Inquilab Logo

کورونا کے سبب امریکی فضائی کمپنی کو ۳؍ ماہ میں ۴۰؍ کروڑ کا نقصان

Updated: January 19, 2022, 12:32 PM IST | Agency | Washington

ڈیلٹا ایئر لائن کے ۸؍ ہزار ملازمین کورونا سے متاثر ، نیزاس عرصے میں کل ۲۰۰۲؍ پروازیں معطل ہوئی ہیں

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

زندگی کے دوسرے شعبوں کی طرح اومیکرون وائرس کے سبب  امریکہ میں ہوابازی کی صنعت کو بھی بڑے پیمانے پر متاثر کیا ہے اور ڈیلٹا ایئر لائن کو دسمبر کے ہفتے میں کئی پروازوں کے منسوخ ہونے کے باعث ۴۰۸؍ ملین ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا۔کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایڈ باسٹین کے مطابق گزشتہ چار ہفتوں کے دوران ایئر لائن کے ۸؍ ہزار ملازمین کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ لیکن ایئرلائن نے کہا ہے کہ وہ اس سال موسم بہار اور موسم گرما کے مصروف فضائی سفر کے دوران مالی بحالی کیلئے پر امید ہے۔ البتہ، اس  سے قبل اسے ایک اور سہ ماہی کیلئے مالی نقصان برداشت کرنا ہوگا۔اطلاع  کے مطابق  اومیکرون  کے پھیلاو اور ملازمین کے کورونا میں مبتلا ہونے  سے ۲۴؍ دسمبر کے بعد ڈیلٹا ایئر لائن کی ۲۰۰۲؍ پروازیں منسوخ ہوئی ہیں۔لیکن گزشتہ کچھ دنوں میں پروازوں کی منسوخی میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔  پھر بھی  ایئر لائن کو ۷۵؍ ملین ڈالر کا نقصان ہوا۔ اب خدشہ ہےکہ عالمی وبا نے فضائی سفر کی صنعت کی بحالی کے کام کو دو ماہ پیچھے دھکیل دیا ہے۔ڈیلٹا کے سی ای او باسٹین کہتے ہیں کہ جنوری یا فروری کے پہلے حصے میں سفر کیلئے کی گئی بکنگ میں اضافہ متوقع نہیں ہے، کیونکہ یہ سال کا وہ وقت ہے جب ہوائی سفر کم ترین سطح پر ہوتا ہے۔ اور اب تو اومیکرون کے باعث اس   میں اور بھی کمی آگئی ہے۔وہ کہتے ہیں کہ فضائی سفر میں بہتری کیلئے وائرس کے پھیلاو میں کمی کے بعد اعتماد بحال کرنےکی ضرورت ہوگی۔ان کے خیال میں اگلے چند دنوں میں اومیکرون انفیکشن عروج پر ہو گا اور پھر تیزی سے کم ہو گا جیسا کہ یہ جنوبی افریقہ اور برطانیہ کے معاملے میں ہوا ہے۔
 اومیکرون وائرس نے سفر کے رجحان میں سست رفتاری سے ہونے والے اضافے کو روک دیا ہے۔ جنوری میں اب تک، امریکہ میں ہوائی سفر کرنے والوں کی تعداد ۲۰۱۹ءکے اسی مہینے کے مقابلے میں ۲۰؍  فیصدکم رہی اور گراوٹ کا یہ رجحان نومبر اور دسمبر میں ۱۶؍ فیصد کی کمی سے بھی بدتر ہے۔ کمپنیوں کے ملازمین کا کورونا سے متاثر ہونا ایک علاحدہ مصیبت ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK