Inquilab Logo

حکومت کا پیاز کے ایکسپورٹ پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ

Updated: February 22, 2024, 11:33 AM IST | New Delhi

پیاز کی برآمد پر پابندی ہٹانے کی خبروں کے بعد ملک کی سب سے بڑی ہول سیل پیاز مارکیٹ لاسلگاؤں میں پیاز کی ہول سیل قیمت۱۹؍ فروری کو۴۰ء۶۲؍ فیصد بڑھ کر۱۸۰۰؍روپے فی کوئنٹل ہو گئی تھی جو اس سے قبل ۱۷؍ فروری کو۱۲۸۰؍ روپے فی کوئنٹل تھی، امور صارفین کے سیکریٹری روہت کمار سنگھ نے ان خبروں کی تردید کرتےہوئے کہاکہ پابندی جاری رہےگی

Ban on export of onion will continue till March 31
پیاز کے ایکسپورٹ پر پابندی فی الحال ۳۱؍ مارچ تک جاری رہے گی

مرکزی حکومت نے واضح کیا ہے کہ پیاز کی برآمد پر پابندی برقرار رہے گی۔ مرکزی حکومت کے   امورصارفین کے سیکریٹری روہت کمار سنگھ نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ پیاز کی برآمد پر سے پابندی ہٹا دی گئی ہے۔پیاز کی برآمد پر پابندی ہٹانے کی جھوٹی خبروں کے بعد، ملک کی سب سے بڑی ہول سیل پیاز مارکیٹ لاسلگاؤں میں پیاز کی ہول سیل قیمت۱۹؍ فروری کو۴۰ء۶۲؍ فیصد بڑھ کر ۱۸۰۰؍روپے فی کوئنٹل ہو گئی تھی جو اس سے قبل ۱۷؍ فروری کو ۱۲۸۰؍ روپے فی کوئنٹل تھی۔
 روہت سنگھ نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ `پیاز کی برآمد پر پابندی نہیں ہٹائی گئی ہے ۔ یہ پابندیاں برقرار ہیں اور صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ صارفین کو مناسب قیمت پر پیاز کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ `پیاز کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے اس کی برآمد پر پابندی۳۱؍ مارچ۲۰۲۴ء کی پہلے سے اعلان کردہ آخری تاریخ تک جاری رہے گی۔ مرکزی حکومت نے پیاز کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے درمیان۸؍دسمبر۲۰۲۳ءکو پیاز کی برآمد پر پابندی لگا دی تھی۔
پیاز پر پابندی انتخابات تک جاری رہ سکتی ہے
 پی ٹی آئی کے مطابق پیاز کی برآمدات پر پابندی۳۱؍ مارچ کے بعد بھی برقرار رہ سکتی ہے۔ کیونکہ لوک سبھا انتخابات کی تاریخوں کا اعلان اگلے ماہ کیا جائے گا اور مئی کے مہینے میں ووٹنگ ہونے کا امکان ہے۔ایسے میں حکومت مہنگی پیاز کا خطرہ مول نہیں لے گی۔ ربیع (موسم سرما) میں پیاز کی پیداوار میں کمی کا امکان ہے۔ خاص طور پر مہاراشٹر میں، کم رقبہ کی وجہ سے پیاز کی پیداوار کم ہو سکتی ہے۔
ربیع سیزن میں پیداوار کا تخمینہ۲۲ء۷؍ملین ٹن تھا
 ۲۰۲۳ء کے  ربیع سیزن میں پیاز کی پیداوار کا تخمینہ۲۲ء۷؍ ملین ٹن تھا۔ وزارت زراعت کے افسران آنے والے دنوں میں مہاراشٹر، مدھیہ پردیش اور گجرات جیسی بڑی پیداواری ریاستوں میں پیاز کی ربیع فصل کا جائزہ لیں گے۔ پیاز پر پابندی کے درمیان، بین وزارتی گروپ سے منظوری کے بعد ضرورت کی بنیاد پر دوست ممالک کو پیاز کی برآمد کی اجازت ہے۔
اگست میں۴۰؍ فیصد ایکسپورٹ ڈیوٹی لگائی گئی
 اگست کے شروع میں، حکومت نے گھریلو اسٹاک کو برقرار رکھنے اور قیمتوں میں اضافے کو روکنے کیلئے پیاز پر۴۰؍ فیصد ایکسپورٹ ڈیوٹی عائد کی تھی۔ اکتوبر کے آخر میں پیاز کی برآمد کے لیے کم از کم برآمدی قیمت یعنی ایم ای پی ۸۰۰؍ ڈالر(تقریباً۶۶۷۱۰؍ روپے) فی ٹن مقرر کی گئی۔
حکومت کے پاس۵؍ لاکھ ٹن پیاز کا ذخیرہ ہے
 حکومت نے رواں مالی سال ۲۴-۲۰۲۳ءکیلئے۵؍لاکھ ٹن پیاز کا ذخیرہ  رکھا ہے۔ اس کے علاوہ حکومت اسٹاک کو مزید۲؍ لاکھ ٹن بڑھا کر۷؍ لاکھ ٹن کرنے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK