Inquilab Logo

کولکاتا نائٹ رائیڈرس نے ممبئی انڈینس کو۲۴؍ رن سے شکست دی

Updated: May 04, 2024, 9:48 PM IST | Mumbai

وینکٹیش ایّر (۷۰؍رن) اور منیش پانڈے (۴۲؍رن) کی شاندار اننگز کے بعد مشیل اسٹارک اور دیگر کی شاندار گیند بازی کی بنیاد پر کولکاتا نائٹ رائیڈرس کی ممبئی انڈینس پر فتح

ٰVenkatesh Iyer. Photo:PTi
وینکٹیش ایّر۔ (تصویر:پی ٹی آئی)

وینکٹیش ایّر (۷۰؍رن) اور منیش پانڈے (۴۲؍رن) کی شاندار اننگز کے بعد مشیل  اسٹارک اور دیگر کی شاندار گیند بازی کی بنیاد پر کولکاتا نائٹ رائیڈرس نے جمعہ کو انڈین پریمیر لیگ ( آئی پی ایل) کے۵۱؍ویں میچ میں ممبئی انڈینس کو  ۱۹؍ویں اوورس میں۱۴۵؍ رن پر سمیٹ کر ۲۴؍ رن سے  کامیابی حاصل کی۔ یہ ۱۰؍ میچوں میں کولکاتا کی ساتویں جیت ہے۔ ۱۷۰؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں اتری ممبئی انڈینس کا آغاز اچھا نہیں تھا اور۷۱؍رن  کے اسکور تک ایک ایک کرکے ۶؍ وکٹ گنوادیں۔ دوسرے اوور میں ایشان کشن (۱۳؍رن) پر اس کے بعد نمن دھیر (۱۱)، روہت شرما(۱۱)، تلک ورما (۴)، نہال وڈیرا (۶) اور کپتان ہاردک پانڈیا (ایک) رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ سوریہ کمار اور ٹم ڈیوڈ نے اننگز کی ذمہ داری سنبھالی اور ۷؍ویں وکٹ کیلئے ۴۹؍ رن کی شراکت قائم کی۔ سوریہ کمار یادو نے۳۵؍ گیندوں پر ۵؍ چوکے اور ۲؍ چھکوں کی مدد سب سے زیادہ رن (۵۶؍رن) بنائے۔ وہ آندرے رسل کے ہاتھوں سالٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ سوریہ کمار جب تک کریز پر تھے ایسا لگ رہا تھا کہ ممبئی آسانی سے میچ جیت لے گی لیکن ان کے آؤٹ ہوتے ہی ایک ایک کرکے وکٹ گرنا شروع ہوگئیں۔ ٹم ڈیوڈ۲۰؍ گیندوں پر۲۴؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے، جیرالڈ کوئٹزی (۸)، پیوش چاؤلہ (صفر) پر آؤٹ ہوئے، ممبئی انڈینس کی پوری ٹیم ۱۸ء۵؍ اوور میں۱۴۵؍ رن پر سمٹ گئی۔   کولکاتا نائٹ رائیڈرس  کی جانب سے مشیل  اسٹارک نے ۴؍ وکٹ حاصل کئے۔ ورون چکرورتی، سنیل نارائن اور آندرے رسل نے ۲۔۲؍ وکٹ حاصل کئے۔
  اس سے قبل کولکاتا نائٹ رائیڈرس نے ممبئی انڈینس کو جیت کیلئے ۱۷۰؍ رن کا ہدف دیا تھا۔ وانکھیڈے اسٹیڈیم میں ممبئی انڈینس کے کپتان ہاردک پانڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی  کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کیلئے  آنے والی کولکاتا کی شروعات بہت خراب رہی اور اس نے پہلے ہی اوور میں اوپنر فل سالٹ (۵؍رن) کا وکٹ گنوا دیا۔ اس کے بعد انگکریش رگھوونشی (۱۳؍رن) تیسرے اوور میں۱۳؍ رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ کپتان شریاس ایّر (۶؍رن)، سنیل نارائن (۸؍رن ) اور رِنکو سنگھ ۹؍رن  بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ایک وقت کولکاتا۵۷؍ رن پر اپنے۵؍ وکٹ گنوا چکا تھا۔ ایسے وقت میں وینکٹیش ایر اور منیش پانڈے نے اننگز کو سنبھالا۔ دونوں نے چھٹے وکٹ ۸۳؍رن  جوڑے۔ منیش پانڈے نے۳۱؍گیندوں پر۲؍ چوکے اور ۲؍ چھکے لگا کر ۴۲؍ رن بنائے۔ آندرے رسل  ۷؍رن ، رمندیپ سنگھ۲؍رن ، مشیل اسٹارک  صفر پر آؤٹ ہوئے۔
وینکٹیش ایّر نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے۵۲؍ گیندوں پر ۶؍ چوکے اور ۳؍ چھکے لگا کر ۷۰؍ رن کی نصف سنچری اسکور کی اور اپنی ٹیم کو ۱۶۹؍ رن کے باعزت اسکور تک پہنچایا۔ بمراہ نے۱۹؍ویں اوور کی ۵؍ویں گیند پر وینکٹیش کو بولڈ کرکے کولکاتا  کی اننگز کا خاتمہ کیا۔   ممبئی کی جانب سے نووان تھشارا اور جسپریت بمراہ نے ۳۔۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ ہاردک پانڈیا نے ۲؍ وکٹ حاصل  کئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK