Inquilab Logo

میراروڈ سے لوکل ٹرین شروع کرنے کا مطالبہ

Updated: February 04, 2023, 8:25 AM IST | sajid Shaikh | Mumbai

ویرار سے آنے والی ٹرینوں میں زبردست بھیڑ ہوتی ہے۔ پریشان حال مسافروں نے کہا : جب نالاسوپارہ، بھائندر ،گوریگاؤں اور ملاڈ سے ٹرینیں شروع ہوسکتی ہیں تو میراروڈاسٹیشن سے کیوں نہیں؟

Passengers trying to board a crowded local train at Miraroad station.
میراروڈ اسٹیشن پر مسافرکھچاکھچ بھری لوکل ٹرین میں سوار ہونے کی کوشش کررہے ہیں۔ (تصویر: انقلاب)

 میراروڈ ریلوے اسٹیشن کا شمار بھی  ویسٹرن ریلوے  کے مصروف ترین اسٹیشنوں میں ہوتا ہے جہاں کے مسافروں کو بھیڑبھاڑ کی وجہ سے کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اسی لئے انہوں نے میراروڈ سےلوکل ٹرین شروع کرنے کا  مطالبہ کیا ہے ۔ 
  میراروڈ ویسٹرن ریلوے پر ویرار سے چھٹا   اسٹیشن ہے اور ویرار سے میرا روڈ پہنچتے پہنچتے لوکل ٹرینوں میں کافی بھیڑ ہوجاتی ہے  جس کی وجہ سے یہاں کے مسافروں کو صبح کے مصروف اوقات میں سخت دشواری پیش آتی ہے۔ بوڑھے،  بیمار اور بچے بالکل بھی ٹرین میں سوار نہیں ہو پاتے ہیں۔ایک مسافر محمد عارف نے اس بارے میںکہا کہ ’’جب گوریگاؤں سے ٹرینیں شروع ہو سکتی ہیں، ملاڈ سے ٹرینیں شروع ہو سکتی ہیں، بھائندر سے ٹرینیں شروع ہو سکتی ہیں ، نالاسوپارہ سے ٹرینیں شروع ہو سکتی ہیں تو پھر میراروڈ سے کیوں نہیں ہو سکتیں؟‘‘  زبیدہ خاتون نامی  مسافر نے کہا کہ وہ۷۵؍ سال کی عمر کو پہنچ گئی ہیں۔ ایسے میں کبھی صبح کے وقت چرچ گیٹ کی سمت جانا پڑے تو بڑی مشکل ہوتی ہے اور ٹرین میں سوار نہیں ہو پاتیں   ۔‘‘ سنیل نکاڑے نامی مسافر نے کہاکہ ’’ صبح کے مصروف اوقات میں میراروڈ سے لوکل ٹرین میں چڑھنا جوئے شیر لانے کے برابر ہے  کیونکہ  ویرار سے چرچ گیٹ جانے والی ٹرینوں  میں میراروڈ پہنچتے پہنچتے زبردست بھیڑ ہوجاتی ہے۔ یہاں تک کہ دروازے پر بھی اچھی خاصی بھیڑ ہوتی ہے اور بمشکل تمام دو چار لوگ ہی چڑھ پاتے ہیں۔  حالانکہ بھائندر سے لوکل ٹرین شروع ہوتی ہے مگر ان کی تعداد بہت کم ہے۔ گھنٹے میں ایک یا دو ٹرین بھائندر سے شروع ہوتی ہے اور وہ بھی مسافروںکیلئے ناکافی ثابت ہوتی ہیںنیز وہ بھی مسافروں سے بھری  ہوتی  ہیں کیونکہ بھائندر کے مسافر بھی گھنٹے بھر کے انتظار کے بعد اس میں سوار ہوتے ہیں اور میراروڈ پہنچتے پہنچتے اس میں بھی گنجائش بہت کم رہ جاتی ہے اس لئے میری محکمہ ریل سے گزارش ہے کہ صبح کے مصروف اوقات میں میراروڈ سے بھی لوکل ٹرینیں شروع کی جائیں۔‘‘   میراروڈ میں رہائش پذیر محمدیہ ہائی اسکول کے سابق پرنسپل انصاری محمود پرویز نے اس مطالبے کی تائید کرتے ہوئے کہاکہ ’’میراروڈ کی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر یہ ضروری ہےجس سے بچے بوڑھے عورتیں اور معذور سبھی کی پریشانی ایک حد تک دور ہوگی۔‘‘
                       جب اس نمائندے نے چرچ گیٹ ریلوے اسٹیشن پر پی آر او کے دفتر میں پی آر او  برائے پریس اسمیتا روساریو سے ملاقات کی اور ان سے اس بابت  جاننے کی کوشش کی تو انہوں نے کہا کہ ’’میراروڈ میں اضافی پلیٹ فارم نہیں ہے جس کی وجہ سے وہاں سے لوکل ٹرین شروع نہیں کی جا سکتی ہے۔‘‘ جب اس نمائندے نے اُن کی توجہ نالاسوپارہ اسٹیشن کی جانب مبذول کرائی جہاں اضافی پلیٹ فارم نہ ہونے کے باوجود  وہاں سے لوکل ٹرین شروع کی جاتی ہیں تو انہوں نے یہ جواز پیش کیا کہ’’ وہاں صرف ویرار سے ٹرینیں آتی ہیں جبکہ میراروڈ پر ویرار ، وسئی اور بھائندر سے بھی ٹرین آتی ہیں جس کی وجہ سے میراروڈ سے لوکل ٹرین شروع نہیں کی جا سکتی ہے ۔‘‘

mira road Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK