Inquilab Logo

دابھولکر قتل کیس :سی بی آئی کی تحقیقات مکمل لیکن ہائی کورٹ نے مزید تین ہفتوں کاو قت دیا

Updated: January 31, 2023, 11:15 AM IST | Nadeem asran | Mumbai

استغاثہ نے کورٹ سے کہا کہ ایجنسی نے جو حلف نامہ داخل کیا ہے اس کے مطابق اب مزید تفتیش کی ضرورت باقی نہیں رہ جاتی، اس پر کورٹ نے پوچھا کہ کیا ہر زاویہ سے جانچ پوری ہوچکی ہے ؟

Dr. Narendra Dabholkar
ڈاکٹر نریندر دابھولکر

پیر کوبامبے ہائی کورٹ میں سماجی رضاکار نریندر دابھولکرقتل کیس کی جانچ سےمتعلق ہونےوالی سماعت کے دوران استغاثہ نے کورٹ سے کہا کہ مذکورہ بالا کیس کی تفتیش سلسلہ میں ایجنسی نے جو حلف نامہ داخل کیا ہے اس کے مطابق اب تک کی جانچ کے تحت اب مزید تفتیش کی ضرورت باقی نہیں رہ جاتی ۔اس پر ہائی کورٹ نے سوال کیا کہ کیا ہر زاویہ سےجانچ مکمل کر لی گئی ہے؟‘‘اس پر استغاثہ نے جانچ کے مکمل ہونےکے سلسلہ میں تفصیلات حاصل کرنے کیلئے۳؍ہفتہ کی مہلت مانگی تھی جسےکورٹ نےقبول کرلیا ۔
 تفتیش کے تعلق سے اور مذکورہ کیس کی جانچ بامبے ہائی کورٹ نگرانی میں جاری رکھے جانے کے سلسلہ میں ہائی کورٹ کی دو رکنی بنچ کے جسٹس اے ایس گڈکری اور جسٹس پی ڈی نائک کے روبرو جاری سماعت کے دوران سی بی آئی کی جانب سے ایڈیشنل سولیسٹرجنرل انل سنگھ نےحلف نامہ داخل کرتے ہوئے بتایا’’ تفتیشی ایجنسی کے بقول انہوں نے کیس کے تعلق سے تمام تحقیقات مکمل کر لی ہے اور اس میں مزید جانچ کی ضرورت باقی نہیں رہ گئی ہے ۔اس کے علاوہ کیس کے تعلق سے تفتیش میں پیش رفت اور رکی ہوئی جانچ رپورٹ کی تمام تر تفصیلات خصوصی عدالت کے روبرو پیش کی جاچکی ہے ۔ کیس کے سلسلہ میں خصوصی عدالت کے روبرو جاری سماعت کا سلسلہ شروع ہے اور اب تک ۳۲؍ میں سے ۱۵؍ گواہوں کے بیانات بھی درج کئے جاچکے ہیںاور اب یہ کورٹ کو طے کرنا ہے کہ اس سلسلہ میں مزید کیا کیا جانا چاہئے ۔‘‘
 یاد رہےکہ بامبے ہائی کورٹ مقتول دابھولکر کی بیٹی کی داخل کردہ درخواست پر سماعت کررہی ہے جس میں تفتیش سے مطمئن نہ ہونے کا جواز پیش کیا گیا ہے اور کورٹ سے اپنی نگرانی میں  جانچ کی درخواست پر سماعت کررہی ہے ۔دوران سماعت استغاثہ کے تفتیش مکمل ہونے کی دلیل پر دابھولکر کی بیٹی کی جانب سے جرح کرنے والے وکیل ابھئے نیوگی نے کہا کہ ’’ عدالت بذات خود اپنی نگرانی میں تفتیشی ایجنسی کی جانچ کاجائزہ لے رہی ہے اور اب بھی تفتیش میں کئی خلاء اور خامیاں موجود ہیں ۔‘‘ایک ملزم کی نمائندگی کرتے ہوئےوکیل سبھاش جھا نے کہا کہ ’’ اس معاملہ میں ایک دو نہیں بلکہ۳؍ چارج شیٹ داخل کی جاچکی ہے اور اگر اس معاملہ میں اب بھی تفتیش ہائی کورٹ کی نگرانی میں ہوگی یا ہائی کورٹ اس سلسلہ میں کوئی ہدایت جاری کرے گا تو خصوصی عدالت میں جاری مقدمہ پر اس کا اثر پڑسکتا ہے ۔یہی نہیں قانوناً چارج شیٹ داخل کرنےکے بعدہائی کورٹ کی نگرانی میں جانچ کے سلسلہ کو ختم کر دیا جانا چاہئے۔‘‘ اس پر دو رکنی بنچ نے استغاثہ کے وکیل سے سوال کیا کہ کیا جانچ ہر زاویہ سے مکمل ہوچکی ہے ۔ اگر ایسا ہے تو کورٹ کو اس بات سے آگاہ کیا جائے ۔اس پر سی بی آئی کے وکیل انل سنگھ نے تین ہفتے کی مہلت مانگی تھی جسے کورٹ نے قبول کر لیاہے اور مذکورہ بالا معاملہ کی تفتیشی و تفصیلی رپورٹ آئندہ ہونےوالی سماعت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئےسماعت کوملتوی کردیا ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK