یہاں کی میونسپل کارپوریشن پر اپنا جھنڈا لہرانے کیلئے شیوسینا (شندے ) نے پوری طاقت جھونکے کی تیاری کرلی ہے۔
EPAPER
Updated: June 27, 2025, 11:07 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
یہاں کی میونسپل کارپوریشن پر اپنا جھنڈا لہرانے کیلئے شیوسینا (شندے ) نے پوری طاقت جھونکے کی تیاری کرلی ہے۔
یہاں کی میونسپل کارپوریشن پر اپنا جھنڈا لہرانے کیلئے شیوسینا (شندے ) نے پوری طاقت جھونکے کی تیاری کرلی ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ اور پارٹی سربراہ ایکناتھ شندے کی قیادت میں پارٹی نے بھیونڈی میونسپل کارپوریشن کی تمام۹۰؍ سیٹوں پر الیکشن لڑنے کا اعلان کر کے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔ تھانے ضلع کے صدر دیونند تھلے نے واضح پیغام دیا ہےکہ ’’ہر وارڈ پر نظریں جما لو، عوامی مسائل کو ہتھیار بنا کر میدان سنبھالو!‘‘ پارٹی کارکنوں اور عہدیداران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے اپنے وارڈ میں متحرک ہو جائیں اور تنظیمی نیٹ ورک کو مضبوط بنائیں۔
شیوسینا کی اس جارحانہ حکمت عملی نے بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کے اتحادیوں کے خیموں میں بے چینی بڑھا دی ہے۔ وارڈوں کی نئی حد بندی کے درمیان شیوسینا (شندے) نے ہر وارڈ میں اپنی جڑیں مضبوط کرنے کی مہم تیز کر دی ہے۔ پدمانگر میں منعقدہ اہم میٹنگ میں دیونند تھلے، سابق رکن اسمبلی روپیش ماترے، لوک سبھا رابطہ سربراہ مدن کرشنا نائک، موجودہ اور سابق کارپوریٹرس اور دیگر سرکردہ لیڈران نے شرکت کی۔
میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ وارڈ سطح پر عوامی رابطہ مہم کو تیز کیا جائے گا اور ہر سماجی طبقے کو ساتھ لے کر پارٹی انتخابی جنگ میں اترے گی۔ روپیش ماترے اور مدن نائک نے کارکنوں کو خبردار کیا کہ وقت کم ہے اور مقابلہ سخت لہٰذا اب صرف باتوں سے نہیں، عمل سے زمین پر دکھانا ہوگا۔ مقامی صدر شیام پاٹل نے کارکنوں کو وارڈکی حد بندی اور تنظیم کی صورتحال کی تفصیل بتائی اور ’شیو سمپرک مہم‘ کو گھر گھر تک پہنچانے کی اپیل کی۔