• Tue, 29 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اُجین میں سخت احتجاج کے باوجود مسلمانوں کو مسجد کے ایک حصے کو ہٹانا پڑا

Updated: September 29, 2026, 9:06 AM IST | Ahmadullah Siddiqui | Ujjain/New Delhi

فورس کی غیر معمولی تعیناتی کے بعد بھی مظاہرین ڈٹے رہے مگرمسجد انتظامیہ نےعوامی جان ومال کے تحفظ کیلئے حکومت کی بات مان لی۔

Police and public face off in Ujjain. Photo: INN
اجین میں پولیس اورعوام آمنے سامنے۔ تصویر: آئی این این

اجین  کے مسلمانوں  نے ۶۰۰؍ سال قدیم شاہی مسجد کو بلڈوزر سے بچانے کیلئے اپنی پوری طاقت جھونک دی ۔ وہ سنیچر کی رات، اتوار کا پورا دن اور اتوار کی پوری رات مسجد میں اس  کے آس پاس ڈٹے رہے تاکہ اس پر بلڈوزر نہ چل سکے۔اس بیچ ریاستی حکومت نے اپنی پوری طاقت جھونک دی اور پولیس فورس کی غیر معمولی تعیناتی کے بعد حالات دھماکہ خیز ہوگئے اور کسی بھی وقت     حالات کے بے قابو ہونے کا اندیشہ پیدا ہوگیا۔ زمینی حالات کو دیکھتے ہوئے مسجد انتظامیہ نے مسلمانوں کی جان ومال کے تحفظ کو ترجیح دینے کافیصلہ کیا اور مسجد کے ا س ۳؍ فٹ حصے کو خود ہی ہٹالینے کافیصلہ کیا جو سڑک کی توسیع  میں آرہاتھا۔ 

شہری انتظامیہ اور مسجد کمیٹی میں گفت وشنید کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا جس کے بعد سیکوریٹی فورسیزکے ساتھ بھیجے گئے بلڈوزروں کو ہٹالیا گیا۔البتہ مسجد کے ۳؍ فٹ حصے کو خود منہدم کرنے کا منظر انتہائی دلدوز رہا۔ نوجوان روتے ہوئے  ہتھوڑا چلا رہے تھے اوران کے پیچھے کھڑے نوجوان مسجد کو بچانہ  پانے کے غم میں بلک بلک کررورہے ہیں۔

اس سے قبل شہر میں حالات اس وقت خراب ہوگئے جب مسجد کے اطراف اکٹھا ہونےوالی سیکوریٹی فورسیز  کے خلاف مظاہرین میں غم وغصہ پھیل گیا اور اطلاعات کے مطابق خاکی پوشوں پر پتھراؤ کیاگیا۔  شہر میں کئی دیگر  مذہبی مقامات بھی  پروجیکٹ کی زد میں ہیں۔ سڑک کی توسیع ۲۸ء میں مہاکمبھ منعقد کرنے کیلئے کی جارہی ہے۔ مسجد انتظامیہ کمیٹی نے جب شاہی مسجد کے ایک حصے کو  خود ہی منہدم کرنے کا فیصلہ کیا تو وہاں  موجود مسلمانوں نے سخت مخالفت کی اور احتجاج شروع کردیا۔ احتجاج کے دوران پتھراؤاور پولیس کے ساتھ جھڑپ کا واقعہ بھی پیش آیا جس کے بعد پولیس نے لاٹھی چارج کیا اور بھیڑ پر آنسو گیس کے گولے داغے۔ پولیس نے ایف آئی آر میں ۷؍افراد کو نامزد  جبکہ۱۵؍ افراد کو حراست میں لیا ہے۔سڑک کی توسیع کیلئے مسجد کے جس  حصہ کو منہدم کیاگیا  اس کی لمبائی ۹؍فٹ اور چوڑائی ۴؍فٹ ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK