• Tue, 23 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

میونسپل الیکشن کیلئے کانگریس کے شمالی ہند سیل کا انتخابی منشور جاری

Updated: December 23, 2025, 4:02 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

شمالی ہند کے باشندوں کے تحفظ ، خودروزگار کے فروغ اور سہولیات سے متعلق اہم وعدے شامل۔

A view of a programme by the Mumbai Congress` North India Cell in Malad. Picture: INN
ملاڈ میں ممبئی کانگریس کے شمالی ہند سیل کے پروگرام کا منظر۔ تصویر: آئی این این
برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی ) کے انتخابات ۱۵؍ جنوری کو منعقد ہو نے والے ہیں ۔الیکشن کی  تاریخ کے اعلان کے بعد شہر ومضافات میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ ممبئی کانگریس کے شمالی ہند سیل نےپیر کو ۷؍ نکاتوں پر مشتمل اپنا انتخابی منشور جاری کیا ہے جس میں شمالی ہندوستان کے باشندوں کے وقار ، ان کے تحفظ، خود روزگار کے فروغ اور شہری سہولیات سے متعلق اہم وعدے شامل  گئے ہیں۔ یہ منشور شاردا گیان پیٹھ انٹرنیشنل اسکول، دت مندر روڈ، ملاڈ مشرق میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں جاری کیا گیا۔ اس موقع پر ممبئی کانگریس کی صدر   رکن پارلیمان  ورشا گائیکواڑ نے کہا کہ کانگریس پارٹی ہمیشہ شمالی ہند کے باشندوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی رہی ہے اور کھڑی رہے گی۔
کانگریس کے قومی جنرل سیکریٹری اور اتر پردیش کے انچارج اویناش پانڈے نے مرکزی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سرحدیں محفوظ نہیں رہیں اور بی جے پی حکومت کے دور میں دہشت گردانہ واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک کی ترقی میں ہر طبقے کا  اہم کردار ہے مگر بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد سماجی ہم آہنگی کو نقصان پہنچا ہے۔اتر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اجے رائے نے کہا کہ شمالی ہند کے باشندوں کو متحد ہو کر بی جے پی اتحاد کو شکست دینے کیلئے کام کرنا ہوگا۔
اس موقع پر   رکن پارلیمان ورشا گائیکواڑ نے کہا کہ کانگریس حکومتوں کے دور میں شمالی ہندوستان کے باشندوں کو ہمیشہ نمائندگی دی گئی  ۔ کانگریس نے انہیں رکن اسمبلی، رکن پارلیمان، وزیر، کارپوریٹر اور میئر جیسے عہدوں پر فائز ہونے کے مواقع فراہم کئے جبکہ بی جے پی حکومت نے ایسا کوئی موقع نہیں دیا۔ بی جے پی ووٹ تو لیتی ہے مگر شمالی ہندوستانیوں کے مسائل حل نہیں کرتی۔سابق وزیر اور رکن اسمبلی اسلم شیخ نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ہمیشہ شمالی ہندوستان کے باشندوں کا احترام کیا ہے۔ شمالی ہند سیل کے صدر ایڈوکیٹ اوینیش تیرتھ راج سنگھ نے کہا کہ کانگریس وہ پہلی سیاسی پارٹی ہے جس نے شمالی ہندوستانیوں کے بنیادی مسائل کو باقاعدہ طور پر اپنے انتخابی منشور میں شامل کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ’’ شمالی ہندوستانیوں سے مکالمہ’ مسائل پر گفتگو‘ مہم کو برادری کی جانب سے زبردست پذیرائی ملی ہے جس میں لوگوں نے نہ صرف اپنے مسائل رکھے بلکہ کانگریس کے ساتھ مضبوط تعلق استوار کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔‘‘شمالی ہند سیل کے منشور میں اسٹریٹ وینڈرز پالیسی اور اسمارٹ وینڈنگ کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK