Inquilab Logo

دھولیہ:جمعیۃ علماء کی جانب سےسیلاب متاثرین میں امداد کی تقسیم اور مکانات کی مرمت

Updated: October 20, 2022, 8:50 AM IST | dhule

گزشتہ ماہ شدید طوفانی بارش کے سبب شمالی شہر کے مختلف علاقوں میںپانی بھر گیا تھا جس سے کچے مکانات کو شدید نقصان پہنچا تھا

Mufti Kifayatullah Memorial Trust Mumbai with essential equipment required for volunteer accommodation
مفتی کفایت اللہ میموریل ٹرسٹ ممبئی کے رضاکارمکانات کیلئے درکار ضروری سامان کے ساتھ

علاقہ خاندیش کے  اس شہر میں گزشتہ ماہ شدید طوفانی بارش  کے سبب شمالی حصے کے نشیبی علاقوں میں  بھاری نقصان ہوا تھا ۔پہلے مرحلہ میں سیلاب کی وجہ سے متاثر ہونے والے افراد کی فوری امداد دھولیہ جمعیۃعلماء کی جانب سے کی گئی تھی۔ دوسرے مرحلے میں مفتی کفایت اللہ میموریل ٹرسٹ ممبئی ، زیر انتظام جمعیۃعلماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) کی جانب سے مکانات کی مرمت کے لئے مٹریل اور ضروریات زندگی کے سامان تقسیم کئے گئے۔ طوفانی بارش کے سبب  شہر کے شمالی علاقہ کے مختلف محلوں لالہ سردار نگر، مدنی نگر،گلاب حاجی نگر، اینٹ بھٹی،خواجہ نگر میں سیلاب نے تباہی مچا دی تھی۔جس میں متعدد کچے مکانات منہدم ہوگئے تھے اور کچھ مکانات کو جزوی نقصان ہوا تھا ۔
 اس ضمن میں تنظیم کے ذمہ دار مولوی شکیل اور مشتاق صوفی نے انقلاب کو بتایا کہ اس واقعہ کی خبر ملتے ہی جمعیۃعلماء دھولیہ  کے ایک وفد نے متاثرہ علاقوں کا سروے کرکے نقصانات کا جائزہ لیااور رپورٹ بالائی جمعیۃ کو بھیج کر متاثرین کی فوری امداد کی درخواست کی۔مولانا حلیم اللہ قاسمی جنرل سیکریٹری جمعیۃعلماء مہاراشٹر،مفتی محمد یوسف قاسمی خازن، گلزار احمد اعظمی سیکریٹری قانونی امداد کمیٹی نے اس درخواست کو منظور کرتے ہوئے منہدم مکانوں کی تعمیر و مرمت کیلئے ۲۵؍متاثرہ خاندانوں کو تعمیراتی سامان (اینٹ، سیمنٹ، ٹین، ریت وغیرہ) اوراشیاء خورد ونوش(اناج کٹس) بستر،چٹائی وغیرہ اور روزمرہ کے استعمال کے سامان نیز۱۰؍متاثرین میں فی کس۳۵؍ برتنوں پر مشتمل کچن سیٹ فراہم کیا گیا۔ 
 مولانا ضیاء الرحمٰن صدر جمعیۃعلماء شہر دھولیہ کی زیر نگرانی،حافظ حفظ الرحمٰن  مولانا ابوالعاص صدر جمعیۃعلماء ضلع دھولیہ کی صدارت میں پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔ اس میں دیوپور سیلاب متاثرین اور اہالیان دیوپور کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر مولانا شکیل احمد قاسمی ضلع جنرل سیکریٹری نے پروگرام کی غرض و غایت پر روشنی ڈالی،نیز جمعیۃ علماء مہاراشٹر ممبئی کا شکریہ بھی ادا کیا،مفتی شفیق  قاسمی نے متاثرین  کاحوصلہ بڑھایا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK