بائیں بازو نے پاکستان پر دباؤ برقرار رکھنےمگر کشیدگی کم کرنے کیلئے اب سفارتی حل پر توجہ دینے کی صلاح دی، کانگریس نےاتحاد پر زور دیا، تمام پارٹیوں نے فوج کومبارکباد دی
EPAPER
Updated: May 07, 2025, 9:32 PM IST | New Delhi
بائیں بازو نے پاکستان پر دباؤ برقرار رکھنےمگر کشیدگی کم کرنے کیلئے اب سفارتی حل پر توجہ دینے کی صلاح دی، کانگریس نےاتحاد پر زور دیا، تمام پارٹیوں نے فوج کومبارکباد دی
پہلگام دہشت گردانہ حملے کے جواب میں ہندوستانی فوج کے ’’آپریشن سیندور‘‘کو اپوزیشن نےبیک زبان ہوکر مبارکباد پیش کی ہے۔ راہل گاندھی نےفوج کی کامیابی پر اسے مبارکباد پیش کرتے ہوئے ٹویٹ کیا ہے کہ ’’اپنی مسلح افواج پر فخر ہے، جے ہند۔‘‘ اکھلیش یادو ، تیجسوی یادو اوراپوزیشن کے دیگر لیڈوں نےبھی اسی طرح کے جذبے کا اظہار کیا۔ بائیں بازوکی پارٹیوں نےبھی حملے کی حمایت کرتے ہوئے جہاں پاکستان پر دباؤ بنائے رکھنے کی ضرورت کی نشاندہی کی وہیں مشورہ دیا کہ اب دونوں ملکوں کےد رمیان کشیدگی کو کم کرتے ہوئے سفارتی حل نکالنے کی کوشش ہونی چاہئے۔
کانگریس ورکنگ کمیٹی کا غیر رسمی اجلاس
کانگریس نے آپریشن سیندور کے بعد بدھ کو پارٹی کی اعلیٰ پالیسی ساز ادارے کانگریس ورکنگ کمیٹی کا غیر رسمی ہنگامی اجلاس طلب کیا جس میں پہلگام حملے کے جواب میں مسلح افواج کی کارروائی کی متفقہ طور پر ایک آواز میں حمایت کی گئی۔ میٹنگ کے بعد کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے اور سابق صدر راہل گاندھی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس ملک کے بہادر سپاہیوں کی جرأت مندانہ کارروائی کی ستائش کرتی ہے اور دہشت گردی کے خلاف اٹھائے جا رہے ہر قدم میں ملک کے ساتھ کھڑی ہے۔ کھرگے نے کہاکہ’’ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخر ہے جنہوں نے آپریشن سیندور کے تحت پاکستان اور پاک مقبوضہ کشمیر (پی او کے) میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بہادری کے ساتھ اور فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے سخت جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ ہم اپنے بہادر فوجیوں کی جرأت، عزم اور حب الوطنی کو سلام پیش کرتے ہیں۔‘‘
اکھلیش نے فوج کی بہادری کو سلام کیا
سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے مختصر مگر پُراثر جملے میں فوج کے حوصلے کو سلام پیش کرتے ہوئے ایکس پر لکھا ہے کہ ’’پراکرمو وجیے! ‘‘(بہادری کی جیت ہو۔ ) انہوں نے کہا کہ ’’ہندوستان نے کبھی کسی بھی طرح کی دہشت گردی کو برداشت کیا نہ کرےگا۔‘‘ انہوں نے دہشت گردی کی جڑ پر حملہ کرنے کی وکالت کی۔ اسی طرح بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ اور اتر پردیش کی سابق وزیراعلیٰ مایاوتی نے بھی ’آپریشن سیندور‘ کو سراہتے ہوئے کہاکہ’’پاکستان میںدہشت گرد وں کے ۹؍ ٹھکانوں کو تباہ کرنے والی ہندوستانی فوج کی کارروائی فخر کا باعث اور قابلِ تعریف ہے۔‘‘
ہمیں ہندوستانی فوج پر فخر ہے: کیجریوال
’’آپریشن سیندور‘‘ کی کامیابی پر ہندوستانی فوج کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی نے کہا کہ پہلگام حملے کے جواب میں فوج نے بہادری کا مظاہرہ کیا اور پاکستان میں سرگرم کئی دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کر دیا۔ پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال، پارٹی کے سینئر لیڈرمنیش سیسودیا، پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان، پارٹی کی دہلی اکائی کے صدر سوربھ بھاردواج اور دہلی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر آتشی سمیت کئی رہنماؤں نے ہندوستانی کے بہادر فوجیوں کو مبارکباد دی ہے اور خراج تحسین پیش کیا ۔‘‘ کیجریوال نے کہاکہ’’ہمیں ہندوستانی فوج اور اپنے بہادر سپاہیوں پر فخر ہے۔ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں۱۴۰؍کروڑ ہندوستانی اپنی فوج کے ساتھ ہیں۔‘‘
اب سفارتی حل پر توجہ دینے کا مشورہ
بائیں محاذ کی پارٹیوں نےبھی ایک زبان ہوکر آپریشن سیندور کی حمایت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پاکستان پر وہاں موجود دہشت گردوں کے تمام ٹھکانوں کو بند کرنے کا دباؤ ڈالا جائے۔اس کے ساتھ ہی سی پی آئی، سی پی ایم اور بائیں محاذ کی دیگر پارٹیوں نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو ختم کرنے کے ساتھ ہی پاکستان کے ساتھ سفارتی مواقع کا استعمال کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان مزید کشیدگی کو ٹالنے کی کوشش کی جائے۔
’’جنگ انسانیت کیلئےخطرناک ‘‘
اس بیچ اکال تخت کے جتھیدار گیانی کلدیپ سنگھ گرگ نے جنگ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ ہمیشہ انسانیت کیلئے خطرناک ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے آپریشن سیندور کے بعدپاکستان کی طرف سے پونچھ میں گولہ باری میں مرکزی گرودوارہ شری گرو سنگھ سبھا بھی زد میں آیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک کی حکومتیں امن کی بحالی کے لیے سنجیدہ کوششیں کریں۔ گرگ نے کہا کہ’’ جنگ ہمیشہ انسانیت کو نقصان پہنچاتی ہے اور اکثر بے گناہ لوگ مارے جاتے ہیں۔ اس لیے موجودہ صورتحال کو پرامن طریقے سے حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جانی چاہیے۔‘‘ واضح رہے کہ آپریشن سیندور کے بعد سرحد پر کشیدگی اور گولی باری بڑھ گئی ہے جس میں کم از کم ۱۲؍ افراد فوت ہوگئے ہیں۔