Inquilab Logo

کسانوں کی یوم جمہوریہ کی ٹریکٹر ریلی کو روکنے کیلئے دہلی پولیس سپریم کورٹ پہنچی

Updated: January 13, 2021, 9:51 AM IST | Inquilab News Network | New Delhi

 ملک کو بدنام کرنے کی سازش کا الزام عائد کیا، حکومت بھی دہلی میں مظاہرین کے داخلے کے خلاف، پیر کو شنوائی ہوگی

Tractor March - Pic : PTI
ٹریکٹر مارچ ۔ تصویر : پی ٹی آئی

یوم جمہوریہ کے موقع پر کسانوں کی ٹریکٹر ریلی پر روک لگانے کیلئے دہلی پولیس نے سپریم کورٹ میں پٹیشن داخل کی ہے جس پر  کورٹ نے  فریقین کو نوٹس جاری کیا ہے۔عدالت  اس معاملے پر۱۸؍ جنوری کو شنوائی کرے گی۔ یہ اطلاع عدالتی کارروائیوں کی خبر دینے والی ویب سائٹ لائیو لا نے دی ہے۔
 اس کے مطابق چیف جسٹس ایس اے بوبڈے، جسٹس  اے ایس بوپنّا اور جسٹس وی رام سبرامنیم کی بنچ کے سامنے منگل کی شنوائی میں مظاہرین کو ہٹانے کی پٹیشن پر عرضی گزاروں کی  پیروی کرتے ہوئے سالیسٹر جنرل ہریش سالوے نے  عدالت سے اپیل کی کہ  یوم جمہوریہ کی پریڈ پر کوئی  آنچ نہیں آنی چاہئے۔ اس کے جواب میں چیف جسٹس نے  بتایا کہ سینئر وکیل دشینت دوے نےپیر کی شنوائی میں کہا ہے کہ کوئی  ٹریکٹر ریلی نہیں ہوگی۔اس پر سالوے نے کورٹ کو متوجہ کیا کہ آج(منگل) کی شنوائی میں دوے موجود نہیں ہیں جبکہ  دہلی پولیس نے ریلی پر روک لگانے کیلئے پٹیشن داخل کی ہے۔ اٹارنی جنرل کے کے وینو گوپال نے بھی کہا کہ ’’یوم جمہوریہ پر ایک لاکھ افراد کی  بھیڑ کے شہر میں داخل ہونے کا سوال ہی نہیں اٹھتا‘‘کیوں کہ کوئی نہیں جانتا کہ وہ کہاں جائیں  گے۔

 اس پر چیف جسٹس کا جواب تھا کہ پولیس کا اختیار ہے، وہ اس پر نظر رکھے اور  یہ دیکھے کہ کوئی مسلح تو نہیں ہے۔اس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ مظاہرین  نے کہا ہے کہ  یوم جمہوریہ پر ٹریکٹر ریلی نکالی جائےگی اور اسی کے نتیجے میں پولیس کی جانب سے فوری درخواست داخل کی گئی ہے۔اس کی بنیاد پر بنچ نے متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے بدھ کو اس پر شنوائی کافیصلہ کیا۔ دہلی پولیس کی جانب سے داخل کی گئی پٹیشن میں کہاگیا ہے کہ احتجاج کرنے کے حق کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ملک کو عالمی سطح پر بدنام کیا جائے۔ پولیس  کے مطابق یوم جمہوریہ کے موقع پر ٹریکٹر پریڈ کا مقصد یوم جمہوریہ کی پریڈ کو متاثر کرنا اورملک کیلئے شرمندگی کا باعث بننا ہے۔اس کی بنیاد پر دہلی پولیس نے کورٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر حکم جاری کرتے ہوئے  ۲۶؍ جنوری کو دہلی میں ٹریکٹر  مارچ، ٹرالی مارچیا کسی اور گاڑی کے مارچ کی صورت میں یا کسی اور شکل میں احتجا ج پر روک لگائے۔ اس کے ساتھ ہی  پولیس نے کورٹ کے سامنے ان راستوں کی تفصیلات پیش کیں جو کسانوں کے احتجاج کی وجہ سے بند ہیں اور  یہ بھی  بتایا کہ یوم جمہوریہ   کے پیش نظر ۲۳؍ جنوری سے اس کی مشق سے لے کر  ۳۰؍ جنوری کو شہید دِوس تک کیا کیا  پروگرام ہونے جارہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK