Inquilab Logo

گجرات کو ہراکر دہلی پلے آف کی دوڑ میں برقرار

Updated: April 26, 2024, 11:42 AM IST | Inquilab News Network | New Delhi

پنت اور اکشر کی جارحانہ بلے بازی،آخری گیندتک اتار چڑھاؤ بھرے میچ میں ٹائٹنس کی ۴؍رنوں سے شکست۔

Man of the match Rishabh Pant batted aggressively. Photo: INN
مین آف دی میچ رشبھ پنت نے جارحانہ بلے بازی کی۔ تصویر : آئی این این

دہلی کپیٹلس نے آخری گیند پر گجرات ٹائٹنس کو ۴؍رنوں سے شکست دے کر پلے آف کی دوڑ میں خود کو برقرار رکھا ہے۔ دہلی نے کپتان رشبھ پنت (۸۸؍ناٹ آؤٹ) اور اکشر پٹیل (۶۶) کی نصف سنچریوں کی بدولت گجرات کو ۲۲۵؍رنوں کا ہدف دیا تھا، جس کے جواب میں گجرات ٹائٹنس کی ٹیم ۸؍وکٹوں پر ۲۲۰؍رن ہی بنا سکی اوردہلی نے ۴؍ رنوں سے سنسنی خیز جیت درج کی۔ یہ ان کی چوتھی جیت ہے اور وہ ۸؍ پوائنٹس کے ساتھ ساتویں پوزیشن پر برقرار ہے۔ 
رک گئی تھیں شائقین کی سانسیں !
  گجرات کو جیتنے کیلئے آخری اوور میں ۱۹؍رن درکار تھے۔ راشد خان کریز پر موجود تھے جنہوں نے جے پور میں آخری اوور میں ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا تھا۔ گجرات کو راشد سے اسی طرح کی جارحانہ بلے بازی کی امید تھی اور انہوں نے پہلی ۲؍ گیندوں پر چوکے لگائے۔ اب ٹیم کو ۴؍ گیندوں پر ۱۱؍رن درکار تھے، اگلی ۲؍ گیندوں پر راشد رن نہیں لے سکے۔ لیکن راشد نے پانچویں گیند پر چھکا لگا کر شائقین کی سانسیں روک دیں۔ اب ٹیم کو جیت کیلئے آخری گیند پر۶؍ رن اور سپر اوور کیلئے ۴؍ رن درکار تھے، لیکن مکیش نے آخری گیند پر صرف ایک رن دیا اور دہلی نے میچ جیت لیا۔ 
  اس سے قبل، دہلی کیلئے، جس نے گجرات ٹائٹنس کے پاور پلے میں ۳؍ وکٹ گنوائے تھے، آل راؤنڈر اکشر پٹیل (۶۶) اور کپتان رشبھ پنت (ناٹ آؤٹ ۸۸) نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کو مشکلات سے بچایا۔ دونوں نے چوتھے وکٹ کیلئے۱۱۳؍ رنوں کی شراکت داری نبھائی جس کی وجہ سے دہلی نے ۲۰؍اوور میں ۴؍ وکٹ پر ۲۲۴؍رن بنائے۔ پنت نے موہت شرما کے آخری اوور میں ۳۱؍رن جوڑے، جس میں انہوں نے ۴؍ چھکے لگائے۔ پنت کی دھماکہ خیز بلے بازی کی بدولت کپیٹلس نے آخری ۳۰؍گیندوں میں ۹۷؍رن بنائے جو کہ آئی پی ایل میں دوسری بہترین کارکردگی ہے۔ اس سے قبل آر سی بی نے ۲۰۱۶ءمیں گجرات لائنز کے خلاف آخری ۵؍اووروں میں ۱۱۲؍رن بنائے تھے۔ 
رشبھ کی جارحانہ بلے بازی
  رشبھ پنت نے سیزن کی اپنی تیسری ہاف سنچری مکمل کی۔ انہوں نےصرف ۴۳؍گیندوں میں ۸؍ چھکے اور۵؍چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۸۸؍ رن بنائے۔ اس سیزن میں یہ ان کی بہترین اننگز ہے۔ پنت، جو گزشتہ سال ایک کار حادثے میں زخمی ہونے کے بعد واپسی کر رہے ہیں، نے دکھایا کہ وہ کسی بھی بولنگ اٹیک کو تباہ کر سکتے ہیں۔ پنت کی فارم میں واپسی ٹیم انڈیا کے لئے بھی اچھی علامت ہے کیونکہ اسے اگلے ماہ ٹی۔ ۲۰؍ورلڈ کپ کھیلنا ہے۔ ورلڈ کپ کیلئے ٹیم کا انتخاب ۲۸؍ اپریل کو ہونا ہے اور اس سے ٹھیک پہلے پنت کی اننگز نے انہیں ورلڈ کپ میں وکٹ کیپر بلے بازکی دوڑ میں آگے کر دیا ہے۔ اس سیزن میں ۹؍میچوں میں انہوں نے ۱۵۰؍سے زیادہ کے اسٹرائیک ریٹ سے۳۴۲؍ رن بنائے ہیں۔ دہلی نے اب تک جتنے بھی میچ جیتے ہیں ان میں پنت نے اہم کردار ادا کیا ہے، یعنی اگر پنت اچھا کھیلتے ہیں تو ٹیم جیت جاتی ہے۔ پنت نے چنئی کے خلاف ۵۱؍رن اور لکھنؤ کے خلاف ۴۱؍ رن بنائے تھے جبکہ گجرات کے خلاف پچھلے میچ میں پنت نے وکٹ کے پیچھے ۴؍ وکٹ لئے تھے اور اس کارکردگی کی وجہ سے انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا تھا۔ سیزن میں یہ پہلا موقع تھا کہ فیلڈنگ کیلئےیہ ایوارڈ کسی کو دیا گیا۔ 
اکشر پٹیل نے بھی رنگ جمایا
تیسرے نمبر پر اترنے والے اکشر پٹیل نے۲؍ دن پہلے کہا تھا کہ امپیکٹ پلیئر اصول متعارف ہونے کی وجہ سے انہیں بلے بازی کے کافی مواقع نہیں ملے ہیں۔ گجرات کے خلاف دہلی کپیٹلس کی انتظامیہ نے اس اسپن آل راؤنڈر کو تیسرے نمبر پر بیٹنگ کیلئے بھیجا اور انہوں نے بلے سے اپنی طاقت دکھائی اور نصف سنچری بنائی۔ اس سیشن میں پہلی ففٹی ان کے بلے سے آئی۔ اس سے قبل انہیں ۸؍ میں سے ۲؍ میچوں میں بیٹنگ کا موقع نہیں ملا تھا۔ اکشر نے ۴۳؍ گیندوں میں ۴؍ چھکے اور۵؍ چوکے لگائے۔ اس کے ساتھ ہی اکشر نے نصف سنچری بنا کر ٹی۔ ۲۰؍ورلڈ کپ کیلئے اپنا دعویٰ بھی پیش کر دیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK