نافع سنگھ کے اہل خانہ کا کہنا ہےکہ وہ تب تک آخری رسومات ادا نہیں کریں گے جب تک ملزموں کو گرفتار نہیں کیا جاتا۔
EPAPER
Updated: February 27, 2024, 6:31 PM IST | Chandigadh
نافع سنگھ کے اہل خانہ کا کہنا ہےکہ وہ تب تک آخری رسومات ادا نہیں کریں گے جب تک ملزموں کو گرفتار نہیں کیا جاتا۔
ہریانہ پولیس نے اتوار کو انڈین نیشنل لوک دل(آئی این ایل ڈی) کے ریاستی صدرنافع سنگھ راٹھی کے قتل میں بہادر گڑھ سے بی جے پی کے سابق ایم ایل اے نریش کوشک سمیت۱۲؍ افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ ملزمین میں کوشک کے علاوہ کئی عوامی نمائندے بھی شامل ہیں۔ خیال رہے کہ نافع سنگھ راٹھی کو اتوار کو بہادر گڑھ میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا، ان کا ایک ساتھی بھی ہلاک ہو گیا، یہ واقعہ جھجر ضلع میں پیش آیا۔ نافع سنگھ راٹھی پر اتوار کو اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ بہادر گڑھ سے گزر رہے تھے۔ ہیونڈائی آئی -۱۰؍میں سوار شوٹروں نے ایک ریلوے کراسنگ کے قریب راٹھی کی کار پر فائرنگ کی جس میں کئی سکیوریٹی اہلکار بھی شدید زخمی ہوئے۔ حملے کے بعد راٹھی کو گولی لگنے کے بعد اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ جہاں بعد میں ان کی موت ہو گئی۔ نافع سنگھ راٹھی ہریانہ اسمبلی میں دو بار ایم ایل اے رہ چکے ہیں۔ وہ ہریانہ سابق ایم ایل ایز ایسوسی ایشن کے ریاستی صدر بھی تھے۔ راٹھی نے روہتک حلقہ سے لوک سبھا الیکشن بھی لڑا تھا۔ ملزمین میں بہادر گڑھ میونسپل کونسل کی چیئرپرسن سروج راٹھی کے شوہر رمیش راٹھی، ان کے قریبی رشتہ دار کرم بیر راٹھی اور کمل راٹھی، سابق وزیر مانگے رام راٹھی کے بیٹے ستیش نمبردار، پوتے گورو، راہل اور پانچ نامعلوم حملہ آور شامل ہیں۔ ان کے خلاف قتل اور سازش کے الزامات کے تحت رپورٹ درج کی گئی ہے۔ ادھر نافع سنگھ راٹھی کے اہل خانہ نے کہا ہےکہ وہ اس وقت تک آخری رسوم نہیں اداکرینگےجب تک ملزموں کو گرفتار نہیں کرلیاجاتا۔