Inquilab Logo

امبرناتھ اور بدلاپور کے درمیان نئے اسٹیشن کی تعمیر کی کارروائی شروع

Updated: October 14, 2023, 9:05 AM IST | Ejaz Abdul Gani | Mumbai

مجوزہ چکھلولی ریلوے اسٹیشن کےلئے۸۲؍کروڑ روپے کا ٹینڈر جاری کیا گیا۔

Railway officers are conducting a survey for the construction of new Chikhloli railway station. Photo: INN
نئے چکھلولی ریلوے اسٹیشن کی تعمیر کیلئے ریلوے افسران سروے کررہے ہیں۔ تصویر:آئی این این

بدلاپور اور امبر ناتھ ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان مجوزہ چکھلولی ریلوے اسٹیشن کا تعمیراتی کام جلد شروع ہونے والا ہے۔ ممبئی ریلوے وکاس کارپوریشن (ایم آر وی سی )نے نئے  چکھلولی ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم کی تعمیر کیلئے ۸۱ ؍کروڑ ۹۳ ؍لاکھ روپے کے ٹینڈر جاری کئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ کئی برس  سے سینٹرل ریلوے کی جانب سے امبرناتھ اور بدلاپور  ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان مجوزہ چکھلولی ریلوے اسٹیشن کی تعمیر کا یقین دلایا جارہا تھا۔ تاہم مختلف تکنیکی دشواریوں کے سبب وقت مقررہ پر نئے ریلوے اسٹیشن کا تعمیراتی کام شروع نہیں ہو پایا  اوراس کیلئے درکار قطعہ اراضی کی حصولیابی میں متعدد رکاوٹیں بھی آئیں۔اب ممبئی اربن ٹرانسپورٹ پروجیکٹ (ایم یو ٹی پی۔۳ )کے تحت کلیان سے بدلاپور کے درمیان تیسری اور چوتھی ریلوے لائن بچھائی جائے گی۔اسی پروجیکٹ کے تحت امبرناتھ اور بدلاپور ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان چکھلولی ریلوے اسٹیشن تعمیر کیا جائے گا۔
عیاں رہے کہ گزشتہ ۲۰ ؍ سال سے کئی نامی گرامی بلڈر اپنے ہاؤسنگ پروجیکٹ کو یہ کہہ کر فروخت کررہے تھے کہ یہاں جلد ہی چکھلولی ریلوے اسٹیشن تعمیر ہوگالیکن حقیقت میں اسٹیشن کی تعمیر نہ ہونے سے مکانات خریدنے والے افراد میں بے چینی پائی جارہی تھی۔تاہم اب ریلوے   اور ریاستی حکومت  کے مالی تعاون سے چکھلولی ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم کی تعمیر کیلئے ٹینڈر جاری کردیئے گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK