Inquilab Logo

شہر و مضافات کے قبرستانوں میں کورونا گائیڈ لائن پرعمل کیا گیا

Updated: March 30, 2021, 6:18 AM IST | Kazim Shaikh | Marine Lines

قبرستانوں میں بھیڑ بھاڑ کو روکنے کیلئے ٹرسٹیان نےرات ۸؍بجے اور اس سے پہلے ہی گیٹ بند کردئیے تھے ۔عوام نے بھی سمجھ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اتوار کی دوپہر اور پیر کے روز فجر کی نماز کے بعد قبرستان پہنچ کر ایصال ثواب اور دعائے مغفرت کی اور قبروں کی زیارت کی،وسئی میں بھیڑ زیادہ ہونے کے سبب پولیس کو مداخلت کرنی پڑی

Muslim Cemetery - Pic : INN
مسلم قبرستان ۔ تصویر : آئی این این

 یہاں  جامع مسجد ممبئی ٹرسٹ کے زیراہتمام بڑا قبرستان  ( مرین لائنس) میں حکومت مہاراشٹر کی جانب سے آنے والی دوسری گائیڈ لائن کے مطابق  شب  برأت کو رات   ۸؍ بجے قبرستان کا گیٹ عوام کیلئے بند کردیا گیا تھا ۔ ایصال ثواب اور مغفرت کے علاوہ   پوری  دنیا سے کورونا وائرس کوختم کرنے کیلئے خصوصی طور پر دعاؤں کا اہتمام بھی کیا گیا۔ نیز جو زائرین شبینہ کرفیو کی وجہ سے شب برأت میں  قبرستان   تک نہیں  پہنچ سکے  وہ دوسرے  دن یعنی پیر کی صبح فجر کی نماز کے بعد اپنے مرحومین کی دعائے مغفرت کیلئے قبرستان پہنچے اور  قبروں پر پھول وغیرہ ڈال کر فاتحہ کی۔ اس دوران پولیس اہلکاروں کی جانب سے  قبرستان کے باہر بھاری بندوبست کیا گیا تھا ۔ 
 مرین لائنس جامع مسجد ٹرسٹ ممبئی ( بڑا قبرستان ) کے ٹرسٹی شعیب خطیب نے کہا کہ ’’ہر سال کی طرح شب برأت میں قبرستان آنے والے زائرین کیلئے پینے کے پانی سے لے کر وضو وغیرہ کیلئے پانی اور روشنی کا بھرپور انتظام کیا گیا تھا ۔ البتہ کوروناکی دوسری لہر کے پیش نظر حکومت مہاراشٹر کی جانب سے آنے والی گائیڈ لائن کے مطابق رات کو ۸؍بجے قبرستان کا گیٹ عوام کیلئے بند کردیا گیاتھا ۔ عوام نے بھی سمجھ داری کا مظاہرہ کیا۔‘‘  
 بڑا قبرستان کے ٹرسٹی نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے مقابلے اس سال ۴۰ ؍ فیصد ہی زائرین قبرستان پہنچے تھے اور ٹرسٹ کی جانب سے حفظ ماتقدم کے طور پر ۱۲۰؍ سیکوریٹی گارڈز، ۱۲۵؍ رضا کار دیکھ بھال کیلئے رکھے گئے تھے ۔ البتہ گیٹ بند ہوجانے کی وجہ سے ہزاروں زائرین کو رات میں واپس جانا پڑا  اور یہ لوگ دوسرے دن یعنی پیر کی صبح فجر کی نماز کے بعد قبرستان آکراپنے مرحومین کے قبروں پر فاتحہ وغیرہ پڑھی۔ انھوں نے ایل ٹی مارگ پولیس اسٹیشن کے اہلکاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی جانب سے بھی شب برأت اور ہولی کا تہوار ایک ساتھ آنے پر بہت اچھا اور بھاری انتظامات کئے گئے تھے ۔
گوونڈی دیونار قبرستان 
 دیونار قبرستان کے ٹرسٹی عبدالرحمان عرف  منا نے بتایا کہ اس سال  قبرستان میں رات کے کرفیو کی وجہ سے زائرین صبح سے ہی قبرستان آنا شروع ہوگئے تھے اور شام کو ۶؍بجے تک اس قدر قبرستان میں بھیڑ بھاڑ ہوگئی تھی کہ گیٹ بند کرنا پڑا ۔ اسی دوران پولیس کے اعلیٰ افسران نے بھی قبرستان کے  باہر آکر حالات کا جائزہ لیا ۔  حکومت کی گائیڈ لائن کو دیکھتے ہوئے زائرین  نے بھی سمجھداری دکھائی اور  زیادہ بھیڑ بھاڑ نہ ہو اس وجہ سے گھروں کو لوٹ گئے اور دوسرے دن زیارت کیلئے آئے ۔
گوونڈی رفیع نگر قبرستان 
 گوونڈی رفیع نگر قبرستان سے ابرار احمد چودھری نے بتایا کہ رفیع نگر قبرستان کے باہر پولیس کا  بھاری بندوبست لگایا گیا تھا اور شام میں زائرین کی بڑھتی  بھیڑ کو روکنے کیلئے گوونڈی شیوا جی نگر پولیس اسٹیشن کے پولیس اہلکاروں نے حکومت کی گائیڈ لائن کےپیش نظر اتوار کی شام ۶؍بجے ہی رفیع نگر قبرستان کا گیٹ بند کروادیا تھا ۔ دیونار قبرستان میں رات کو تقریباً ۸؍بجے تمام قبروں پر پھول  ڈالے گئے لیکن رفیع نگر قبرستان میں  پولیس اہلکاروں نے پھول تک  ڈالنے کی اجازت نہیں دی اور رات کو  ۲؍بجے بڑی مشکل سے وہاں پر بھی پھول وغیرہ  ڈالے گئے ۔
گھاٹ کوپر قبرستان 
 گھاٹ کوپرمسلم  قبرستان ٹرسٹ کے جنرل سیکریٹری الطاف شیخ نے بتایا کہ گھاٹ کوپر مسلم قبرستان کے گیٹ پر ’نوماسک نوانٹری‘ کا بورڈ لگاکر کووڈ ۱۹؍ سے بچنے کیلئے ٹرسٹ کے ذریعہ تمام انتظامات کئے گئے تھے ۔ علاقے میں ٹرسٹ کی جانب سے وہاٹس ایپ پر شبینہ کرفیو اور قبرستان آنے والوں کی رہنمائی کی گئی تھی اور زائرین کو اندر جانے اور  آنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے ۔ فقیروں کو قبرستان کے قریب آنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ 
وسئی جامع مسجد ٹرسٹ قبرستان 
 وسئی جامع مسجد ٹرسٹ کے ٹرسٹی ڈاکٹر نصیر احمد شیخ نے بتایا کہ وسئی عید گاہ قبرستان کولی واڑہ اور ہاتھی محلہ قبرستان کے علاوہ جامع مسجد ٹرسٹ کو وسئی پولیس اسٹیشن کی جانب سے ایک لیٹر کے ذریعہ رات ۱۱؍بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت دے دی گئی تھی لیکن رات میں تقریباً ۱۰؍ بجے قبرستان میں بھیڑ بھاڑ ہونے اور رضاکاروں سے بے قابو ہونے پر پولیس نے قبرستان کے اندر جا کر لوگوں کو باہر نکالا ۔ پیر کی صبح فجر کی نماز کے بعد قبرستان کا گیٹ کھولنا پڑا ۔ جو لوگ رات میں قبرستان نہیں آ سکے تھے  وہ پیر کو دوپہر بڑی تعداد میں قبرستان پہنچے تھے ۔ 
وسئی النور مسجد   ( ریلوے اسٹیشن ) 
 وسئی ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبرایک سے ملحق النور مسجد کے ٹرسٹی حاجی عبدالقیوم اعظمی نےکہا کہ حکومت کی گائیڈ لائن کے مطابق مسجد کے باہر بورڈ لگاکر مصلیان سے درخواست کی گئی تھی کہ وہ  عشا اور فجر کی نماز گھر پر ادا کریں۔ بقول ٹرسٹی مسجد النور میں احتیاطی اقدامات  کے طور پر بورڈ لگائے گئے تھے اور مسجد میں چند افراد نے نماز ادا کی ۔ اسی طرح کرلا ، قریش نگر،  چمبور ، چیتا کیمپ ، جری مری ، ساکی ناکہ، وڈالا ، میگھ واڑی ، اوشیوارہ  ، ارلا ، اندھیری ، ماہم ، میراروڈ  وغیرہ کے قبرستانوں میں بھی زائرین کیلئے خصوصی انتظامات اور احتیاطی اقدامات کئے گئے تھے۔تمام قبرستانوں میں کورونا کی گائیڈ لائن کا خیال رکھا گیا اور اس پر پوری طرح سے عمل کیا گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK