت پر کیبل ٹوٹنے کا انکشاف ہوتا ہے۔ اس کے بعد بجلی کے تار کو جوڑنے اور سپلائی بحال کرنے میں ۴؍ سے ۵؍ گھنٹے لگ جاتے ہیں۔ پریل گاؤں میں ٹوٹے ہوئے کیبل کو ٹھیک کرنے میں ایک دن لگا۔مکینوں کاکہناہےکہ اس طرح کاکام کرنے سےپہلے ان جگہوں کی پوری معلومات حاصل کرنی چاہئے ۔ جہاں مذکورہ قسم کے تار وغیرہ ہیں وہاں احتیا ط کےساتھ کھدائی کی جائے ۔
بی ایم سی روڈ ڈپارٹمنٹ کے سینئرانجینئروں کے مطابق ٹھیکیداروں کواس بات کا خاص خیال رکھناچاہئےکہ سڑکوںکی کھدائی کےدوران مذکورہ قسم کے تاروںکوکسی طرح کا نقصان نہیں پہنچناچاہئےلیکن ٹھیکیداروں کی غیر سنجیدگی سے اس طرح کےواقعات رونماہورہےہیں۔ اس لئے اگر مستقبل میں کیبل ٹوٹ جاتا ہے تو ٹھیکیدار کو ذمہ دار ٹھہرایا جائےاور اس کیخلاف کارروائی کی جائے۔