Updated: April 10, 2026, 6:07 PM IST
| Mumbai
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان جاری ہے، جس کے باعث برینٹ اور امریکی خام تیل دونوں کی قیمتیں نئی سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت میں ۳۹ء۰؍ فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی قیمت ۲۹ء۹۶؍ ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔
تیل کا کنواں۔ تصویر:آئی این این
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان جاری ہے، جس کے باعث برینٹ اور امریکی خام تیل دونوں کی قیمتیں نئی سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت میں ۳۹ء۰؍ فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی قیمت ۲۹ء۹۶؍ ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔
اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت بھی ۳۰ء۰؍فیصد اضافے کے بعد ۱۶ء۹۸؍ ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگئی ہے۔ معاشی ماہرین اور بین الاقوامی میڈیا کا کہنا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی بنیادی وجہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حالات کی خرابی کے باعث آبنائے ہرمز سے تیل کی سپلائی معطل ہو سکتی ہے، جس کے نتیجے میں عالمی مارکیٹ میں سپلائی کا بحران پیدا ہونے کے باعث قیمتوں میں مزید اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:اعجاز خان کی سمئے رائنا کو دھمکی: کہا،مجھے کہیں بھی نظر نہیں آنا
دوسری جانب عالمی معاشی صورتحال کے تناظر میں آج ایشیائی اسٹاک مارکیٹوں میں کاروبار کا آغاز مثبت رجحان کے ساتھ ہوا ہے، جہاں زیادہ تر بڑے انڈیکسز سبز نشان کے ساتھ ٹریڈ کر رہے ہیں۔ ٹوکیو کے نکئی انڈیکس میں جمعہ کو۷ء۰؍ فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ جنوبی کوریا کے کوسپی انڈیکس میں ۶ء۰؍ فیصد کی بہتری دیکھی گئی۔
یہ بھی پڑھئے:ایل ایس جی کے خلاف ملی شکست کو کے کے آر کے لیے برداشت کرنا مشکل ہوگا: محمد کیف
چینی مارکیٹوں میں بھی تیزی کا رجحان رہا جہاں شنگھائی کمپوزٹ انڈیکس اور ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ انڈیکس، دونوں میں ۲ء۰؍فیصد کا اضافہ ہوا۔ ہندوستانی اسٹاک مارکیٹ میں بھی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال نظر آیا، جہاں ممبئی اسٹاک ایکسچینج کا سینسیکس انڈیکس ۸ء۰؍ فیصد جبکہ نیفٹی ففٹی انڈیکس ۵ء۰؍ فیصد اضافے کے ساتھ اوپر ٹریڈ کر رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق ایشیائی مارکیٹوں میں یہ مثبت تبدیلی عالمی سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کی عکاسی کرتی ہے۔