• Thu, 24 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کانگریس نے گیانیش کمار کا استعفیٰ مانگا، راہل گاندھی نے ملک سے غداری قرار دیا

Updated: September 24, 2026, 9:06 AM IST | Agency | New Delhi

پارٹی نے پریس کانفرنس کے ساتھ ساتھ ایکس پر طویل پوسٹ بھی لکھی، بی جے پی اور الیکشن کمیشن پر جمہوریت کو تباہ کرنے کا الزام عائد کیا۔

Rahul Gandhi. Picture: INN
راہل گاندھی۔ تصویر: آئی این این
الیکشن کمیشن کے تعلق سے سنسنی خیز انکشافات کے بعد کانگریس پارٹی کے ترجمانوں پون کھیڑا اورجےرام رمیش نے پریس کانفرنس کے گیانیش کمار کا استعفیٰ طلب کرلیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پارٹی نے ’ایکس‘ پربھی طویل پوسٹ لکھی ہے اور گیانیش کمار پر شدید تنقیدیں کی ہیں۔ اسی درمیان کا نگریس کے ایکس ہینڈل سے  راہل گاندھی کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’بی جے پی اور انتخابی کمیشن مل کر ہماری جمہوریت کو تباہ کرنے اور لوگوں کی آواز چھیننے کی سازش کر رہے ہیں۔ یہ سب سے بڑی غداری ہے۔ یہ ملک سے غداری ہے۔وقت آئے گا تو ہم آپ کو چھوڑیں گے نہیں۔ ملک سے اتنی بڑی غداری کی سزا توملےگی ہی ۔‘‘
کانگریس نے الزام عائد کیا ہے کہ مودی کے چہیتے گیانیش کمار انتخابی کمیشن میں اپنی من مانی چلا رہے ہیں۔ پارٹی نے کہا کہ ’’اس بارے میں خود ۲؍ الیکشن کمشنرز نےشکایت کی ہے۔ شکایت میں صاف کہا گیا کہ دونوں الیکشن کمشنرز، سکھبیر سنگھ سندھو اور وویک جوشی کو اہم فیصلوں کی معلومات نہیں دی جاتی۔ ان سے مشورہ نہیں لیا  جاتا۔ان سے پوچھے یا بتائے بغیر فیصلے کئے جا رہے ہیں۔ پارٹی نے یہ بھی لکھا ہے کہ  ان دو الیکشن کمشنرس نے جو  ۱۴؍ شکایتیں کی ہیں وہ  بنیادی طور پر ایس آئی آر، فارم ۶؍ میں تبدیلی، نئے ووٹرس کا رجسٹریشن، ووٹر لسٹ سے نام ہٹانے اور شامل کرنے، نام بحال کرنے کے احکامات کے خلاف اپیل، ووٹر لسٹ کی حفاظت اور الیکشن کمیشن کے کام کاج سے متعلق ہیں۔‘‘
راہل گاندھی نے اپنے ویڈیو میں کہا کہ الیکشن کمیشن میں صرف گیانیش کمار کی چل رہی ہے، گیانیش اپنے باس مودی کی طرح آمریت  میں یقین رکھتے ہیں  اور مودی کو خوش کرنے کیلئے’ووٹ چوری‘ کا کام کر رہے ہیں۔   انہوںنے یہ بھی کہا کہ ہم پہلے بھی کہتے آئے ہیں کہ مودی نے الیکشن کمیشن پر قبضہ کر رکھا ہےاور گیانیش کمار مودی کے ہاتھ کی کٹھ پتلی ہیں۔بی جے پی، آر ایس ایس اور الیکشن کمیشن جنہوں نے اسے انجام دیا ہے، نے ملک سے غداری کا کام کیا ہے۔ اب انصاف ہوگا۔‘‘ اس پوسٹ کے ساتھ راہل گاندھی نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے، جس میں انہوں نے کہا کہ ’’میں انتخابی کمیشن اور اس کے افسران سے صاف کہہ رہا ہوں، آپ جو کر رہے ہیں وہ غلط  ہے، یہ غداری ہے۔ وقت آئے گا۔ہم آپ کو پکڑیں گے۔یہ یاد رکھیں آپ بچ نہیں پائیں گے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK