Inquilab Logo

کانگریس مدھیہ پردیش بھی جیت سکتی ہے، راہل کو ۱۵۰؍ سیٹوں پر فتح کا یقین

Updated: May 30, 2023, 9:57 AM IST | Ahmadullah Siddiqu | new Delhi

  اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کیلئے دہلی میں میٹنگ، کمل ناتھ اوردگ وجے سنگھ نے کے سی وینو گوپال اور راہل گاندھی کی موجودگی میں کھرگے سے ملاقات کی

Rahul Gandhi interacting with the media along with Kamal Nath.(PTI)
راہل گاندھی کمل ناتھ کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے۔( پی ٹی آئی)

کرناٹک اسمبلی انتخابات میں شاندار فتح  کے بعد اب کانگریس نے مدھیہ پردیش پرنگاہیں مرکوز کرلی ہیں جہاں مارچ ۲۰۲۰ء میں جیوتی رادتیہ سندھیا کی بغاوت کے بعد۲۲؍ممبران اسمبلی کے  استعفیٰ کی وجہ سے کمل ناتھ کی حکومت ختم ہو گئی تھی۔
  پیر کو دہلی میں کانگریس ہیڈ کوارٹرز میں مدھیہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر کمل ناتھ کے ساتھ ریاستی انچارج نے بھی کانگریس اعلیٰ کمان سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔میٹنگ کے بعد راہل گاندھی نے مدھیہ پردیش میں کانگریس کی جیت پر یقین  کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم نےتفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ اندورنی اندازہ تھاکہ ہمیں کرناٹک میں ۱۳۶؍ سیٹیں ملیں گی جبکہ مدھیہ پردیش کے بارے میں  ہمارا اندازہ ہے کہ ہم ۱۵۰؍سیٹیں حاصل کرنے والے ہیں۔‘‘ راہل گاندھی نے کہاکہ ہم وہی دہرائیں گے جو ہم نے کرناٹک میں کیا تھا۔تاہم راہل گاندھی نے ریاست میں کانگریس کے وزیر اعلیٰ کے چہرہ کے بارے میں کوئی ردعمل نہیں دیا۔ جب ان سے پوچھا گیاکہ آیاکمل ناتھ مدھیہ پردیش  میں کانگریس کے وزیر اعلیٰ کاچہرہ ہوں گے تو راہل گاندھی نے یہی دہرایا کہ ریاست میں کانگریس کو ۱۵۰؍سیٹیں ملیں گی۔ کانگریس نے کرناٹک کی طرز پر مدھیہ پردیش میں بھی  انتخابی مہم شروع کردی ہے۔ اس سلسلے میں پیر کو دہلی میں  ہونےوالی میٹنگ کو اہم سمجھا جارہاہے۔ مدھیہ پردیش میں  ۴؍ ماہ میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔

 مدھیہ پردیش اسمبلی میں  ۲۳۰؍ سیٹیں  ہیں۔ ۲۰۱۸ء میں کانگریس کوجیت ملنے کے باوجود ۲۰۲۰ء میں بی جے پی نے جیوتی رادتیہ سندھیا کے ساتھ کانگریس کے۲۲؍اراکین اسمبلی کو خود سے ملاکر اپنی حکومت قائم کرلی تھی۔  میٹنگ کے بعد کمل ناتھ نے کہاکہ’’مدھیہ پردیش میں انتخابات میں تقریباًچار ماہ باقی ہیں۔میٹنگ میں مدھیہ پردیش کے مستقبل اور ریاست کے اہم مسائل پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔‘‘ کمل ناتھ نے کہاکہ ہم عوامی مسائل کو دھیان میں رکھ کرانتخابی میدان میں اتریں  گے۔ میٹنگ میں راہل گاندھی، ملکا رجن کھڑگےکے ساتھ دگ وجے سنگھ، اے آئی سی سی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال اور کمل ناتھ موجود تھے۔
 راجستھان اور مدھیہ پردیش میں  اس سال کے آخر تک اسمبلی انتخابات ہیں۔ راجستھان کےوزیر اعلیٰ اشوک گہلوت کو بھی دہلی طلب کیا گیاہے۔ان سے بھی آئندہ اسمبلی انتخابات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا جا رہا ہے۔  وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت اور سچن پائلٹ میں شدید رسہ کشی جاری ہے، ایسے میں ہائی کمان کیلئے دونوں کو ایک ساتھ بٹھانا کافی مشکل ثابت ہو سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK