پارٹی کے ترجمان شکتی سنگھ گوہل کی پریس کانفرنس۔گجرات حکومت کے وزیر بچو بھائی کھابڑا پر بدعنوانی کا الزام لگا یا۔
EPAPER
Updated: July 10, 2025, 12:01 PM IST | Agency | New Delhi
پارٹی کے ترجمان شکتی سنگھ گوہل کی پریس کانفرنس۔گجرات حکومت کے وزیر بچو بھائی کھابڑا پر بدعنوانی کا الزام لگا یا۔
کانگریس نے گجرات حکومت کے وزیر بچو بھائی کھابڑا پر بدعنوانی کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے قواعد و ضوابط کی پروا کئے بغیر اپنے بیٹے کے لئے ٹھیکے حاصل کرکے بڑی بدعنوانی کی ہے، اس لئے انہیں فوری طور پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دینا چاہئے۔
پارٹی کے ترجمان شکتی سنگھ گوہل نے بدھ کو پارٹی کے نئے ہیڈکوارٹرس اندرا بھون میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ گجرات حکومت کے وزیر بچو بھائی کھابڑا نے اپنے عہدے کا غلط استعمال کیا ہے اور ورک آرڈر، اپنے بیٹے کے لئے ٹھیکے حاصل کرنے اور منریگا جیسی اسکیموں میں دھوکہ دہی کی ہے۔ گجرات میں ’منریگا‘ اور ’نل سے جل‘ جیسی اسکیموں میں بے ضابطگیوں کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی لیڈر اپنی تجوریاں بھر رہے ہیں۔ صورتحال یہ ہے کہ منریگا اجرت حاصل کرنے والے افراد میں اُن کے نام بھی شامل ہیں جو یا تو مرچکے ہیں یا پھر معذور ہیں اور ان کے ناموں پر اجرت میں غبن کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بچو بھائی کھابڑا نے بڑے پیمانے پر بدعنوانی کی ہے اور ان کی بدعنوانی کا سچ تب ہی سامنے آسکتا ہے جب ای ڈی، سی بی آئی اور آئی ٹی ان کی تفتیش کریں۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ مذکورہ وزیر کا بیٹا راج کنسٹرکشن کمپنی چلاتا ہے جسے ورک آرڈر پر بہت زیادہ سرکاری کام دیا جا رہا ہے اور پیسے بٹورے جا رہے ہیں۔ اس بات کی تفتیش کی جانی چاہئے کہ اس کمپنی نے کبھی جی ایس ٹی ادا کیا ہے یا نہیں۔کانگریس ترجمان نے کہا کہ بچو بھائی کا اپنا گاؤں دھن پور بلاک میں ہے۔ اس چھوٹے بلاک کے اندر مختصر وقت میں۲؍ ہزار۲۳۵؍ ورک آرڈر پاس ہو چکے ہیں۔ منریگا میں مزدوروں کو کام مل جاتا ہے لیکن ایک اصول یہ بھی ہے کہ اگر وہاں کچھ میٹریل کی ضرورت ہو تو آپ چھوٹے پیمانے پر بھی سامان لا سکتے ہیں۔ یہاں اس اصول کو بالائے طاق رکھ کر بہت سا مال منگوایا گیا۔ میٹریل حاصل کرنے کے لئے منریگا میں ایک التزام کیا گیا ہے کہ آپ کو ایک اشتہار دینا ہوگا اور آپ سب سے کم قیمت پر میٹریل فراہم کرنے والے سپلائر سے میٹریل خریدیں گے لیکن اس جگہ پر ٹینڈر میٹریل کی فراہمی کا ٹھیکہ وزیر کے بیٹے کو دیا گیا تھا۔
کانگریس ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کہتے تھے:’’نہ میں کھاؤں گا اور نہ کھانے دوں گا۔‘‘ لیکن جب ان کے گجرات میں حالات ایسے ہیں تو انہیں بتانا چاہئے کہ وہ کیا کر رہے ہیں؟ انہوں نے بتایا کہ بچو بھائی کھابڑا کے ورک آرڈر حاصل کرنے کا کام دو لڑکے کرتے ہیں جو ان کے رشتہ دار ہیں۔ ان کی تنخواہ صرف ۱۰؍ہزار ہے لیکن وہ لاکھوں روپےکی گاڑی میں گھومتے ہیں اور کروڑوں روپے کے گھر میں رہتے ہیں۔
کانگریس لیڈر نے کہاکہ اس کے پیش نظر کانگریس پارٹی نے ایک تفتیشی کمیٹی بنائی تھی جس نے اس بدعنوانی کا انکشاف کیا تھا۔