Inquilab Logo

دھولیہ : ہڑتال پربیٹھے ایس ٹی ملازمین میں جمعیۃ علماء نے راشن کٹ تقسیم کئے

Updated: January 03, 2022, 11:25 AM IST | Agency | Dhule

ملازمین نے کہا کہ ہڑتال کو حمایت دینےکیلئے کئی تنظیمیں آئیں اورتعاون کا وعدہ بھی کیا لیکن عملی قدم سب سے پہلے جمعیۃ علماء نے اٹھایا

An ST employee receiving a ration kit from a Jamiat delegation..Picture:INN
ایک ایس ٹی ملازمہ جمعیۃکے وفد سے راشن کٹ حاصل کرتے ہوئے ۔ تصویر: آئی این این

گزشتہ دو ماہ سے اپنے مطالبات منوانے کے لئے اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ملازمین کی ریاست گیر سطح پر ہڑتال جاری ہے۔دھولیہ میں بھی تقریباً ۷۰۰؍ سے زائد ملازمین ہڑتال پر بیٹھے ہوئے ہیں۔  ان مطالبات کے سلسلے میں اب تک حکومت اور ملازمین کی تنظیمیں کسی نتیجہ پر نہیں پہنچی ہیں۔ ہڑتال کی وجہ سے تنخواہ پر منحصر ملازمین کے گھر میں فاقہ کشی کی نوبت آن پڑی ہے۔اس بات کو محسوس کرتے ہوئے جمعیۃ علماء ارشد مدنی شہر و ضلع یونٹ نے۸۰؍ ملازمین میں ایک مہینے کا راشن کٹ تقسیم کرکے متاثرین کے درد کو انسانیت کی تھپکی سے کم کرنے کی کوشش کی ۔ جمعیۃ کے اس اقدام کی ہڑتال پر بیٹھے مظاہرین کے علاوہ وہاں موجود برادران وطن نے  بھی ستائش کی۔انقلاب سے گفتگو  کے دوران مذکورہ تنظیم کے سیکریٹری الحاج مشتاق صوفی نے بتایا کہ ایس ٹی ملازم عبدالستار اور دیگر ملازمین نے جمعیۃ علماء کے اراکین سے ملاقات کی اور ہڑتال کی سنگین صورت حال سے ملازمین کو درپیش آنے والی دشواریوں سے جمعیۃ کے اراکین کو واقف کیا۔ عبدالستار اور ان کے ساتھیوں نے جمعیۃ کے ذمہ داران سے کہا کہ اپنے مطالبات کے لئے ہڑتال پر بیٹھے ملازمین کی حکومت نے تنخواہ روک دی ہے۔۷۰۰؍  سےزائد ملازمین ہڑتال پر ہیں۔ متاثرین میں اکثریت برادران وطن کی ہے۔کچھ ملازمین کے گھروں میں فاقہ کشی کے حالات پیداہوگئے ہیں۔ملازمین نے جمعیۃ علماء سے ان خاندانوں کی جن کا انحصار تنخواہ پر ہی ہے،مدد کی گزارش کی ہے۔جمعیۃ کے ذمہ دران نے بتایا کہ۸۰؍متاثرین کی جمعیت کو فہرست موصول ہوئی اور ان متاثرین میں ایک مہینے کا راشن کٹ تقسیم کیا گیا۔اناج کٹ کی تقسیم کے دوران مولانا شکیل احمد قاسمی، الحاج شوال امین، ایاز احمد ایاز نے جمعیت کی خدمات سے برادران وطن اور  ہڑتال پر بیٹھے ملازمین کو روشناس کرتے ہوئے کہا کہ جمعیۃ علماء ناگہانی حالات کے ساتھ ساتھ مصیبت زدہ لوگوں کی بلا تفریق انسانیت کی بنیاد پر کام کرتی ہے۔   جمعیت کی طرف سے ایک مہینے کا راشن کٹ دئیے جانے پرملازمین نے کہا کہ ہڑتال کو حمایت دینے بہت ساری تنظیمیں آئیں۔تعاون کا وعدہ بھی کیا لیکن تعاون کرنے میں سب سے پہلے جمعیۃ نے عملی قدم اٹھایا ۔

dhule Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK