Inquilab Logo

ٹی بی کے خاتمہ کیلئے میرا بھائندر پیٹرن اپنانے کا فیصلہ

Updated: July 09, 2023, 10:19 AM IST | Mumbai

حکومت نے مریضوں کی نشاندہی اور علاج کیلئے اس پیٹرن کو تمام بلدیہ میں نافذ کرنے کا حکم دیا

If TB patients are identified, treatment can be started soon. (File Photo)
ٹی بی کے مریضوں کی نشاندہی ہونے پر جلد علاج شروع کیا جاسکےگا۔(فائل فوٹو)

 میرا۔بھائندر میونسپل کارپوریشن نجی شراکت سے شہر میں تپ دق(ٹی بی) کے خاتمے کے پروگرام کو نافذکر رہی ہے اور اس کے ذریعے اچھے نتائج بھی سامنے آرہے ہیں۔ ریاستی حکومت نے میرا۔بھائندر کی اس پروگرام کیلئے ستائش کی اور اسے پہلا درجہ دیا ہے۔ میرا۔ بھائندر میں مؤثر کوششوں کے پیش نظر، تپ دق کے خاتمے کے اس’ `میرا۔بھائندر پیٹرن‘ کو اب پورے ممبئی میٹروپولیٹن ریجن میں نافذ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
 ملک بھر میں ٹی بی کے مریضوں کی بڑھتی تعداد کو دیکھتے ہوئے مرکزی حکومت نے ۲۰۲۵ء تک ٹی بی کے خاتمے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے میونسپل اور ضلعی سطح پر ٹی بی کے خاتمے کے پروگرام کے تحت مشتبہ مریضوں کی شناخت اور ان کا علاج کرنے کا ہدف دیا گیا ہے۔ میرا۔بھائندر میونسپل کارپوریشن  نے ۲۰۲۲ءمیں اس پروگرام کے تحت ۹۲؍ فیصد کے سب سے زیادہ اسکور کے ساتھ ریاست میں پہلے نمبر پر رہی۔اس کے لئے بلدیہ کے شعبہ میڈیکل کے ساتھ نجی میڈیکل سیکٹر کا تعاون لیا گیا۔ میونسپل کارپوریشن نے پورے شہر میں سروے کیا، مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ کئے ، ضرورت مند مریضوں کو غذائیت سے بھرپور خوراک فراہم کرنے کیلئے سماجی تنظیموں سے مدد لی گئی۔ نجی اسپتالوں میں داخل مشتبہ مریضوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا تھا۔اس کے ساتھ دوا فروشوں اور لیبارٹریوں کو ہدایت دی گئی کہ وہ ٹی بی سے متعلق ادویات اور ٹیسٹ کے لئے آنے والے مریضوں کے بارے میں معلومات فراہم کریں۔ ان کی طرف سے موصول ہونے والی معلومات کی بنیاد پر مریضوں کا علاج کیا گیا۔
  اس کے ساتھ ساتھ نجی شعبے کے تپ دق کے ماہرین کی مدد سے مریضوں کا طبی معائنہ کیا گیا۔ اس کارروائی نے میونسپل کارپوریشن کو ٹی بی کے خاتمے کے پروگرام کے تحت مزید مریضوں کا پتہ لگانے اور ان کا علاج کرنے کے قابل بنایا۔
 میرا بھائندر میونسپل کارپوریشن  کے کمشنر دلیپ ڈھولے نے بتایا کہ بلدیہ کی جانب سے گزشتہ سال اور اس سال بھی مشتبہ مریضوں کی تلاش اور تپ دق کے خاتمے کے پروگرام کے تحت ان کے علاج کے لئے مختلف اقدامات کئےگئے ہیں۔ اس کی بنیاد پر ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا تاکہ دیگر کارپوریشن بھی کارروائی کر سکیں۔ دیگر بلدیاتی اداروں کے اقدامات کو مدنظر رکھتے ہوئے بھی کارروائی کی جائے گی۔انہوںنے مزید کہا کہ ٹی بی کے خاتمہ کیلئے ہم نے جو پیٹرن اپنایا ہے اسے دیگر بلدیہ بھی اپنا کر مریضوں کی جلد نشاندہی کر سکتے ہیں اور ان کا علاج کرسکتے ہیں۔اس طرح سے ۲۰۲۵ء تک ٹی بی کے خاتمہ کا جو نشانہ مقرر کیا گیا ہے  اسے حاصل کرنے میں آسانی ہوگی۔

mira road Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK