• Sun, 22 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

دلجیت دوسانجھ نے گانوں میں شراب اور نشے کے ذکر پر اعتراضات کا دیا جواب

Updated: November 22, 2026, 7:07 PM IST | Mumbai

پنجابی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ نے اپنے گانوں میں شراب نوشی اور نشے سے متعلق الفاظ کے استعمال پر ہونے والی تنقید اور پابندیوں کے خلاف کھل کر آواز اٹھائی ہے۔

Diljit Dosanjh.Photo:INN
دلجیت دوسانجھ۔ تصویر:ائی این این

پنجابی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ نے اپنے گانوں میں شراب نوشی اور نشے سے متعلق الفاظ کے استعمال پر ہونے والی تنقید اور پابندیوں کے خلاف کھل کر آواز اٹھائی ہے۔ انہوں نے ہندوستان میں غیر ملکی اور مقامی فنکاروں کے ساتھ مبینہ طور پر مختلف رویہ اختیار کیے جانے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر بین الاقوامی میوزک بینڈ کولڈ پلے اپنے گانوں میں شراب اور نشے کا ذکر کر سکتا ہے تو پھر ان کے گانوں پر اعتراض کیوں کیا جاتا ہے؟ دلجیت نے یہ بات احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں اپنے کنسرٹ کے دوران شائقین سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔دلجیت دوسانجھ ان دنوں اپنےآورا انڈیا ٹور ۲۰۲۶ء کے تحت ملک کے مختلف شہروں میں موسیقی کے پروگرام پیش کر رہے ہیں۔ ۲۱ ؍ نومبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں منعقدہ کنسرٹ کے دوران انہوں نے اپنی موسیقی اور گانوں کے حوالے سے جاری تنازع پر اظہار خیال کیا۔

یہ بھی پڑھئے:’’میرے خیال میں سورج بڑجاتیا خود بھی پریم جیسے انسان ہیں‘‘

دلجیت نے اپنے خطاب میں گزشتہ سال اسی اسٹیڈیم میں برطانوی میوزک بینڈ کولڈ پلے کنسرٹ کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب کولڈ پلے نے یہاں پرفارم کیا تھا تو اسی دن انہوں نے بھی اس مقام پر کنسرٹ کرنے کا خواب دیکھا تھا، جو اب ان کے مداحوں کی بدولت پورا ہوگیا ہے۔تاہم انہوں نے کولڈ پلے کے مشہور گانے ’’ہائمن فار دی ویک اینڈ‘‘ کی ایک سطر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب کولڈ پلے اپنے گانے میں ’آئی ایم فیلنگ ڈرنک اینڈ ہائی‘ (I`m feeling drunk and high) گاتا ہے تو کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہوتا، بلکہ انہیں خود بھی یہ گانا پسند ہے۔دلجیت نے سوال کیا کہ جب ایک غیر ملکی فنکار ہندوستان آکر اس طرح کے بول گاتا ہے تو کوئی اعتراض نہیں کرتا، لیکن جب وہ خود اپنے گانوں میں ایسے الفاظ استعمال کرتے ہیں تو پابندیاں عائد کرنے کی بات ہونے لگتی ہے۔ان کے مطابق، ’’کولڈ پلے گاتا ہے تو کسی کو پریشانی نہیں ہوتی، لیکن دلجیت گائے تو مسئلہ پیدا ہوجاتا ہے۔ آخر یہ دوہرا معیار کیوں ہے؟‘‘
اپنے خطاب کے دوران دلجیت نے ان الزامات یا تبصروں کا بھی جواب دیا جن میں انہیں بیرون ملک سے آنے والا فنکار قرار دیا جاتا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ وہ ہندوستان میں پیدا ہوئے اور یہیں ان کی پرورش ہوئی ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ وہ ہونولولو میں پیدا نہیں ہوئے ہیں۔دلجیت نے اپنے ساتھ دنیا بھر میں سفر کرنے والے موسیقاروں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ان کے بینڈ کے تمام موسیقار ہندوستانی ہیں اور ہندوستان ہی میں پیدا ہوئے ہیں۔ انہوں نے حاضرین سے ان موسیقاروں کے لیے تالیاں بجانے کی اپیل بھی کی۔ان کا کہنا تھا کہ وہ دنیا بھر میں ہندوستانی اور پنجابی موسیقی کو فروغ دینے کے لیے کام کر رہے ہیں اور ان کے ساتھ کام کرنے والی ٹیم بھی ہندوستانی موسیقاروں پر مشتمل ہے۔

یہ بھی پڑھئے:برطانیہ کا ہزاروں فریجوں کو ہیکر سے بچانے کے لیے خفیہ آپریشن کا آغاز: رپورٹ

دلجیت دوسانجھ کے گانوں پر جاری تنازع کے پس منظر میں چند مخصوص گانوں کے بول کو لے کر اعتراضات سامنے آئے ہیں۔ چنڈی گڑھ کے ایک کالج میں سماجیات کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر پنڈت راؤ دھریناور نے احمد آباد کنسرٹ سے قبل مطالبہ کیا تھا کہ دلجیت اپنے پروگرام میں چار مخصوص گانے شامل نہ کریں۔ان کا الزام ہے کہ ان گانوں کے بول شراب نوشی، منشیات کے استعمال اور اسلحہ کلچر کو فروغ دیتے ہیں، جس سے کم عمر بچوں پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔جن چار گانوں پر اعتراض کیا گیا ہے، ان میں شامل ہیں:۱۔ پٹیالہ پیگ ،۲۔ پنج تارا، ۳۔ جے بچو پھیم لبھیا، جٹ اتھے فائر کردا  ۔ڈاکٹر دھریناور نے ان گانوں کو کنسرٹ میں پیش نہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ اگر دلجیت نے ان گانوں کو پیش کیا تو وہ گجرات ہائی کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے توہین عدالت کی درخواست دائر کرسکتے ہیں۔انہوں نے اس معاملے میں ۲۰۱۹ء کے پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کے ایک حکم کا بھی حوالہ دیا، جس میں گانوں کے ذریعے شراب، منشیات اور تشدد کی تشہیر پر تشویش ظاہر کی گئی تھی۔ان کا موقف ہے کہ ملک میں منشیات کے خلاف بیداری پیدا کرنے کی کوششیں جاری ہیں، ایسے میں بچوں کے سامنے اس نوعیت کے گانے پیش کرنا مناسب نہیں ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ دلجیت نے اپنے خلاف اعتراضات کرنے والوں کے بارے میں بھی نسبتاً ہلکے پھلکے انداز میں بات کی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس تنازع سے کوئی خاص پریشانی نہیں ہے اور وہ اپنی موسیقی اور پروگراموں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے ناقدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں محبت کا پیغام بھیجتے ہیں، تاہم اگر کوئی انہیں مسلسل اشتعال دلانے کی کوشش کرے گا تو وہ اس کا جواب بھی دیں گے۔دلجیت نے کہا کہ وہ اپنے پروگرام کرتے رہیں گے، ٹیکس ادا کریں گے اور دنیا بھر میں پنجابی اور ہندوستانی موسیقی کو فروغ دیتے رہیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انہیں اشتعال دلانے کی کوشش نہ کی جائے، کیونکہ وہ ضرورت پڑنے پر اپنی بات کا جواب دینا بھی جانتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK