ایک بار اس ملک میں سخت قحط پڑا۔ جس کی وجہ سے عقلمند لوگوں کے ذہن بھی خشک ہونے لگے۔ اس وقت ہر ذی شعور انسان جہاں سینگ سمائے وہیں جانے کی سوچنے لگا۔
EPAPER
Updated: November 21, 2026, 4:34 PM IST | Abdul Nasir | Begusarai
ایک بار اس ملک میں سخت قحط پڑا۔ جس کی وجہ سے عقلمند لوگوں کے ذہن بھی خشک ہونے لگے۔ اس وقت ہر ذی شعور انسان جہاں سینگ سمائے وہیں جانے کی سوچنے لگا۔
کسی زمانے میں ایک مغرور راجا تھا۔ ساتھ ہی اسے دولت کمانے کی بھی دھن سوار تھی۔ شاید تم یہ سوچو کہ جب وہ راجا تھا تو اسے کسی بھی چیز کی کیا کمی ہوگی؟ ہر چیز اس کے خزانے میں افراط سے موجود ہوگی۔ بلا شبہ اس کے خزانے میں کسی بھی چیز کی کمی نہ تھی۔ اس کے با وجود اسے کسی بھی طور صبر نہ ہوتا تھا۔ وہ ہر وقت اپنی رعایا کو خوشحال بنانے کے بجائے غریب و مفلس دیکھنا چاہتا تھا تاکہ وہ اس کی مرضی کے مطابق کام کرتے رہیں۔ چنانچہ وہ اسی غم میں برابر گھلتا رہتا تھا۔
ایک بار اس ملک میں سخت قحط پڑا۔ جس کی وجہ سے عقلمند لوگوں کے ذہن بھی خشک ہونے لگے۔ اس وقت ہر ذی شعور انسان جہاں سینگ سمائے وہیں جانے کی سوچنے لگا۔ کچھ ہی دنوں میں اس کا یہ نتیجہ ہوا کہ راجا کے نزدیکی منتری بھی اس کا ساتھ چھوڑنے لگے۔ لیکن اسے اس کا ذرّہ برابر احساس نہیں ہوا بلکہ اس قحط کے زمانے میں بھی عوام پر نئے ٹیکس لگانے کا منصوبہ بناتا رہا۔
پھر ایک دن راجا کے دل میں یہ خیال پیدا ہوا کہ شعبۂ مالیات میں اضافے کے لئے دربار لگائے اور منتریوں سے صلاح و مشورہ کرے۔ طے شدہ دن اس نے دربار لگایا اور اپنا مقصد بھی ظاہر کیا۔ یہ سن کر اس کے سمجھدار منتریوں نے اسے پہلے تو سمجھانے کی کوشش کی کہ وہ اس خیال سے باز آجائے۔ لیکن جب انہیں اندازہ ہوا کہ راجا نے صرف اپنی باتیں منوانے کے لئے انہیں جمع کیا ہے تو انہوں نے کچھ دیر تک اسے الٹے سیدھے سوالوں میں الجھائے رکھا۔ پہلا کچھ کہتا تو دوسرا کچھ، کوئی تالیاں بجاتا تو کوئی طنزیہ ہنسی ہنستا۔ غرض کہ کسی بھی نتیجے پر پہنچنے سے قبل اسے خود ہی دربار برخاست کرنا پڑا۔ اس نے بخوبی سمجھ لیا کہ اس کے منتری بھی اس کے ساتھ نہیں ہیں۔ اس لئے اس نے اپنے ارادے کو غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کر دیا۔
کچھ مہینوں کے بعد راجا نے پھر دربار لگایا۔ اب کے اس نے لوگوں کی آبادی کی فہرست طلب کی تاکہ اسے اپنے ملک میں آباد لوگوں کے رہن سہن کا اندازہ ہو جائے۔ اس دفعہ بھی اسے پہلے سے زیادہ شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ۔ وجہ یہ تھی کہ اب ملک میں جرائم پیشہ افراد کی تعداد زیادہ تھی جو ملک کے امن و امان کے لئے خطرہ بن گئے تھے۔
یہ بھی پڑھئے: پرندے موسم بدلنے پر ایک جگہ سے دوسری جگہ جاتے ہیں، کیوں؟
قحط کے گزرنے کے بعد ایک دفعہ اس ملک میں زبردست سیلاب آیا جس کے نتیجے انسان و حیوان کے علاوہ کھیتوں میں کھڑی فصلیں بھی تباہ ہوگئیں۔ ایک دن جب راجا کو اس کے منتری نے سیلاب کے بارے میں جانکاری دی تو اسے سن کر اس نے ایک مزاحیہ بات کہہ دی کہ دریاؤں کے فالتو پانی کو خشک نہروں میں چھوڑ دیا جائے تاکہ سیلاب کا زور ٹوٹ جائے۔ جب لوگوں نے یہ سنا تو حیران رہ گئے۔ ان میں سے ایک نے اس موقع پر کہا کہ بھلا سیلاب کے پانی کو اس طرح بھی کم کیا جاتا ہے؟ وہ تو برسات کے موسم میں دریا کے ابال کا وقت ہوتا ہے جس کے بے شمار فائدے ہیں۔ رفتہ رفتہ یہ پانی دریا میں خود ہی لوٹ جاتا ہے اور زمیں میں جذب ہو جاتا ہے۔
اس کے بعد راجا کی بے وقوفیاں روز بروز منظر عام پر آنے لگیں۔ وہ حصولِ دولت کے لئے جتنا بھی غور کرتا اسی قدر اس میں الجھتا چلا جاتا۔ انجام کار وہ بیمار پڑ گیا۔ اسے اپنی موت قریب نظر آنے لگی۔
ایک دن راجا کا ایک دوست اس سے ملنے آیا اور اس نے کسی اچھے طبیب سے اسے علاج کرانے کا مشورہ دیا۔ مرتا کیا نہ کرتا۔ اس نے اپنے علاج کے لئے بہت سے طبیبوں سے رجوع کیا۔ یہ سلسلہ کافی دنوں تک چلا لیکن مرض بڑھتا گیا جوں جوں دوا کی۔
آخر ایک دن اس علاقے کا نامی گرامی طبیب راجا کو دیکھنے آیا جو علم طب کے علاوہ علم نفسیات سے بھی واقف تھا۔ دورانِ گفتگو اس نے مرض کو پہچان لیا کہ اصل مرض کیا تھا؟ اس نے راجا کو مسلسل ایک سال تک علاج کرانے کے لئے کہا اور اکتانے اور جھنجھلانے سے بھی منع کیا۔ راجا نے کچھ پس و پیش کے بعد طبیب کی ہدایتوں پر عمل کرنے کا عہد کیا۔
دوسری جانب طبیب ایک جہاندیدہ شخص تھا۔ اس نے قیمتی ادویہ کے نام پر کچھ تلخ و ترش ادویہ کے نام نسخے پر لکھے۔ ساتھ ہی کچھ چیزوں سے پرہیز کرنے کو بھی کہا۔ راجا کو ان ادویات کو کھانے میں کافی مشقت کرنی پڑتی تھی۔ کئی کئی دفعہ تو الٹی بھی ہوگئی۔ پھر بھی صحتمند ہونے کی آرزو میں وہ اسے برابر کھائے چلا جا رہا تھا۔ اس طرح کئی ماہ گزر گئے۔ لیکن مرض دور نہ ہوا بلکہ دوائوں کی خوراک کو دیکھتے ہی اسکے پسینے چھوٹ جاتے۔
طبیب اسے ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو چیک اپ کے لئے بلایا کرتا تھا۔ ایک دن جب طبیب نے مرض کی کیفیت جاننے کے لئے بلایا تو راجا نے شرماتے ہوئے دواؤں کے استعمال کے وقت اپنے اوپر طاری ہونے والے خوف کا بھی اظہار کیا۔ یہ سن کر طبیب کے لب پر ہلکی سی مسکراہٹ چھا گئی۔ اس نے بظاہر تسلّی دیتے ہوئے کہا کہ اب میں ان دواؤں میں تبدیلی کرکے چند دوائیں لکھ دیتا ہوں۔ اسے کھانے سے آپ ضرور شفا یاب ہوجائیں گے۔ یہ دوائیں بلا ناغہ ایک ماہ تک کھانی پڑیں گی۔
طبیب چلا گیا۔ اس نے اپنے ملازم کے ہاتھ دواؤں کا ایک بڑا پیکٹ راجا کے یہاں بھجوا دیا۔ راجا نے نئے سرے سے ادویات کا استعمال شروع تو کیا لیکن اب اسکے دل میں نئے شکوک و شبہات نے جنم لے لیا تھا۔ کبھی کبھی تو اسے اپنے سائے سے بھی ڈر لگنے لگا۔ کبھی وہ اپنے اعتماد کو بحال کرنے کے لئے کسی منتری کو بلاتا تو کبھی فوجی افسران کو، کبھی خزانچی کو تو کبھی پہریدار کو طلب کرتا۔
ایک دن خزانچی کا حساب و کتاب دیکھتے وقت اسے اچانک غش بھی آگیا اور وہ تخت سے نیچے گر پڑا۔ درباریوں نے اسے اٹھا کر ہوش دلایا۔ اسی دوران طبیب کی جانب سے اسے ایک لفافہ موصول ہوا۔ جس میں لکھا ہوا تھا۔
’’مہاراج! میں نے ایک مدّت تک آپ کا علاج کیا لیکن حرص و ہوس کے مرض کے خاتمہ کی کوئی دوا ہنوز ایجاد نہیں ہوئی۔ اس لئے آپ سے معذرت کرتے ہوئے رخصت ہوتا ہوں۔‘‘
جوں ہی راجا نے یہ خط سنا اسے زبردست دورہ پڑا۔ اور جب تک کوئی طبیب یا وید اس کے علاج کے لئے آتا راجا اپنی زندگی کی بازی ہار چکا تھا۔ سچ ہے حرص کا انجام تباہی و بربادی کے علاوہ کچھ نہیں ہوتا۔ اس لئے ہمیں ہر حال میں اس سے بچنا لازم ہے۔