Inquilab Logo

میٹرو کی تعمیر کیلئے لگائے گئے بیریکیڈ ہٹانےکا فیصلہ

Updated: November 07, 2022, 9:37 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

رواں ماہ سےانہیں مرحلہ وار ہٹانےکا کام شروع ہونے کا امکان مگر ڈیڑھ سال لگیں گے۔ پہلے مضافات میں جنگلے ہٹائے جائیں گے

Barricades erected for the construction of Metro-3 at Marol. Picture:INN
مرول میں میٹرو-۳؍ کی تعمیر کیلئے لگائے گئے بیریکیڈ ۔ تصویر:آئی این این

قلابہ-بی کے سی- سیپزمیٹرو ریل کیلئے ۲۰۱۶ء میں لگائے گئے بیریکیڈ (جنگلے) کوہٹانے کا فیصلہ کیا گیاہے جس کے تحت رواںماہ سے انہیں مرحلہ وار ہٹانے کا کام شروع کیا جائے گا البتہ یہ کام ۲۰۲۴ء تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔ پوری ممبئی میں لگائے گئے بیریکیڈ آئندہ تقریباً  ڈیڑھ برس کے عرصہ میں ہٹائے جاسکیں گے جس سے مختلف مقامات پر بند کئے گئے فٹ پاتھ اور سڑکیں عوام کیلئے کھول دی جائیں گی اور اس سے راہ گیروں، گاڑی والوں، دکانداروں اور مختلف ملکیت کے مالکان کو راحت ملنے کی امید ہے۔ممبئی میٹرو ریل کارپوریشن لمیٹڈ (ایم ایم آر سی ایل) کی منیجنگ ڈائریکٹر اشوینی بھڑے نے اس سلسلے میں بیان دیا ہے کہ رواں ماہ سے میٹرو کے بیریکیڈ کو مرحلہ وار ہٹانے کا کام شروع کیا جائے گا اورآئندہ سال مارچ   سے جون   کے درمیان کچھ مقامات سے جزوی طور پر اور کچھ مقامات سے مکمل طور پر انہیں ہٹالیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم ایم آر سی ایل آئندہ برس موسم باراں کی ابتداء سے قبل زیادہ سے زیادہ مقامات سے بیریکیڈ کو ہٹانے کی کوشش کرے گی تاہم دوسرے مرحلے میں آنے والے جنوبی ممبئی کے راستوں سے رکاوٹوں کو ہٹانے کیلئے مزید وقت درکار ہوگا۔واضح رہے کہ مذکورہ میٹرو  ریل ۳۳ء۵؍ کلومیٹر طویل ہے اور اس کی تعمیر کو ۲؍ مرحلوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلہ میں سیپز سے بی کے سی کا حصہ آتا ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں بی کے سی سے قلابہ  تک کا حصہ آتا ہے۔  اس مہینے سے سیپز، مرول ناکہ، ایم آئی ڈی سی، ودیا نگری، دھاراوی اور ودھان بھون اسٹیشن کے علاقوں سے پہلے جزوی طور پر رکاوٹیں ہٹائی جائیں گی، اس کے بعد آئندہ سال جنوری سے برسات شروع ہونے تک سیپز، مرول ناکہ،ایم آئی ڈی سی، سہار روڈ، سانتاکروز، ودیا نگری، بی کے سی اور دھاراوی اسٹیشن کے پاس سے بریکیڈ کو مکمل طور پر ہٹا لیا جائے گا۔ ایم ایم آر سی ایل نے دعویٰ کیا ہے کہ ۳۱؍ اکتوبر ۲۰۲۲ء تک میٹرو -۳؍ کا  ۷۶ء۶؍ فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔ شہری انتظامیہ سے متعلق ۸۷ء۳؍  فیصد، تمام اسٹیشنوں کی تعمیر ۸۶ء۱فیصد، سرنگیں ۹۹ء۶؍فیصد، ٹرین چلانے کا نظام ۴۲ء۲؍   فیصد، ڈپو کی تعمیر ۲۹ء۵؍فیصد اور ٹریک بچھانے کا کام ۴۵؍ فیصد مکمل ہوچکا ہے۔  البتہ اگر صرف آرے کالونی سے بی کے سی درمیان میٹرو لائن کے کام کا جائزہ لیا جائے تو اب تک سرنگ بنانے کا کام ۹۶ء۲؍ فیصد، اسٹیشنوں کی تعمیر ۸۹ء۲؍ فیصد، پورے پروجیکٹ کی تکمیل ۸۰؍  فیصد، میٹرو چلانے کے نظام کا کام ۵۱ء۸؍ فیصد، ٹریک بچھانے کا کام ۵۰ء۴؍ فیصدمکمل ہوچکا  ہے۔  آخری سرنگ مکمل ہونے کے بعد سے کوئی نئی سرنگ مکمل نہ ہونے کے متعلق اشوینی بھڑے نے کہا کہ تقریباً ۲۰۰؍ رنگ کا کام باقی ہے اور جو حصہ بچا ہوا ہے، وہاں سرنگ بنانا کافی مشکل ہے، اس کے باوجود امید ہے کہ دسمبر تک یہ کام مکمل ہوجائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK