• Fri, 20 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

دھاراوی : تعزیتی جلسے میں بی جے پی لیڈران کی اشتعال انگیزی

Updated: August 05, 2024, 12:59 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Dharavi

لیڈر نے کارکنان کو مساجد اور مدارس کی لسٹ لانے کو کہا۔پولیس کا سخت پہرہ ۔ دھاراوی بچاؤ آندولن کےعہدیداران نے انتباہ دیا کہ بی جے پی قتل کی واردات کو فرقہ وارانہ رنگ دینے سے باز آجائے۔

BJP leader Prasad Lad speaking at a condolence meeting held in Dharavi. Photo: INN
دھاراوی میں منعقدہ تعزیتی جلسے میں بی جے پی لیڈر پرساد لاڈ تقریر کرتے ہوئے۔ تصویر : آئی این این

 دھاراوی میں نوجوان اروند ویشیا کے قتل کو فرقہ وارانہ رنگ دینے سے بی جے پی اور بجرنگ دل باز نہیں آرہی ہیں۔ حالانکہ اس قتل کی چہار جانب سے مذمت کی گئی اور اب بھی کی جارہی ہے۔ اتوار کو اسپورٹس کلب دھاراوی میں دھاراوی مترمنڈل کی جانب سے تعزیتی جلسے میں بی جے پی لیڈر پرساد لاڈ اور منگل پربھات لودھا وغیرہ نے جم کر اشتعال انگیزی کی۔ حالات کے پیش نظر پولیس کی جانب سے سخت بندوبست کیا گیا تھا اور کچھ جگہوں پربیریکیڈبھی لگائےگئے تھے۔ پولیس کے جوانوں نے علاقہ میں مارچ بھی کیا تھا۔ اس کے علاوہ پولیس نے دکانیں بھی بند کرائیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: بی جی پی دواخانہ سے حاجی عبدالصمد مومن کا نام غائب کرنے کی سازش!

اُکسانے کی کوشش
  بی جے پی لیڈر پرساد لاڈ نے تعزیتی جلسے کی آڑ میں حاضرین کو اکساتے ہوئے کہا کہ مسلمان جمعہ کے دن نماز پڑھتے ہیں تو ہم بھی سنیچر کو ہنومان چالیسا پڑھیں۔ انہوں نے بی جے پی کارکنان کو متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ دھاراوی کی مسجدوں اور مدرسوں کی لسٹ حاصل کی جائے تاکہ بی ایم سی کے ذریعے کارروائی کرائی جاسکے۔  منگل پربھات لودھانےکہاکہ قتل کی واردات کی ہم مذمت کرتے ہیں اور یقین دلانا چاہتے ہیں کہ یہ قربانی ضائع نہیں ہوگی۔ لینڈ جہاد اور لو جہاد چلنے نہیں دیا جائے گا۔ 
دکانیں بند‌کرائی گئیں 
 ابواللیث بھائی لیدر والے نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے دکانیں بند کرائی گئیں۔ کہا گیا کہ ۳؍‌ بجے تک دکانیں بند رکھی جائیں۔ ویسے بھی لوگوں میں خوف تھا کہ کہیں کچھ ہو نہ جائے۔ محمد مصعب گارمینٹ والے نے کہا کہ کالا قلعہ، ۹۰؍ فٹ روڈ اور پیلا بنگلہ وغیرہ علاقوں میں لوگوں نے کاروبار بند رکھے۔ پولیس کی جانب سے جو کچھ کہا گیا اس سے زیادہ لوگوں نے خود ہی احتیاط برتی اور دکانیں بند رکھیں۔ یہیں مقیم امام اعظم نے بتایا کہ اتوار کو بہت سی دکانیں بند رہتی ہیں مگر موجودہ حالات اور گڑبڑ کے اندیشے سے لوگوں نے اور بھی احتیاط برتی۔ پولیس کی جانب سے پیلا بنگلہ وغیرہ کےپاس چیکنگ کی جارہی تھی اور بڑی گاڑیوں کو روکا جارہا تھا۔ 

یہ بھی پڑھئے:وشال گڑھ تشدد معاملہ : فسادیوں کیخلاف انسداد دہشت گردی قانون کے تحت کارروائی کا مطالبہ

بی جے پی سیاست نہ کرے
 دھاراوی میں مقیم عام آدمی پارٹی( ممبئی) کے ترجمان ایڈوکیٹ سندیپ کٹکے نے کہا کہ پرساد لاڈ جی، آپ اشتعال انگیزی کیلئے دھاراوی آنا بند کیجئے، یہ بتائیے کہ آپ شوک سبھا میں آئے تھے یا انتخابی جلسے میں۔ اسی طرح آپ نے اپنے چمچوں سے مدارس، مساجد اور چرچ کی لسٹ لانے کو کہا ہے تاکہ ان کیخلاف کارروائی کرائی جائے۔ یاد رکھئے اگر اس تعلق سے بی ایم سی نے ایک بھی کارروائی کی تو ہم سب سڑکوں پر اتریں گے۔ اسی طرح آپ جمعہ کی نماز کے نام پر سنیچر کو ہنوما‌ن چالیسا پڑھنے کا اعلان کررہے ہیں، کس نے آپ کو روکا ہے، خوب پڑھئے مگر ڈراما اور راج نیتی نہ کیجئے۔ اس کے علاوہ اپنے ان چمچوں کی خبرلیجئے جو بیف کے نام پر پیسے وصولتے ہیں۔ ہمیں معلوم ہے کہ آپ کا باس ساگر بنگلے سے آدیش دیتا ہے کہ جاؤ دھاراوی میں ماحول خراب کرو۔ میں آپ کو بتادینا چاہتا ہوں کہ دھاراوی وہ جگہ ہے جہاں مراٹھیوں کا، ہندوؤں کا اور یوپی والوں کا آپس میں اختلاف تو ہوا لیکن یہاں ہندومسلم فساد یا جھگڑا آج تک نہیں ہوا اور آپ بھی اپنے مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، یہ گھناؤنا کھیل بند کیجئے۔ ‘‘ایڈوکیٹ سندیپ نے مزید کہا کہ قتل کی بنیادی وجہ نشہ تھی۔ نشہ کا کاروبار آپ کی حکومت میں پنپ رہا ہے، اسے بند کرائیے۔ 
عوام‌ افواہوں پر دھیان نہ دیں 
  زون۵؍ کے ڈی سی پی تیجسونی ساتپوتے نے اس بات کا اعادہ کیا کہ لوگ افواہوں پر دھیان نہ دیں پولیس اپنے طور پر سخت نگرانی کررہی ہے۔ سادہ لباس میں بھی پولیس کے جوانوں کو گشت پر لگایا گیا ہے تاکہ کوئی شرپسندی نہ کر سکے‌۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK