Inquilab Logo

ایندھن کے دام میں بے تحاشہ اضافے کیخلاف کانگریس کا احتجاج

Updated: July 09, 2021, 12:38 AM IST | Mumbai

مظاہرین نے مرکز سے سوال کیا کہ پاکستان میں پیٹرول کی قیمت ۵۸؍ روپے، نیپال میں ۵۶؍، بنگلہ دیش میں ۵۸؍ روپے ہے توہندوستان میں ۱۰۶؍ روپے فی لیٹر کیوں؟ ملک کے عوام کا خون پینا بند کیا جائے۔ممبئی کے ۲۲۷؍ وارڈوں میں یہ احتجاج ۱۷؍ جولائی تک جاری رہے گا

In Dharavi, Congress workers are protesting against the BJP government.Picture:Inquilab
دھاراوی میں کانگریس کے کارکنان بی جے پی حکومت کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔ تصویر انقلاب

پیٹرول، ڈیزل ا ور ایل پی جی گیس کی قیمتو ں میں بے تحاشہ اضافہ کے خلاف ممبئی کانگریس  نے پوری ممبئی میں احتجاج شروع کردیا ہے جو ۱۷؍ جولائی تک جاری رہے گا۔کانگریس نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مرکز میں برسر اقتدار بی جے پی کی غلط پالیسیوں کے سبب پیٹرول، ڈیزل اور رسوئی گیس کی قیمتو ں میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے۔ واضح رہے کہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی ہدایت پرپورے ملک میں احتجاج شروع کیاگیا ہے۔
    ممبئی کانگریس نے  شہرومضافات کے۲۲۷؍  وارڈوں میں احتجاج شروع کردیا جس  میں پارٹی کے تمام لیڈران، موجودہ اور سابق اراکین اسمبلی، کارپوریٹر، عہدیدار اور کارکنان بڑی تعداد میں شریک تھے۔ ممبئی کانگریس کے صدر بھائی جگتاپ نے مودی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے سوال کیا کہ ’’پاکستان میں پیٹرول کی قیمت ۵۸؍  روپے ، نیپال میں ۵۶؍، بنگلہ دیش میں ۵۸؍ روپے میں تو ہندوستان میں ۱۰۶؍ روپے فی لیٹر کیوں؟ ملک کے عوام کا خون پینا بند کیا جائے۔‘‘  انہوں نے یہ بھی کہاکہ ’’بی جے پی سرکار کی غلط پالیسیوں کے سبب پیٹرول،ڈیزل اور رسوئی گیس کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کے خلاف آندولن شروع کیا گیا ہے۔ یہ آندولن ایک شخص کا نہیں بلکہ ملک کے ۱۳۲؍ کروڑ عوام کا آندولن ہے۔ یہ ان کی آواز ہے۔   بے تحاشہ مہنگائی کی وجہ سے ملک کا ہر شخص پریشان ہے۔ جب پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو اس کے ساتھ ہی روز مرہ کی اشیاء کے دام بھی بڑھ جاتے ہیں ۔‘‘ بھائی جگتاپ  کے مطابق ۲۰۱۴ء  میں دنیا بھرمیں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تھاکیونکہ اس وقت خام تیل کی قیمت ۱۲۰؍  ڈالر فی بیرل تھی۔ اس وقت ہندوستان میں پیٹرول کی  قیمت ۷۴؍روپے فی لیٹر اور ایل پی جی کی  قیمت ۴۱۸؍ روپے فی سلنڈر تھی۔ ا سی د وران فلم اداکار ہ ہیما مالنی اور بی جے پی کی مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی نے گیس سلنڈر اٹھا کر آندولن کیا تھا۔ آج صورت حال یہ ہے کہ پیٹرول کی قیمت ۱۰۰؍روپے کے اوپر ہے جبکہ ایل پی جی کی قیمت ۹۵۰؍   روپے ہے۔  ہمارا بی جے پی لیڈر ہیما مالنی اور مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی سے سوال ہے کہ آج انہیں پیٹرول، ڈیزل اور رسوئی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیوں نہیں دکھائی دیتا اور وہ اس تعلق سے وزیر اعظم مودی سے سوال کیوں نہیں کرتیں؟ وہ سوال نہ کریں لیکن ہم تو جواب طلب کریں گے۔‘‘
  بھائی جگتاپ نے کہاکہ عوام کا غصہ، ناراضگی، ہمارے آندولن کی آنچ مودی حکومت تک پہنچے اس لئے آ ل انڈیا کانگریس کمیٹی کی جانب سے پورے ملک میں مرکزی حکومت کے خلاف احتجاج کیا جارہا ہے جو ملک کی تمام خواتین اور ہر شخص کا آندولن ہے۔  انہوں نے مزید کہاکہ ممبئی میں۱۷؍ جولائی تک اسی طرح یہ آندولن جاری رہے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK