Inquilab Logo

دھولیہ کے پولیس ٹریننگ سینٹر میں زیر تربیت اہلکار غذائی سمیت کا شکار

Updated: March 16, 2024, 9:27 AM IST | Ismail shad | Dhule

تقریباً ۱۰۰؍ اہلکار کھانا کھا کر بیمار پڑ گئے، ڈاکٹروں کے مطابق سبزیوں کو اچھی طرح نہ دھونا اسکی وجہ ہو سکتی ہے۔

Officials under treatment can be seen at the district hospital. Photo: Inquilab
ضلع اسپتال میں زیر علاج اہلکاروں کو دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: انقلاب

دھولیہ کے پولیس ٹریننگ سینٹر میں جمعرات کی رات غذائی سمیت کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں تقریباً ۱۰۰؍ ٹرینی (زیر تربیت) پولیس اہلکار متاثر ہوئے ہیں۔ ان تمام کو علاج کیلئے اسپتال داخل کیا گیا ہے جہاں ان کا اعلاج جاری ہے۔ 
اطلاع کے مطابق دھولیہ کے پولیس ٹریننگ سینٹر میں ۶۰۰؍ اہلکار تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ ان لوگوں نے جمعرات کی رات تقریباً ساڑھے ۷؍ بجے کھانا کھایا  جس کے بعد ان میں بعض کو متلی، قے اور دست کی شکایت ہونے لگی۔ دیکھتے دیکھتے متاثرین کی تعداد ۱۰۰؍ تک پہنچ گئی۔ سینٹر کے انچارج وجے پوار نے کسی طرح اسٹاف اور دیگر لوگوں کی مدد سے ان تمام کو ہیرے ضلع اسپتال پہنچایا۔ یہاں رات میں ان کا علاج کیا گیا۔
دھولیہ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شری کانت دھیورے ان اہلکاروںکو دیکھنے اسپتال پہنچے ۔ انہوں نے تمام حالات معلوم کئے اور اہلکاروں کی طبیعت کے تعلق سے دریافت کیا۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ کیا ن اہلکاروں کو کسی نے زہر دینے کی کوشش کی ہے؟  شری کانت دھیورے نے کہا  یہ خبریں بے بنیاد ہیں۔  البتہ اسپتال کے ڈاکٹر سیاجی بھامرے نے بتایا کہ کھیتوں میں عام طور پر سبزی ترکاریوں پر جراثیم کش دوائوں کا چھڑکائو کیا جاتا ہے۔ پکانے سے پہلے سبزیوں کو اچھی طرح سے نہ دھونے پر اس طرح کا واقعہ پیش آ سکتا ہے۔ حالانکہ فی الحال(خبر لکھے جانے تک) اس بات کا پتہ نہیں لگا ہے کہ غذائی سمیت کی اصل وجہ کیا ہے  انہوں نے بتایا کہ متاثرین کو انجکشن لگائے گئے ہیں اور سلائن چڑھائی گئی ہے۔ امید ہے سب جلداز جلد ٹھیک ہو جائیں گے۔  اور انہیں چھٹی دیدی جائے گی۔
اطلاع کے مطابق سال بھر پہلے بھی اس  ٹریننگ سینٹر پر اسی طرح کا واقعہ پیش آیا تھا جب کھانا کھانے کے بعد یہاں زیر تربیت کئی اہلکار بیمار پڑ گئے تھے۔ اس وقت تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ ٹرینی اہلکاروں نے گوشت کھانے کے بعد کھیر کھالی تھی ، اور اس وقت گرمی بہت زیادہ تھی اس لئے ان اہلکاروں کی طبیعت بگڑ گئی تھی۔ فی الحال انتظامیہ اس بات کی جانچ کر رہا ہے کہ جمعرات کے کھانے میں کیا ملا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK