• Thu, 30 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

طوفان ’مونتھا‘ سے اودیشہ ،آندھرا اور تلنگانہ متاثر

Updated: October 29, 2025, 11:42 PM IST | Hyderabad

متعدد علاقوں میں طوفانی بارش، کئی علاقے زیر آب، تیزہواؤں سے درخت اور ستون اکھڑگئے، ٹرین اور ہوائی خدمات کچھ گھنٹوں کیلئے ٹھپ

This image taken from a helicopter shows an area in Andhra Pradesh submerged in water due to heavy rains.
ہیلی کاپٹر سے کھینچی گئی اس تصویر میں آندھرا پردیش کا ایک علاقہ شدید بارش کے سبب زیر آب آگیا ہے

سمندری طوفان مونتھا جو منگل کی رات ساحل عبور کرنے کے بعد تقریباً۹۰؍ کلومیٹر دور مچھلی پٹنم کے قریب مرکوز تھا، نے آندھرا پردیش کے سات اضلاع میں تباہی مچا دی، جس کے نتیجہ میں بارش سے متعلق واقعات میں دو افراد ہلاک ہوگئے۔ یہ طوفان مشرقی اور مغربی گوداوری، وشاکھاپٹنم، کرشنا، گنٹور، پرکاشم اور نیلور اضلاع میں شدید تباہی کا باعث بنا، جہاں۴ء۵؍ لاکھ ایکڑ سے زائد اراضی پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔ وزیراعلیٰ این چندرابابو نائیڈو نے بدھ کوضلع کلکٹرس اور دیگر حکام کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متاثرہ علاقوں میں بڑے پیمانہ پر امدادی کارروائیاں شروع کرنے کی ہدایت دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بجلی کی بحالی کے لئے۱۰؍ہزارسے زائد افراد کو تعینات کیا گیا ہے اور متاثرہ خاندانوں کو چاول اور تیل سمیت ضروری اشیاء فراہم کی جائیں۔ متاثرہ اضلاع میں۳۰۰؍ سے زائد بجلی کے کھمبے اور ہزاروں درخت جڑ سے اکھڑ گئے جبکہ۵۴؍ ٹرانسفارمرز بھی نقصان کا شکار ہوئے۔ اس کے علاوہ۱۳۷؍ کلومیٹر طویل سڑکیں بھی تباہ ہوگئیں۔
طوفان مونتھا کے سبب،بعض ٹرینیں منسوخ
 سمندری طوفان مونتھا کے سب ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے مسافروں کی حفاظت اور آپریشنل کارکردگی کو یقینی بنانے کے لئے بعض ٹرینوں کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سکندرآباد۔ وشاکھاپٹنم ایکسپریس کو۲۹؍ اکتوبر کو منسوخ کر دیا گیا ہے جبکہ ٹی ہاوڑہ۔ سکندرآباد فلک نماایکسپریس۳۰؍اکتوبر کو منسوخ رہے گی۔  
طوفان مونتھا آندھرا پردیش سے گزرگیا
 شدید سمندری طوفان (ایس سی ایس)مونتھا گزشتہ شب آندھرا پردیش کے ساحل کو عبور کر گیا اور توقع ہے کہ یہ آئندہ چھ گھنٹوں میں کمزور پڑ جائے گا۔ یہ اطلاع محکمہ موسمیات نے دی ہے۔ محکمے نے اپنی تازہ اپڈیٹ میں کہا کہ اگلے چھ گھنٹوں کے دوران طوفان کے ساحلی آندھرا پردیش سے گزرتے ہوئے شمال مغرب کی سمت میں بڑھنے اور کمزور ہو کر ایک عام سمندری طوفان میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔ شدید سمندری طوفان   کا پچھلا حصہ آئندہ 1 سے 2 گھنٹوں میں مکمل طور پر زمین پر داخل ہو جائے گا۔
بہار اور یوپی میں بھی اثر دکھائی دے رہا ہے
 طوفان ’مونتھا‘ کا اثر اب بہار میں بھی دکھائی دینے لگا ہے۔ محکمۂ موسمیات پٹنہ نے ریاست کے متعدد اضلاع کے لئے اگلے دو روز تک موسلادھار بارش اور تیز ہواؤں کا الرٹ جاری کیا ہے۔  جبکہ اتر پردیش کے متعدد اضلاع میں بے موسم بارش جاری ہے۔ حکام کے مطابق مشرقی اتر پردیش کے مختلف مقامات پر بارش اور گرج چمک کے ساتھ بجلی گرنے کے امکانات ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK