Inquilab Logo Happiest Places to Work

سوالیہ پرچہ آن لائن بھیج کر پرنٹ نکالنے پر غور

Updated: May 15, 2026, 9:06 AM IST | New Delhi

داخلہ امتحانوں کیلئے اس طریقہ کو ’’درمیانی راہ‘‘ کے طور پر دیکھا جارہا ہے مگر سوال یہ ہے کہ کیا ہر علاقہ میں اتنے ہائی اسپیڈ پرنٹر مہیا ہوسکیں گے؟

The central government is considering such a test as "NET". Photo: INN
مرکزی حکومت ’’نیٹ‘‘ کے ایسے امتحان پر غور کررہی ہے۔ تصویر: آئی این این

مرکزی حکومت ’’نیٹ‘‘ کے ایسے امتحان پر غور کررہی ہے جس میں امتحانی مراکز کو سوالیہ پرچہ ، امتحان شروع ہونے سے کچھ دیر پہلے ڈجیٹلی بھیجا جائیگا۔ امتحانی مراکز اُس کا پرنٹ آؤٹ لے کر امتحان میں شریک ہونے والوں میں تقسیم کرینگے۔ چونکہ اس میں ڈجیٹل طریقہ بھی ہے اور پرچہ کو کاغذ پر پرنٹ کرنا بھی ہے، اس لئے، اسے ’’ہائبرڈ‘‘ (ملا جلا) نام دیا گیا ہے۔ 
 افسران کا کہنا ہے کہ فی الحال اسی طریقے کو بہتر اور محفوظ متبادل سمجھا جارہا ہے کیونکہ ۲۳؍ لاکھ طلبہ کا بیک وقت آن لائن امتحان نہ تو ممکن ہے نہ ہی اس میں شہری اور دیہی علاقوں میں مساوات رہ سکتی ہے بالخصوص اس لئے کہ دیہی علاقوں کا نیٹ ورک سست ہوتا ہے۔ وزارتِ صحت کے ایک افسر نے میڈیا کو بتایا کہ نیشنل میڈیکل کمیشن (این ایم سی) اور نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کے درمیان عنقریب مشاورت ہوگی کہ نیٹ امتحان کے طریقہ کار میں اصلاحات کس طرح ہوں اور کیا پورے امتحان کو ڈجیٹائز کیا جاسکتا ہے۔ مگر اس سے قبل، درمیانی راہ کے طور پر مذکورہ ہائبرڈ طریقہ زیر غور ہے۔
 اس طریقے کی صلاح رادھا کرشنن کمیٹی نے دی تھی۔ واضح رہے کہ یہ کمیٹی ۲۲؍ جون ۲۴ء کو قائم کی گئی تھی جس کی ذمہ داری پیپر لیک مسئلہ سے نمٹنے کیلئے تجاویز پیش کرنا تھا۔ اکتوبر ۲۴ء میں اس نے ۱۰۱؍ تجاویز پر مبنی رپورٹ وزارت تعلیم کو پیش کردی تھی۔ اگر اس پر پہلے ہی غوروخوض کرلیا جاتا تو ممکن تھا کہ ۳؍ مئی کا نیٹ پرچہ لیک ہوتا اور نہ امتحان منسوخ کرنے کی نوبت آتی۔ 
 چونکہ سوالیہ پرچہ ڈجیٹلی بھیجنے اور امتحانی مراکز پر اس کا پرنٹ آؤٹ لینے پر غور ہورہا ہے تو سو ال یہ ہے کہ کیا اتنے ہائی اسپیڈ پرنٹر امتحانی مراکز پر دستیاب ہوں گے جو کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ پرنٹ آؤٹ نکال سکیں؟ 
 جہاں تک مکمل آن لائن امتحان کا سوال ہے، ہمارا انفراسٹرکچر اس کو سپورٹ نہیں کرسکتا۔ ایک افسر کے بقول موجودہ انفراسٹرکچر ایک تا ڈیڑھ لاکھ طلبہ کیلئے موزوں ہے مگر چونکہ ’’نیٹ‘‘ جیسے امتحان میں کئی لاکھ طلبہ شرکت کرتے ہیں اس لئے ڈجیٹل ڈھانچہ اتنے بڑے بوجھ کو برداشت نہیں کرسکتا۔ 

education Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK