ہندوستان اور چین اگلے ماہ سے براہ راست پروازیں بحال کرکے تعلقات کو بہتر بنانے اور سفر کو آسان بنانے کی سمت ایک بڑا قدم اٹھانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ ۵؍ سال سے پروازیں بند ہیں-
EPAPER
Updated: August 12, 2025, 8:46 PM IST | New Delhi
ہندوستان اور چین اگلے ماہ سے براہ راست پروازیں بحال کرکے تعلقات کو بہتر بنانے اور سفر کو آسان بنانے کی سمت ایک بڑا قدم اٹھانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ ۵؍ سال سے پروازیں بند ہیں-
ہندوستان اور چین کے تعلقات میں بہتری کے آثار نظر آرہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اگلے ماہ ستمبر سے براہ راست پروازیں دوبارہ شروع ہو سکتی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مرکزی حکومت نے ایئر انڈیا اور انڈیگو جیسی ایئر لائنز سے کہا ہے کہ وہ چین کے لیے پروازیں شروع کرنے کی تیاری کریں۔ اس اقدام کو دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی کی جانب ایک بڑا اشارہ سمجھا جا رہا ہے۔
ہندوستان اور چین کے درمیان براہ راست پروازیں کووڈ۱۹؍ کی وبا کے بعد تقریباً۵؍ سال سے بند تھیں۔ اس کے علاوہ جون۲۰۲۰ء میں لداخ کی وادی گلوان میں دونوں ممالک کی فوجوں کے درمیان پرتشدد تصادم نے تعلقات کو مزید کشیدہ کردیا۔ یہ کئی دہائیوں میں دونوں ممالک کے درمیان سب سے سنگین فوجی تصادم تھا، جس کے بعد دونوں نے لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی)پر فوجیوں کی تعیناتی میں اضافہ کیا۔
یہ بھی پڑھیئے:ہندوستان کے۳۰۰؍امیر خاندان روزانہ۷۱۰۰؍ کروڑ کما رہے ہیں
گزشتہ چندبرسوں میں دونوں ممالک نے فوجی اور سفارتی سطح پر بات چیت کے کئی دور کئے ہیں۔ کچھ متنازع علاقوں میں کشیدگی کم کرنے کے لیے فوجیں ہٹا لی گئیں لیکن بہت سے مسائل ابھی تک حل طلب ہیں جس کی وجہ سے دونوں ممالک کے عوام متاثر ہوئے اوراس کے ساتھ ساتھ معاشی نقصان بھی ہوا۔ ہندوستان نے چینی سرمایہ کاری پر سختی کی، درآمدات کی نگرانی کی اور پروازیں بھی بند کر دی گئیں لیکن حالیہ مہینوں میں دونوں ممالک کے درمیان بات چیت میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے تعلقات میں کچھ نرمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی اس ماہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہی اجلاس کے لیے چین کے شہر تیانجن جائیں گے۔ اب دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازوں کے دوبارہ شروع ہونے سے نہ صرف سفر آسان ہو جائے گا بلکہ یہ ایک دوسرے پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی علامت بھی ہو گا۔